1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ویسٹ انڈیز کی ٹیم ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی نئی حکمران بن گئی

طارق سعید، ایڈن گارڈن کلکتہ3 اپریل 2016

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو شکست دے دی ہے۔ انگلینڈ کے نو وکٹوں کے نقصان پر ایک سو پچپن رنز کے جواب میں ویسٹ انڈیز نے بیسویں اوور میں چھ وکٹوں کے نقصان پر ایک سو چھپن رنز کا ہدف حاصل کر لیا۔

https://p.dw.com/p/1IOoK
Indien Cricket Finale Herren England gegen West Indies ICC World Twenty20
کارلوس برتھ ویٹ نے بین اسٹوکس کو چار چھکے لگا کر اپنی ٹیم کو عالمی چیمپئن بنوا دیاتصویر: Getty Images/R. Pierse

اتوار تین اپریل کو ویسٹ انڈیز نے بھارتی شہر کلکتہ میں ایک سنسنی خیز اور ڈرامائی میچ میں انگلینڈ کو چار وکٹوں سے ہرا کر آئی سی سی عالمی ٹوئنٹی ٹوئنٹی کا فائنل جیت لیا۔ کلکتہ کے تاریخی ایڈن گارڈنز میں ساٹھ ہزار پرجوش تماشائیوں کے سامنے ویسٹ انڈیز کو آخری اوور میں انیس رنز درکار تھے۔ اس موقعے پر کارلوس برتھ ویٹ نے بین اسٹوکس کو چار چھکے لگا کر اپنی ٹیم کو عالمی چیمپئن بنوا دیا۔ ویسٹ انڈیز دو بار یہ ٹائیٹل جیتنے والی دنیا کی پہلی ٹیم ہے۔ سابق پاکستانی کپتان اور آئی سی سی کے صدر ظہیرعباس نے ویسٹ انڈین کپتان ڈیرن سیمی کو ٹرافی اور پینتیس لاکھ روپے کی انعامی رقم پیش کی۔

ایک سو چھپن رنز کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کو دوسرے اورر میں جو روٹ نے جونسن چارلس اور کرس گیل کی وکٹیں لے کر سنسنی پھیلا دی۔ بمبئی سیمی فائنل کے ہیرو لینڈل سیمنز جب صفر پر آوٹ ہوئے تو ویسٹ انڈیز کا اسکور گیارہ رنز تھا۔ اس مرحلے پر مارلن سیمویل اور ڈواین براوو نے چوتھی وکٹ کےلیے چونسٹھ رنز بنا کر امیدوں کو قائم رکھا۔ براوو کے عادل رشید کے ہاتھوں آوٹ ہونے پر انگلینڈ کی ٹیم کا پلڑا بھاری ہو گیا۔ آندرے رسل اور ڈیرن سیمی مل کر تین رنز بنا سکے۔ دونوں کو ڈیوڈ ولی نے آؤٹ کیا۔

Indien Cricket Finale Herren England gegen West Indies ICC World Twenty20
برتھ ویٹ کا فیصلہ کن چھکا لگتے ہی ایڈن گارڈن میں ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں کا جشن شروع ہو گیاتصویر: Reuters/A. Abidi

اُدھر لیکن دوسرے اینڈ پر مارلن سیمویل نے اپنے اعصاب پر قابو رکھا اور دباؤ میں نو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے نا قابل شکست پچاسی رنز بنائے اور مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا۔ وہ ورلڈ کپ فائنل میں دو بار یہ ایوارڈ جیتنے والے دنیا کے پہلے کرکٹر ہیں۔ انہیں بھارت کے سارو گنگولی نے یہ ایوارڈ دیا۔

اس سے قبل ویسٹ انڈین کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔ انگلینڈ کی ٹیم مقررہ بیس اورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر ایک سو پچپن رنز بنا سکی۔ تئیس رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد جو روٹ اور جوز بٹلر نے اپنی ٹیم کو اکسٹھ رنز کا سہارا دیا۔ لیکن آنے والے بیٹسمین بری طرح ناکام رہے۔ روٹ نے چون اور بٹلر نے چتھیس رنز بنائے۔ دیگر کھلاڑیوں میں ڈیوڈ ولی اکیس، بین اسٹوکس تیرہ اور کرس جورڈن بارہ رنز کے ساتھ انگلینڈ کی طرف سے ڈبل فگر میں داخل ہو سکے۔ ویسٹ انڈیز کی طرف سے براوو اور برتھ ویٹ نے تین تین جبکہ لیگ اسپنر سیمویل بدری نے دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔

بھارت کے سٹار بیٹسمین ویرات کوہلی کو دو سو تہتر رنز بنانے پر مین آف دی ٹورنامنٹ قرار دیا گیا۔

Indien Cricket Finale Herren England gegen West Indies ICC World Twenty20
ویسٹ انڈیز دو بار یہ ٹائیٹل جیتنے والی دنیا کی پہلی ٹیم ہےتصویر: Reuters/A. Abidi

برتھ ویٹ کا فیصلہ کن چھکا لگتے ہی ایڈن گارڈن میں ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں کا جشن شروع ہو گیا۔ ڈیواین براوو کے نئے گیت چیمپئن چیمپئن کی دھن پر کرس گیل اور دیگر کھلاڑی رقص کرتے ہوئے پچ تک چلے گئے۔ جیت کے بعد ویسٹ انڈین کپتان ڈیر سیمی کا کہنا تھا کہ وہ یہ کامیابی ویسٹ انڈین عوام کے نام منسوب کرتے ہیں۔ ڈیرن سیمی نے کہا کہ یہ کامیابی ان کا چینل نائن کے کمنٹیٹر مارک نکلس کو جواب ہے، جنہوں نے ٹورنامنٹ شروع ہونے سے پہلے کہا تھا کہ ویسٹ انڈین کھلاڑی دماغ سے عاری ہیں۔ ڈیرن سیمی نے عندیہ دیا کہ شاید وہ اب ویسٹ انڈیز کے لیے آئندہ کبھی نہ کھیل سکیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید