1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

وزیرستان سے دہشت گردوں کی دستاویزات برآمد

30 اکتوبر 2009

امریکہ میں 2001ء کے حملوں میں ملوث مشتبہ دہشت گرد سعید باہجی کا پاسپورٹ پاکستان کے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان سے ملا ہے۔ پاکستانی فوج کا کہنا ہے کہ متعدد دستاویزات ملی ہیں، جن میں جرمن شہری باہجی کا پاسپورٹ بھی شامل ہے۔

https://p.dw.com/p/KIz0
تصویر: dpa

یہ دستاویزات جنوبی وزیرستان کے شیروانگی علاقے سے ملی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ علاقہ پاکستان میں غیرملکی بالخصوص ازبک دہشت گردوں کا مرکز رہا ہے۔ فوج نے سترہ اکتوبر سے شروع ہونے والے زمینی آپریشن میں اس علاقے کا کنٹرول حاصل کیا۔

فوج نے صحافیوں کو ایک گروپ کو جنوبی وزیرستان کا دورہ کرایا۔ اس دوران ایک نیوز بریفنگ کے دوران شیروانگی سے برآمد ہونے والی دستاویزات، اسلحہ اور طالبان کے زیراستعمال رہنے والے آلات صحافیوں کو دکھائے گئے۔

11. September 2002 - Jahrestag
سعید باہجی پر ورلڈ ٹریڈ سینٹر سمیت امریکہ پر حملوں کی سازش کا الزام ہےتصویر: AP

سعید باہجی جرمنی کے شمالی شہر ہیمبرگ میں قائم ایک سیل کا مشتبہ رکن ہے۔ اس کا تعلق گیارہ ستمبر کے حملہ آوروں کے سرغنہ محمد عطا سے بھی بتایا جاتا ہے۔

امریکی تفتیشی ادارے ایف بی آئی کا کہنا ہے کہ باہجی اور عطا ہیمبرگ میں ایک ہی اپارٹمنٹ میں رہائش پذیر تھے۔ وہ دونوں نیویارک میں حملوں سے کچھ عرصہ قبل غائب ہو گئے تھے۔

سعید باہجی کے پاسپورٹ کی تفصیلات کے مطابق وہ گیارہ ستمبر کے حملوں سے کچھ ہی دن پہلے کراچی پہنچا تھا۔ اس کا نام گیارہ ستمبر سے متعلق کمیشن رپورٹ میں بھی شامل ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق باہجی نے امریکہ پر حملوں میں ملوث مسافر طیاروں کے اغواء کاروں کے ساتھ آٹھ مہینے گزارے۔

پاکستانی فوج کا کہنا ہے کہ شیروانگی سے ملنے والی دستاویزات میں القاعدہ کے ایک سینئر رکن عامر عزیزی کی اہلیہ راقوئیل گرسیا بُرگوس کا پاسپورٹ بھی شامل ہے، جو اسپین کی شہری ہے۔ عزیزی کا تعلق مراکش سے ہے۔

اسپین کے ذرائع ابلاغ کے مطابق بُرگوس کو میڈرڈ میں 2001ء کے حملوں کے بعد سے نہیں دیکھا گیا۔ عزیزی میڈرڈ حملوں کے الزام میں مطلوب ہے اور اسے یورپ میں القاعدہ کے رہنماؤں میں سے ایک خیال کیا جاتا ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید