1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

واہ فیکٹری کے سامنے دہرے خود کش حملے میں کم از کم 70 افراد ہلاک

22 اگست 2008

امریکی صدر جورج ڈبلیو بُش نے پاکستانی شہر واہ کی اسلحہ فیکٹری کے باہر دہرے خود کُش حملے کے بعد اپنے اِس قریبی حلیف ملک کو اِس واردات کے پیچھے کارفرما عناصر تک پہنچنے میں مدد کی یقین دہانی کروائی ہے۔

https://p.dw.com/p/F2fg
ایک پاکستانی خاتون شہر واہ کے ایک ہسپتال کے باہر رکھے گئے جوتوں کی مدد سے اپنے رشتہ دار کو شناخت کرنے کی کوشش کر رہی ہےتصویر: AP

پاکستانی دارالحکومت سے تیس کلومیٹر شمال مغرب کی طرف واقع شہر واہ کی اسلحہ ساز فیکٹری کے سامنے جمعرات کے روز سہ پہر دو بجے تقریباً بیک وقت ہونے والے دو خود کُش دھماکے ملکی تاریخ میں کسی فوجی مرکز پر ہونے والے شدید ترین حملے تھے۔ اِن کے نتیجے میں اِس فیکٹری میں کام کرنے والے کم از کم 70 افراد ہلاک جبکہ تقریباً اتنے ہی زخمی ہو گئے۔

امریکی ٹیلی وژن چینل CNN کی وَیب سائیٹ پر پاکستانی پولیس کا حوالہ دیتے ہوئے مرنے والوں کی تعداد کم از کم 100 بتائی جا رہی ہے۔ دو خود کُش حملہ آوروں نے فیکٹری کے دو مختلف مرکزی دروازوں کے قریب خود کو اُس وقت تقریباً ایک ساتھ دھماکے سے اڑا دیا، جب وہاں ایک شفٹ ختم اور دوسری شروع ہو رہی تھی۔ اُس وقت سینکڑوں کارکن اِس سخت حفاظتی انتظامات والی عمارت کے اندر باہر آ جا رہے تھے۔ وسیع رقبے پر پھیلے ہوئے اِس کمپلیکس میں پندرہ مختلف فیکٹریاں ہیں، جہاں کوئی 25 تا 30 ہزار افراد ملکی اَفواج کے لئے توپیں، ٹینک اور مختلف طرح کا گولہ بارود تیار کرنے کا کام کرتے ہیں۔

Pakistan Selbstmordanschlag in Wah
پاکستانی پولیس کے اہلکار واہ فیکٹری کے باہر اُس جگہ کا معائنہ کر رہے ہیں، جہاں دو میں سے ایک خود کُش دھماکہ کیا گیاتصویر: AP

حملے کے فوراً بعد سیکیورٹی اہلکاروں نے پورے علاقے کی ناکہ بندی کر دی۔ صحافیوں کو بھی آگے جانے سے روک دیا گیا، تاکہ ہنگامی طبی امداد پہنچانے والی گاڑیاں جائے واردات پر پہنچ سکیں۔ پیر کو ریٹائرڈ جنرل پرویز مشرف کے صدارت کے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد سے یہ دوسرا دہشت پسندانہ حملہ تھا۔

قائم مقام صدر محمد میاں سومرو اور وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے اِن حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قصور وار عناصر سزا سے نہیں بچ سکیں گے۔

امریکی صدر جورج ڈبلیُو بُش نے وزیر اعظم یوسُف رضا گیلانی کے ساتھ ایک ٹیلی فون بات چیت میں اُن سے اِس واقعے پر اظہارِ افسرس کیا اور اُنہیں ہر طرح سے اپنے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ ساتھ ہی بُش نے پیر کے روز مشرف کے مستعفی ہو جانے کے بعد پاکستان کی صورتِ حال کے بارے میں بھی پاکستانی سربراہِ حکومت سے استفسار کیا۔

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل بن کی مُون نے اِس دہشت پسندانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے اور مرنے والوں کے لواحقین اور حکومتِ پاکستان کو ہمدردی کا پیغام دیا ہے۔

Süd-Koreas Außenminister Ban Ki-moon ist Kandidat für das Amt des UN-Generalsekretärs
اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مُون کی جانب سے حملے کی شدید مذمتتصویر: AP

پاکستانی تحریکِ طالبان کے ترجمان مولوی محمد عمر نے اِس حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اِسے باجَوڑ میں جاری آپریشن کی جوابی کارروائی قرار دیا ہے۔ مولوی عمر کے مطابق اگر باجَوڑ آپریشن جاری رکھا گیا تو پاکستان بھر میں اِسی طرح کے اور حملے بھی کئے جائیں گے۔

مولوی عمر نے ٹیلی فون پر خبر رساں اداروں کو بتایا:’’واہ فیکٹری ایک قاتل فیکٹری ہے، جہاں ہماری خواتین اور بچوں کو ہلاک کرنے کے لئے ہتھیار تیار کئے جاتے ہیں۔‘‘

واضح رہے کہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے افغان سرحد سے ملحقہ علاقے باجَوڑ میں اُسی طرح کا آپریشن شروع کیا تھا، جیسا کہ جولائی میں وادیء سوات میں کیا گیا تھا۔ تازہ آپریشن کے نتیجے میں باجَوڑ کے علاقے سے تقریباً تین لاکھ انسانوں کو گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔

گذشتہ سال جولائی سے پاکستان میں عسکریت پسندوں کی جانب سے پَے در پَے حملے کئے جا رہے ہیں، جن میں اب تک بڑی تعداد میں سیکیورٹی اہلکاروں سمیت سینکڑوں افراد مارے جا چکے ہیں۔