1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ومبلڈن: فائنلز کی دہلیز پر

رپورٹ:عابد حسین ، ادارت : امجد علی4 جولائی 2009

ٹینس کی دنیا کا اہم ترین سالِ رواں کا تیسرا گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ اب ختم ہونے کو ہے۔ دو دِن باقی رہ گئے ہیں۔ ہفتہ کے روز خواتین کا فائنل اور اتوار کو مردوں کا فائنل میچ کھیلا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/Igsq
سرینا ولیمزتصویر: AP

سالِ رواں کے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ ومبلڈن میں فائنل کا سٹیج تیار ہو گیا ہے۔ مردوں کے سیمی فائنل میچ مکمل ہو نے کے بعد اتوار کو مردوں کا فائنل میچ عالمی نمبر دو راجر فیڈرر اور عالمی نمبر چھ اینڈی راڈِک کے درمیان کھیلا جائے گا۔ خواتین کا فائنل امریکی خواتین کھلاڑیوں وینس ولیمز اور سیرینا ولیمز کے درمیان ہفتہ کے دِن چار جولائی کو کھیلا جائے گا۔ اِس بار مردوں اور خواتین کے فائنل مقابلوں میں تین امریکی کھلاڑی موجود ہیں۔ ایک بات ابھی سے طے ہے کہ ایک فائنل یعنی خواتین کے فائنل کی ٹرافی تو یقیناً ایک امریکی کھلاڑی ہی کے حصے میں آئے گی۔

Roger Federer
راجر فیڈررتصویر: AP

ومبلڈن کے سیمی فائنل مقابلوں میں سوئٹزر لینڈ کے راجر فیڈرر نے جرمنی کے ٹامی ہاس کو تین سیٹ کے میچ میں ہرایا۔ ٹامی ہاس نے فیڈرر کا مقابلہ کرنے کی بھرپور کوشش کی مگر فیڈرر کی مہارت کے آگے وہ بے بس رہے۔

البتہ دوسرا سیمی فائنل برطانوی شائقین کے لئے مایُوسی کا سامان لے کر آیا۔ عالمی نمبر دو برطانوی کھلاڑی اینڈی مرے کے حوالے سے اُن کے ہم وطن شائقین کو یقین تھا کہ جس مہارت کے ساتھ وہ آج کھیل رہے ہیں، اُس کے ساتھ وہ فائنل میں ضرور پہنچ جائیں گے۔ مگر امریکی کھیلاڑی اینڈی راڈِک نے شاید اپنے کیرئر کا انتہائی شاندار میچ کھیلا اور وہ ایک کانٹے دار میچ کے فاتح رہے۔

اینڈی مرے کو یقیناً اپنے پہلے سیمی فائنل میں اپنی مہارت کے مطابق کھیل نہ پیش کرنے پر مایُوسی تو ضرور ہوئی ہو گی۔ اُن کی شکست کا مقام ماہرین کے نزدیک تیسرا سیٹ تھا، جب وہ برتری حاصل کئے ہوئے تھے مگر اُن کی ایک لغزش سے اینڈی راڈِک کو ہِمت ملی اور وہ نہ صرف سیٹ جیتے بلکہ بعد میں اُسی معیار کا کھیل جاری رکھتے ہوئے وہ میچ کے فاتح بھی رہے۔ سیمی فائنل میں اینڈی راڈِک کی سروس بھی عُمدہ رہی اور وہ اِس پر پوائنٹ بھی حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

Venus Williams US Open 2002
وینس ولیمزتصویر: AP

راجرفیڈرر نے ساتویں مرتبہ ومبلڈن کے فائنل کے لئے کوالیفائی کیا ہے۔ گزشتہ سال بھی وہ فائنل میں تھے مگر تب اُن کو ہسپانوی کھلاڑی رافاعیل ندال کا سامنا تھا۔ ندال گزشتہ سال کے فاتح تھے۔ اگر فیڈرر، اتوار کو امریکی کھلاڑی راڈک کو شکست دینے میں کامیاب رہے تو وہ لیجنڈری امریکی کھلاڑی پیٹ سمپراس کا چودہ گرینڈ سلیم ٹورنامنٹس جیتنے کا ریکارڈ توڑ دیں گے۔ فیڈرر یہ ریکارڈ پہلے ہی فرنچ اوپن جیت کربرابر کر جکے ہیں۔

ومبلڈن میں آج دونوں امریکی بہنوں کے درمیان خواتین کا فائنل کھیلا جائے گا۔ اِس کے ساتھ ساتھ ولیمز سسٹرز ڈبلز کے فائنل میں بھی پہنچ گئی ہیں۔ دونوں بہنیں ڈبلز مقابلوں کی بھی دفاعی چیمپئن ہیں۔ اگر وہ ڈبلز کے اعزاز کا دفاع کرنے میں کامیاب رہتی ہیں تو وہ چوتھی مرتبہ ومبلڈن ڈبلز کی فاتح بنیں گی۔

وینس ولیمز کو اپنے اعزاز کا دفاع اپنی چھوٹی بہن سیرینا کے سامنے کرنا ہے۔ ومبلڈن کے گھاس والے کورٹ پر وینس ولیمز کا کھیل بقیہ کورٹس کے مقابلے میں انتہائی شاندار رہتا ہے اور وہ بہت عمدگی کے ساتھ کھیلتی ہیں۔ اِس مناسبت سے کہا جا سکتا ہے کہ اُن کے جیت کا پلڑا بھاری ہے۔