1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ویسٹ انڈیز کی ٹیم اگلے پانچ برس ہر سال پاکستان میں کھیلے گی

شمشیر حیدر
13 نومبر 2017

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم سن 2018 سے ہر سال پاکستان آ کر تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ گزشتہ ماہ سری لنکا کی ٹیم بھی لاہور میں ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے آئی تھی۔

https://p.dw.com/p/2nWR9
Pakistan Kricket Muhammad Amir
تصویر: Getty Images/AFP/G. Guercia

2009 میں سری لنکا کی ٹیم پر قذافی اسٹیڈیم کے باہر حملہ ہوا تھا جس کے بعد ملک میں بین الاقوامی کرکٹ مقابلوں کا انعقاد کئی برسوں تک تعطل کا شکار رہا تھا۔ اس دوران البتہ زمبابوے کی ٹیم نے سن 2015 میں پاکستان آ کر کرکٹ کھیلی، تاہم پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی زیادہ تر سیریز یو اے ای میں کھیلی گئیں۔

پاکستان کے پاس ٹی ٹوئنٹی میں نمبر ایک بننے کا موقع

پاکستان نے میچ اور سری لنکا نے دل جیت لیے

پاکستان کرکٹ بورڈ ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے لیے طویل عرصے سے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ گزشتہ ماہ آٹھ برس قبل دہشت گردانہ حملے کا نشانہ بنائی جانے والی سری لنکا ہی کی ٹیم نے پاکستان کے خلاف بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آخری میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں آ کر کھیلا، جس کے بعد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ مقابلوں کی واپسی کی امید پیدا ہوئی۔

سری لنکا پھر پاکستان میں، کچھ پرانی یادیں بس ڈرائیور خلیل کی زبانی

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے سری لنکا کی قومی کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد کے بعد ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے ممکنہ دورہ پاکستان کا عندیہ بھی دیا تھا۔ پی سی بی کے مطابق ویسٹ انڈیز کی ٹیم اگلے برس تین ایک ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان آئے گی جس کے بعد اگلے پانچ برسوں تک یہ ٹیم ہر سال ایسی ہی ایک سیریز کھیلنے کے لیے بھی آتی رہے گی۔

مقامی پاکستانی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق اس بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا تھا، ’’ہم نے ویسٹ انڈیز کے ساتھ اگلے پانچ برسوں کے لیے معاہدہ کر لیا ہے۔ یہ معاہدہ دونوں کرکٹ بورڈز کے مابین انفرادی سطح پر کیے گئے مذاکرات کا نتیجہ ہے اور یہ دورے کا دسمبر اور جنوری میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے ترتیب دیے جانے والے ’فیوچر ٹوئر پروگرام‘ سے تعلق نہیں ہو گا۔‘‘

پی سی بی کے مطابق پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی قومی کرکٹ ٹیموں کے مابین دوطرفہ سیریز کے اس سلسلے میں پہلی سیریز کے میچ اگلے برس انتیس مارچ سے لے کر یکم اپریل تک کھیلے جائیں گے۔ تاہم ابھی تک یہ فیصلہ نہیں کیا گیا کہ اس سیریز کے میچ کن شہروں میں کھیلے جائیں گے۔

معاہدے کے مطابق ویسٹ انڈیز ٹیم کی پاکستان آمد کے جواب میں پاکستانی ٹیم بھی ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کی میزبانی میں سیریز کھیلے گی۔ ویسٹ انڈیز کی میزبانی میں کھیلے جانے والی سیریز کے میچ ممکنہ طور پر امریکا میں کھیلے جائیں گے۔ اس مجوزہ سیریز میں دونوں ٹیموں کے علاوہ کسی تیسری ٹیم کو بھی شامل کیا جائے گا۔

ون ڈے سیریز: پاکستان کے ہاتھوں سری لنکا کا وائٹ واش مکمل

ٹیم پر بوجھ نہیں بننا چاہتا، سعید اجمل کا ریٹائرمنٹ کا اعلان