1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ویسٹر ویلے منو چہر متقی سے تعاون کے خواستگار

17 اکتوبر 2010

جرمن وزیر خارجہ گیڈو ویسٹر ویلے نے اپنے ایرانی ہم منصب سے ذاتی طور پر درخواست کی ہے کہ وہ تہران کی طرف سے گرفتار شدہ دو جرمن باشندوں کی رہائی میں اُن کی مدد کریں۔

https://p.dw.com/p/Pfvn
وفاقی جرمن وزیر خارجہ گیڈو ویسٹر ویلےتصویر: AP

برلن میں جرمن وزارت خارجہ کے ایک ترجمان کے مطابق جرمن وزیر کی اس گزارش پر ایرانی وزیر خارجہ منو چہر متقی نے مثبت رد عمل ظاہر کیا ہے اور ویسٹر ویلے امید کر رہے ہیں کہ منوچہر اس معاملے میں خود مداخلت کریں گے۔

گزشتہ پیر کو ایران میں سلامتی اہلکاروں نے ان دو جرمن رپورٹروں کو حراست میں لے لیا تھا، اُس وقت ایرانی حکام نے کہا تھا کہ ان جرمن صحافیوں نے سکینہ محمد آشتیانی نامی اس خاتون کے بیٹے کا بغیر سرکاری اجازت کے انٹرویو لیا تھا جسے کچھ عرصہ قبل سنگسار کئے جانے کی سزا سنائی گئی تھی۔ آشتیانی کو 2006 میں ناجائز جنسی تعلقات کی وجہ سے سزائے موت سنائی گئی تھی تاہم عالمی برادری کی طرف سے اس فیصلے کے خلاف پُر زور احتجاج کے بعد ایران کی ایک عدالت نے اس خاتون کو سنائی گئی سنگساری کی سزا کو فی الوقت ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔

Irans Außenminister Manuchehr Motaki in Brüssel
جرمن وزیر خارجہ نے اپنے ایرانی ہم منصب سے براہ راست بات چیت میں جرمن باشندوں کی رہائی کا مطالبہ کیاتصویر: AP

دریں اثناء ایران کے وکیل استغاثہ غلام حُسین محسنی نے یہ انکشاف کیا کہ دو جرمن صحافیوں نے تسیلم کر لیا ہے کہ وہ بغیر جرنلسٹ ویزے کے ایران میں داخل ہوئے تھے۔ مزید یہ کہ ان دونوں کی تبریز تک رسائی میں ان کی معاونت حکومت مخالف جلا وطن گروپوں کے اراکین نے کی۔ ایرانی سرکاری خبر رساں ایجنسی کےمطابق بطور سیاح ، صحافتی کام کی اجازت نہیں ہوتی اور اس طرح یہ دونوں جرم کے مرتکب ہوئے ہیں۔

گزشتہ جمعہ کو برسلز میں ایران اور جرمنی کے وزرائے خارجہ کی ملاقات ہوئی تھی۔ اس موقع پر جرمن وزیر خارجہ نے ایرانی وزیر خارجہ کے سامنے جرمن حکومت کی طرف سے یہ امید ظاہر کی تھی کہ تہران حکومت اُن دو جرمن صحافیوں کی رہائی کو جلد از جلد ممکن بنائے گی۔

ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی IRNA کے مطابق گزشتہ جمعہ کو برسلز میں ’فرینڈز آف ڈیمو کریٹک پاکستان‘ کے اجلاس کے موقع پر جرمن وزیر خارجہ نے اپنے ایرانی ہم منصب کے ساتھ ایک علیحدہ ملاقات میں دونوں جرمن گرقتار شدگان کی رہائی کے سلسلے میں اُن کی معاونت چاہی تھی جس پر متقی نے کہا تھا کہ گرفتار شدگان کے ساتھ قانونی تقاضوں کے مطابق ہی نمٹا جائے گا۔

Iran Täbriz Bazar
جرمن باشندوں کو تبریز سے گرفتار کیا گیاتصویر: tabriznews

سکینہ محمد آشتیانی کوسن 2006 میں ایران کے شمال مغربی شہر تبریز کی دو عدالتوں نے دو مختلف مقدمات کے تحت سزائے موت سنائی تھی۔ پہلا مقدمہ سکینہ کے شوہر کے قتل میں اُس کے ملوث ہونے کے بارے میں تھا جس کے جرم میں اُسے پھانسی کی سزا سنائی گئی تھی۔ تاہم اس فیصلے کے خلاف 2007 میں دائر کی جانے والی اپیل کے بعد پھانسی کی سزا کو 10 سال کی قید کی سزا میں بدل دیا گیا تھا۔

سکینہ محمد آشتیانی پر دوسرا الزام ناجائز جنسی تعلقات سے متعلق تھا جس پر سال 2006ء میں اُن پر فرد جرم عائد کی گئی تھی اور انہی سنگسار کی سزائی سنائی گئی تھی۔ اس مقدمے کے حوالے سے بین الاقوامی سطح پر کافی ہنگامہ ہونے کے علاوہ ایران اور مغرب کے درمیان تناؤ میں بھی اضافہ ہوا تھا۔ جس کے بعد بین الاقوامی دباؤ کے نتیجے میں ایرانی حکام نے

آشتیانی کو سنگسار کرنے کی سزا معطل کرنے کا اعلان کیا جا چکا ہے۔ اُس وقت وزارت خارجہ کے ایک ترجمان رامین مہمان پرست نے سرکاری ٹیلی وژن پر بتایا تھا کہ سکینہ محمدی آشتیانی کو دی جانے والی سزائے موت پر عملدرآمد فی الحال روک دیا گیا ہے۔ مہمان پرست کے مطابق حکام کی خواہش پر اس مقدمے کی دوبارہ سماعت ہو گی۔

رپورٹ: کشور مصطفیٰ

ادارت: عابد حُسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں