1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

وقت ہاتھ سے نکلتا جا رہا ہے: شہباز شریف

15 مارچ 2009

مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ وقت ہاتھ سے نکلتا جا رہا ہے اور اس وقت وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو اپنا کردارادا کرنا چاہئے۔

https://p.dw.com/p/HCOj
لاہور میں ایک پولیس اہلکار مظاہرین کے خلاف آنسو گیس کا شیل فائر کرتے ہوئےتصویر: AP

عوام سے لانگ مارچ میں شرکت کی اپیل کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ گرتی ہوئی دیوار کو آخری دھکا دینے کا وقت آگیا ہے ان کا کہنا تھا کہ ’’عوام موقع ضائع نہ کریں۔ موقع کھو دیا تو عوام پچھتائیں گے۔ امتحان کی گھڑی آن پہنچی ہے۔ عوام انصاف مانگ رہے ہیں۔‘‘

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’’حکمرانوں نے لانگ مارچ روکنے کے لئے پورا ملک سیل کردیا ہے۔ پورے ملک میں دھرنے دئے جائیں گے‘‘۔


شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ نواز نے عوام کو کبھی توڑ پھوڑ کے لئے نہیں کہا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کی طرح عوامی سماعت کے ذریعے ججوں کا تقرر ہونا چاہیے۔ شہباز شریف نے کہا کہ حکمران بے نظیر بھٹو کی خواہش کا احترام کریں۔ انہوں نے کہا کہ ججوں کی بحالی اور ملک میں امن قائم کردیں میں آپ کو سلام پیش کروں گا۔ان کا کہنا تھا کہ نوا زشریف نے کہا کہ ججوں کو بحال کرنا اولین ترجیح ہے۔

شہباز شریف نے دعویٰ کیا کہ صدر زرداری نے سترہویں ترمیم کے خاتمے اور میثاق جمہوریت سے بھی انکار کیاہے۔شہباز شریف نے کہا کہ صدر زرداری نے تین بار معاہدے توڑ کر جگ ہنسائی کی۔ انہوں نے کہا کہ صدر زرداری انا چھوڑ کر ملک کے مستقبل کے بارے میں سوچیں۔