1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ویزہ مسائل : پاکستان کی ورلڈ کپ تیاری متاثر

Ali Amjad18 اکتوبر 2009

پاکستان ہاکی ٹیم کو گز شتہ ماہ فرانس کا ویزہ نہ ملنے اور اب ویزے میں تاخیر کی وجہ سے اسکی رواں ماہ شروع ہونے والے ورلڈ کپ کوالیفایئنگ راﺅنڈ کی تیاریاں بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔

https://p.dw.com/p/K9Wf
تصویر: AP

پروگرام کے مطابق ٹورنامنٹ میں شرکت کے لئے پاکستانی ٹیم کو پیر 19اکتوبرکے روز پیرس پہنچنا تھا مگر ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں دوسری بار جنم لینے والے ویزہ مسائل کی وجہ سے ٹیم کی بروقت روانگی ممکن نہیں ہو سکے گی۔

گز شتہ ماہ اسلام آباد میں قائم فرانسیسی سفارت خانے نے پاکستان ہاکی ٹیم کو ویزہ دینے سے صاف انکار کر دیاتھا جس سے ورلڈ کپ کوالیفائینگ راﺅنڈ کی تیاری کے لئے پاکستان کی بیلجئیم ، پولینڈاورمیزبان فرانس کے خلاف ٹیسٹ سیریز منسوخ کر نا پڑی ۔ اب31 اکتوبر سے فرانس ہی کے شہر لل میں شروع ہونے والے ورلڈ کپ کوالیفائینگ راﺅنڈ کے لئے حکومت پاکستان کی مداخلت بھی ٹیم کے ویزوں کا اجراء تاحال ممکن نہیں بنا سکی ہے۔

Feldhockey Pakistan gegen Spanien
اگر پاکستانی ٹیم کوالیفائینگ راﺅنڈ میں شرکت نہ کرسکی یا اس راؤنڈ میں کامیابی حاصل نہ کر سکی تو چار مرتبہ کی ورلڈ چیمپیئن پہلی بار ورلڈ کپ کھیلنے سے محروم رہ جائے گی ۔تصویر: AP

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکر ٹری آصف باجوہ نے ڈوئچے ویلے سے گفتگو کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ اس غیر یقینی صورتحال سے اہم عالمی ایونٹ کے لئے ٹیم کی تیاریاں متاثر ہوئی ہیں تاہم وہ اس سلسلے میں بالکل بے بس ہیں ۔ باجوہ فرانس ہاکی فیڈریشن کے غیر فعال ہونے کو موجودہ صورتحال کا ذمہ دار سمجھتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ شائد فرانس میں ہاکی ان لوگوں کے ہاتھ میں ہے جو کسی پر اثرانداز نہیں ہو سکتے۔ اس لئے فرنچ ایمبیسی نے ان کے بھجوائے گئے دعوت نامے کو زیادہ سنجیدگی سے نہیں لیا اور پاکستان ٹیم کو ویزہ دینے سے انکار کردیا، مگر اب پاکستانی وزارت داخلہ اور دفتر خارجہ کے ساتھ ہاکی کی عالمی تنظیم ایف آئی ایچ نے بھی اس معاملے میں مداخلت کی ہے جس سے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو جلد ویزہ ملنے کی توقع ہے۔

واضح رہے کہ ورلڈ کپ کوالیفائنگ راﺅنڈ 13اکتوبر سے آٹھ نومبر تک جاری رہے گا جس میں پاکستان کے علاوہ ،جاپان ، فرانس،اٹلی ، پولینڈ اور روس کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔

اگر پاکستان ہاکی ٹیم کوالیفائینگ راﺅنڈ میں شرکت نہ کرسکی یا یہ راؤنڈ نہ جیت سکی تو چار مرتبہ کی ورلڈ چیمپیئن تاریخ میں پہلی بار ورلڈ کپ کھیلنے سے محروم رہ جائے گی ۔

ورلڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ 2010 کی میزبانی اگلے برس فروری میں بھارت کے شہر دہلی کے سپرد کی گئی ہے ۔

رپورٹ: طارق سعید، لاہور

ادارت: افسر اعوان