1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ووڈی ایلن کی اگلی فلم روم کے نام

8 مارچ 2011

امریکہ کے مشہور کامیڈین، اسکرپٹ رائٹر اور اداکار ووڈی ایلن نے اطالوی اخبار ’لا ری پُبلیکا‘ کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ وہ اپنی اگلی فلم اِس سال کے آخر میں روم میں شُوٹ کریں گے، جو اُنہیں بے حد پسند ہے۔

https://p.dw.com/p/10V0j
ووڈی ایلن اداکاراؤں کے گھیرے میںتصویر: AP

75 سالہ ایلن، جو ایک منجھے ہوئے کلارنٹ نواز ہیں، آج کل اطالوی دارالحکومت روم میں ہیں، جہاں وہ 26 مارچ کو اپنے نیو اورلینز جَیز بینڈ کے ساتھ ایک کنسرٹ میں اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔

ایلن کے کیریئر کی زیادہ تر فلمیں اُن کے آبائی شہر نیویارک میں شُوٹ کی گئی ہیں تاہم گزشتہ کچھ عرصے سے وہ اپنی فلموں کے لیے یورپی شہروں کو پس منظر کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔ ’میچ پوائنٹ‘ کی فلم بندی لندن میں ہوئی، ’وکی کرسٹینا بارسلونا‘ کی شُوٹنگ بارسلونا میں کی گئی جبکہ ’مِڈ نائٹ اِن پیرس‘ کی عکسبندی ظاہر ہے، پیرس میں کی گئی۔

Film Vicky Cristina Barcelona von Woody Allen
ووڈی ایلن کی اسپین میں فلمائی گئی فلم ’وکی کرسٹینا بارسلونا‘کا ایک منظرتصویر: 2008 Concorde Filmverleih GmbH

’لا ری پُبلیکا‘ کے ساتھ اپنے انٹرویو میں ووڈی ایلن نے کہا،’ہر بار کچھ ایسے لگتا ہے، جیسے مَیں اِن مقامات کے نام ایک محبت نامہ تحریر کر رہا ہوں اور اِن کے لیے اپنے جذبات کو سکرین پر پیش کر رہا ہوں۔ مجھے امید ہے کہ مَیں روم کے لیے بھی ایسا ہی کچھ کر پاؤں گا‘۔

ایلن نے روم میں فلمائی جانے والی اپنی فلم کے بارے میں مزید تفصیلات بتانے سے انکار کر دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ ابھی وہ اُس فلم کی کہانی لکھنے کے مرحلے میں ہیں اور اُس کے بارے میں پیشگی کچھ بھی کہنا عجیب سی بات ہو گی۔ اُنہوں نے کہا کہ اِس معاملے میں وہ تھوڑے سے وہمی ہیں اور ویسے بھی ابھی نہیں جانتے کہ کہانی کیسے آگے بڑھے گی۔

Woody Allen spielt auf Klarinette
ایلن منجھے ہوئے کلارنٹ نواز ہیںتصویر: AP

’ورائٹی‘ نامی میگزین نے اپنے ایک جائزے میں لکھا ہے کہ ایلن اپنی اگلی فلم روم شہر کی محبت کی وجہ سے نہیں بلکہ اِس لیے وہاں بنا رہے ہیں کہ اٹلی کی حکومت فراخدلانہ مالی تعاون فراہم کر رہی ہے۔

پیرس میں فلمائی جانے والی فلم ’مِڈ نائٹ اِن پیرس‘ میں ریچل میک ایڈمز، اوئن وِلسن، ایڈرین بروڈی اور فرانس کی خاتونِ اول برونی سارکوزی نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں اور اِسی فلم کے ساتھ مئی میں کان کے بین الاقوامی فلمی میلے کا آغاز ہو گا۔

ووڈی ایلن اٹلی میں کافی مقبول ہیں۔ اُن کی کئی فلموں کے ورلڈ پریمیئر اٹلی کے وینس فلمی میلے میں ہوئے ہیں۔ 2007ء میں ایلن کی فلم ’کیسیندراز ڈریم‘ بھی سب سے پہلے اِسی وینس میلے میں دکھائی گئی تھی۔

رپورٹ: امجد علی

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید