1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ورلڈ ٹونٹی ٹونٹی: بھارتی ٹیم شکست کی سلائیڈ پر

عابد حسین / ادارت : مقبول ملک17 جون 2009

ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ کا ورلڈ کپ اِختتامی منزل کے قریب ہے۔ کُل تین میچ رہ گئے ہیں۔ اِکیس جون کو ایک نیا چیمپئن سامنے آ جائے گا کیونکہ دِفاعی چیمپئن بھارت اپنے اعزاز کے دِفاع میں ناکام ہو چکا ہے۔

https://p.dw.com/p/IC3A
ٹونٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں ماہرین کے اندازوں کے مطابق جنوبی افریقہ کی ٹیم انتہائی پروفیشنل ہے۔ ٹیم کے کپتان گریم سمتھتصویر: AP

بھارت ٹونٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں منگل کو اپنا آخری میچ بھی ہار گیا۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں صرف 130 رنز بنا سکی تھی۔ جواب میں بھارت کی مضبوط ٹیم کے لئے یہ ہدف بھی بہت بڑا بن گیا۔ ایک سو تیس رنز کا تعاقب کرتے ہوئے بھارتی کرکٹ ٹیم صرف 118 رنز بنا سکی۔ آخری اوورز میں یوراج سنگھ کی موجودگی سے اندازہ لگایا جا رہا تھا کہ 25 رنز شاید بن جائیں مگر یووراج کو تیز باؤلر ڈیل سٹین نے آؤٹ کر کے میچ پر اپنی ٹیم کی گرفت مکمل کر دی۔

سست پچ پر بھارت کے باؤلرز نےجنوبی افریقہ کے بلے بازوں کو تقریباً پابند کردیا تھا۔ اہم بیٹسمین کھل کر کھیلنے میں ناکام رہے۔ پانچ کھلاڑیوں کے نقصان پر جنوبی افریقہ کی ٹیم 130 رنز بنا سکی۔ بیس اوورز میں یہ سکور کوئی بڑا ہدف تصور نہیں کیا جاتا۔ بھارتی کپتان مہندر سنگھ دھونی نے جنوبی افریقہ کے بلے بازوں کو روکنے کے لئے آٹھ باؤلر استعمال کئے۔

England vs India Twenty20 World Cup cricket match
بھارتی ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی، ایک میچ میں آؤٹ ہونے کے بعدتصویر: AP

اپنے ٹارگٹ کے حصول میں بھارت کے بلے باز ابتداء ہی سے جنوبی افریقہ کے باؤلرز کے سامنے آزادی سے کھیلنے میں مشکلات کا شکار تھے۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم کے کپتان گریم سمتھ نے بھی بیس اوورز کے لئے سات مختلف باؤلرز استعمال کئے۔ جنوبی افریقہ نے آخر میں آسان ٹارگٹ کا آسانی سے دفاع کیا اور بھارتی ٹیم کو سپر ایٹ کے مرحلے میں کوئی پوائنٹ حاصل کرنے سے دور رکھا۔ ویسے بھارتی کرکٹ ٹیم پہلے ہی ٹورنامنٹ کی دوڑ سے باہر ہوچکی ہے۔

اس سے پہلے سری لنکا نے نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کو انتہائی آسانی سے شکست دی۔ سترہ اوورز میں نیوزی لینڈ کی ساری ٹیم کو آؤٹ کردیا گیا۔ اس کامیابی کے بعد اب سری لنکا اپنے گروپ کا لیڈر بن گیا ہے۔ سری لنکا کی ٹیم نے میچ جیتنے کے لئے نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں کو 159 رنز کا ہدف دیا تھا۔

گذشتہ روز کے میچوں کے بعد سیمی فائنل مقابلوں کی ٹیمیں بھی سامنے آ گئی ہیں۔ گروپ ای کی لیڈر ٹیم جنوبی افریقہ گروپ ایف کی دوسری بہترین ٹیم پاکستان کے ساتھ میچ کھیلے گی۔ یہ ٹونٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل ہو گا جو 18 جون کو کھیلا جائے گا۔

Sri Lanka Sport Cricket Cricketspieler Muttiah Muralitharan
ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں بھی مرلی دھرن کا جادُو بول رہا ہے۔تصویر: AP

انیس جون کو دوسرا سیمی فائنل شیڈول ہے۔ گروپ ایف کی لیڈر ٹیم سری لنکا گروپ ای کی دوسری بہترین ٹیم ویسٹ انڈیز کے ساتھ نبرد آزما ہو گی۔ پہلا سیمی فائنل ٹرینٹ برِج اور دوسرا لندن کے اوول میدان پر کھیلا جائے گا جب کہ فائنل 21 جون کو لارڈز کے میدان میں ہو گا۔

سیمی فائنل ٹیموں کا جائزہ لیں تو جنوبی افریقہ کی ٹیم کو پاکستان کے مقابلے میں ہر شعبے میں برتری حاصل دکھائی دیتی ہے۔ پاکستانی ٹیم کی فیلڈنگ انتہائی کمزور ہے۔ انگلینڈ کے موسم کے ساتھ ابھی تک کھلاڑی ہم آہنگ نہیں ہو سکے ہیں۔ کیچ گِرانا اور گیند صحیح انداز میں نہ پکڑ سکنا اب پاکستانی ٹیم کے ساتھ نتھی کردیا گیا ہے۔ بڑے ہدف کا تعاقب ہو یا کم سکور کا دفاع، جنوبی افریقہ ہر اعتبار سے انتہائی پروفیشنل اور سلیقے سے کھیل کا مظاہرہ کرتی ہے۔ باؤلنگ میں عمدہ سپنرز کے ساتھ اچھے تیز باؤلر بھی موجود ہیں۔ پاکستانی ٹیم کو اچھے مورال کا سہارا ہو سکتا ہے کہ ایک وقت وہ تھا جب ٹیم ٹورنامنٹ سے خارج ہونے والی تھی اور ایک یہ کہ وہ اب سیمی فائنل کھیل رہی ہے۔ یونس خان کس انداز میں ٹیم کو سنبھالتے ہیں اور کھلاڑیوں میں جیت کا جذبہ بیدار کرتے ہیں یہ 18 جون کو واضح ہو جائے گا۔

دوسرا سیمی فائنل سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلا جانا ہے۔ یہ میچ خاصا جاندار ہو سکتا ہے۔ سری لنکا کے سپنرز خاصے کارآمد دکھائی دیتے ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے کپتان گیل ابھی تک اپنی ٹیم کو ایک اچھے یونٹ میں تبدیل کرنے میں کامیاب دکھائی دیتے ہیں۔ اسی لئے جے وردھنے کی ٹیم کے ساتھ ویسٹ انڈیز کا میچ ایک کانٹے دار مقابلہ ہو سکتا ہے۔ شائقین کو دھواں دار اور عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ دیکھنے کی امید ہے۔