1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ورلڈ کپ فٹ بال: جرمن کھلاڑیوں کا ٹیسٹ منسوخ

26 مارچ 2010

جرمنی کی قومی فٹ بال ٹیم کے کوچ Joachim Loew کے بقول وہ اس سال جنوبی افریقہ میں ہونے والے فٹ بال ورلڈ کپ کے سلسلے میں جرمن سکواڈ کے لئے کھلاڑیوں کے انتخاب سے پہلے اپریل میں ان کی کارکردگی کا مجوزہ امتحان نہیں لیں گے۔

https://p.dw.com/p/MfT9
جرمن قومی فٹ بال ٹیم کے کوچLoewتصویر: AP

جرمن کوچ کو کھلاڑیوں کی کارکردگی اور فٹنس کا جائزہ لینے کے لئے یہ کام 19 سے لے کر 21 اپریل تک کرنا تھا۔ ان تاریخوں کا تعین اس طرح کیا گیا تھا کہ یہ تکنیکی اندازہ جرمنی میں فٹ بال کی قومی چیمپیئن شپ بنڈس لیگا کے 31 ویں میچ ڈے کے فوری بعد لگایا جا سکے۔

تاہم وفاقی جرمن کوچ Joachim Loew نے جرمن فٹ بال فیڈریشن کی ویب سائٹ dfb.de کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا کہ انہوں نے اپریل میں اس مجوزہ ٹیسٹ کا ارادہ اس ئے ملتوی کیا ہے کہ اگلے ماہ کے وسط میں فٹ بال کے تمام بڑے جرمن کلب انتہائی مصروف ہوں گے۔

Logo Deutschland Fussballverband DFB
جرمن فٹ بال فیڈریشن کا لوگوتصویر: AP

اپنے اپنے شیڈول سے قطع نظر قومی سطح کے میچوں کے سلسلےمیں جرمن فٹ بال کلب ہمیشہ قومی ٹیم کی انتظامیہ سے تعاون کرتے آئے ہیں۔

اس مرتبہ تاہم وفاقی کوچ نے یہ ٹیسٹ مقررہ تاریخوں پر نہ لینے کا فیصلہ اس لئے کیا ہے کہ کھلاڑیوں کے پرفارمنس ٹیسٹ کی وجہ سے بنڈس لیگا کے کلبوں پر کوئی اضافی دباؤ نہ پڑے۔ جرمن ٹیم کے ٹرینر کے اس فیصلے کی وجوہات میں یہ بھی شامل ہے کہ اپریل کے وسط میں جرمنی میں بائرن میونخ، ہیمبرگ اور وولفس برگ کی ٹیمیں اپنے بین الاقوامی میچوں کی وجہ سے انتہائی مصروف ہوں گی۔

اس کے علاوہ شالکے، لیورکوزن، بریمن اور شٹٹ گارٹ کی ٹیمیں بھی بنڈس لیگا میں اپنے بہت فیصلہ کن میچوں کے باعث ان دنوں اضافی دباؤ میں ہوں گی۔ یوآخم لوو کے مطابق جنوبی افریقہ میں فٹ بال ورلڈ کپ کے لئے جرمن ٹیم کے حتمی انتخاب کے سلسلے میں جو سکواڈ منتخب کیا جائے گا وہ 33 کھلاڑیوں پر مشتمل ہو گا۔

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں