1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ون ڈے میں ہار کا سارا نزلہ محمد عرفان پر

13 ستمبر 2010

انگلینڈ کے خلاف اپنا دوسرا وَن ڈے میچ ہارنے کے بعد پاکستانی کپتان شاہد آفریدی نے ایک طرف وَن ڈے میچوں میں DRS نظام رائج کرنے کا مطالبہ کیا ہے تو دوسری طرف وہ خراب فیلڈنگ کرنے والے عرفان کو بھی ہدفِ تنقید بنا رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/PB5i
عرفان سے ناخوش آفریدیتصویر: AP

پانچ وَن ڈے میچوں کی سیریز کا یہ دوسرا میچ ہیڈنگلے میں کھیلا گیا اور اِس میں پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 294 رنز بنائے۔ بظاہر یہ اسکور اتنا برا نہیں تھا لیکن انگلینڈ کے بلے بازوں نے پاکستانی بالرز کی ایک نہ چلنے دی اور انگلینڈ نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 295 رنز بنا کر یہ میچ جیتتے ہوئے سیریز میں دو صفر کی سبقت حاصل کر لی۔

اِس شکست کے لئے کپتان شاہد آفریدی سب سے زیادہ قصوروار سات فٹ قد کے پاکستانی بالر محمد عرفان کو قرار دے رہے ہیں، جنہوں نے انگلینڈ ٹیم کے کپتان اینڈریو سٹراؤس کا ایک آسان کیچ چھوڑ کر اُنہیں اُس وقت آؤٹ کرنے کا سنہری موقع گنوا دیا، جب اُنہوں نے ابھی صرف 23 رنز بنائے تھے۔

بعد ازاں انگلینڈ ٹیم کے کپتان نے 126 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ سٹراؤس غالباً اُس وقت بھی آؤٹ ہو سکتے تھے، جب اُن کا اسکور ابھی صرف اڑتیس تک پہنچا تھا اور شعیب اختر کی ایک گیند پر وکٹ کیپر کامران اکمل نے دائیں جانب غوطہ لگاتے ہوئے ایک ہاتھ سے کیچ لیا تھا تاہم امپائر نے سٹراؤس کو آؤٹ نہیں دیا۔ چونکہ ٹیسٹ میچ کے برعکس وَن ڈے میچوں میں امپائر کے فیصلے کو پرکھنے کے لئے ڈی آر ایس نظام رائج نہیں ہے، اِس لئے پاکستانی ٹیم کے پاس ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے امپائر بلی ڈاکٹرووکے فیصلے کو چیلنج کرنے کا کوئی ذریعہ نہیں تھا۔ کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ ٹی ٹونٹی میں ڈی آر ایس کے لئے وقت نہیں ہوتا لیکن وَن ڈے میچوں میں اِس نظام کو ضرور رائج کیا جانا چاہئے۔

ممکن ہے آفریدی اِس نظام کے اجراء کا ذکر بھی نہ کرتے، اگر محمد عرفان نے سٹراؤس کو کیچ آؤٹ کر دیا ہوتا۔ آفریدی نے کہا: ’’عرفان سے مجھے سخت مایوسی ہوئی ہے۔ آج کل کی کرکٹ محض بیٹنگ اور بالنگ نہیں ہے، فیلڈنگ بہت ہی زیادہ اہمیت اختیار کر چکی ہے۔‘‘ شاہد آفریدی نے کہا کہ میدان میں اچھی کارکردگی کی صورت میں وہ عرفان کو ایک موقع اور دیں گے، ورنہ وہ اُس سے خوش نہیں ہیں۔ آفریدی نے امید ظاہر کی کہ باقی کے تین وَن ڈیے میچوں میں پاکستانی ٹیم زیادہ بہتر کھیل کا مظاہرہ کرے گی۔ دونوں ٹیموں کے مابین تیسرا وَن ڈے میچ آئندہ جمعے کو اوول میں کھیلا جائے گا۔

رپورٹ: امجد علی

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں