1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

وسیم اکرم کی اہلیہ کی تدفین

26 اکتوبر 2009

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کی اہلیہ کی آخری رسومات لاہور میں ادا کر دی گئی ہیں۔ وہ کل بھارتی شہر چنئی میں انتقال کر گئی تھیں۔

https://p.dw.com/p/KFV9
سابق پاکستانی کپتان وسیم اکرم کو کرکٹ کے حلقوں میں لیجنڈکی حیثیت حاصل ہےتصویر: AP

42 سالہ ہما وسیم کی موت حرکت قلب بند ہو جانے کے باعث ہوئی۔ چنئی کے اپالو ہسپتال کے مطابق اتوار کی صبح انہیں دل کا شدید دورہ پڑا جس کے بعد وہ جانبر نہ ہو پائیں۔

اتوار کے روز ہما وسیم کی میت ایک خصوصی طیارے کے ذریعے چنئی سے لاہور پہنچی۔ ہما وسیم کے شوہر وسیم اکرم بھی اسی طیارے کے ذریعے لاہور پہنچے۔

گزشتہ منگل کو ہما وسیم طبیعت کی ناسازی پر فضائی ایمبولینس کے ذریعے لاہور سے سنگاپور جا رہی تھیں۔ راستے میں جہاز شیڈیول کے مطابق ایندھن لینے کے لئے چنئی کے ہوائی اڈے پر اترا جہاں ہما وسیم کی طبیعت مزید بگڑ گئی تھی۔ انہیں فوری طور پر چنئی کے اپالو ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں منتقل کر دیا گیا تھا۔ ہسپتال کے ذرائع کے مطابق ہما وسیم کے جسم کے کئی اعضاء نے کام کرنا بند کر دیا تھا، جس کے بعد انہیں ابتدائی طور پر مصنوعی تنفس بھی فراہم کیا گیا۔

اپالو ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے شعبے کے ڈاکٹر رامیش ونکترامن کے مطابق ہما وسیم کو پڑنے والا دل کا دورہ انتہائی شدید تھا اور اس کے علاوہ ان کے گردوں نے بھی کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : مقبول ملک