1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ورلڈ کپ کے لئے جرمن فٹ بال ٹیم کا اعلان

2 جون 2010

انگلینڈ اور جرمنی نے عالمی کپ فٹ بال کے لئے اپنے اپنے سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ منگل کے شام جرمن کوچ یوآخم لوو نے ورلڈ کپ کے لئے 23 رکنی حتمی ٹیم کا اعلان کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/NfGl
تصویر: AP

اس اعلان کردہ سکواڈ میں جرمن کلب ہوفن ہائم کے انڈریاس بیک کو شامل نہیں کیا گیا ہے۔ جرمن ٹیم پہلے ہی اپنے کپتان میشاعیل بالاک کے زخمی ہونے کے باعث ان کی دستیابی سے محروم ہے۔ منگل کے روز ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے جرمن کوچ نے اعتراف کیا کہ انہیں ٹیم کے لئے کھلاڑی چننے میں سخت فیصلوں سے گزرنا پڑا ہے۔ انگلش کلب چیلسی کے لئے کھیلتے ہوئے ورٹس ماؤتھ میں زخمی ہونے والے میشاعیل بالاک کے علاوہ جرمن ٹیم کو ہائیکو ویسٹرمان کی خدمات بھی دستیاب نہیں ہیں۔ اس ویک اینڈ پر ہنگری کے خلاف ایک دوستانہ میچ میں ویسٹرمان کے پاؤں کی ہڈی ٹوٹ گئی تھی۔

گزشتہ برس فروری میں جرمنی کے لئے اپنا پہلا میچ ناروے کے خلاف کھیلنے والے دفاعی کھلاڑی بیک عالمی کپ کے حتمی جرمن ٹیم میں اپنی جگہ بنانے میں ناکام رہے ہیں۔

ورلڈ کپ مقابلوں میں جرمنی اپنا پہلا میچ 13 جون کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گا۔ اس کے بعد جرمنی کو سربیا اور گھانا کی ٹیموں کا بھی مقابلہ کرنا ہو گا۔ لوو کا ترتیب دیا ہوا یہ قومی سکواڈ سات جون کو جنوبی افریقہ کے لئے پرواز کرے گا جبکہ آئندہ جمعرات کو یہ جرمن ٹیم بوسنیا ہرزیگووینا کےخلاف ایک وارم اپ میچ کھیلے گی۔

Michael Ballack
میشاعیل بالاک زخمی ہونے کے باعث ورلڈ کپ سے باہر ہو چکے ہیںتصویر: picture alliance/dpa

ورلڈ کپ کے لئے جرمن قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے نام

گول کیپرز : مانویل نوئیر (شالکے)، ٹیم ویسے (ویردر بریمن)، یورگ بُٹ(بائرن میونخ)

دفاعی کھلاڑی : ڈینس آؤگو (ہیمبرگ)، ہولگر بادشٹُوبر (بائرن میونخ)، ژیرومے بوآٹنگ (ہیمبرگ)، آرنے فریڈرش (ہیرتھا برلن)، مارسل یانسن (ہیمبرگ)، فلِپ لاہم (بائرن میونخ)، پیر میرٹیساکیر (ویردر بریمن) اور سیردار ٹاسکی (شٹٹ گارٹ)

مڈ فیلڈرز : سمی خیدیرا (شٹٹ گارٹ)، ٹونی کروُس (لیور کوزن)، مارکو مارین (ویردر بریمن)، میرسُوٹ اوسِل (ویردر بریمن)، باستیان شوائن شٹائیگر (بائرن میونخ) اور پیوتر کروچووسکی (ہیمبرگ)

سٹرائیکرز : کاکاؤ (شٹٹ گارٹ)، ماریو گومیس (بائرن میونخ)، شٹیفان کیسلِنگ (بائر لیورکوزن)، ماروزلاف کلوزے (بائرن میونخ)، تھوماس مولیر (بائرن میونخ) اور لوکاس پوڈولسکی (کولون)

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : عاطف بلوچ