1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی شکست

22 اپریل 2011

پاکستان کی کرکٹ ٹیم کو میزبان ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے سیریز کے واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں شکست دے دی ہے۔ اس میچ میں پاکستانی بیٹسمین مناسب کارکردگی دکھانے سے محروم رہے۔

https://p.dw.com/p/112Ex
تصویر: AP

ویسٹ انڈیز کے ملک سینٹ لوسیا کے مشہور سیاحتی و تفریحی مقام گروس آئلیٹ میں کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی میچ میں میزبان ٹیم کے کپتان ڈیرل سیمی نے ٹاس جیت کر کھیلنے کا فیصلہ کیا۔ مقررہ بیس اوورز میں ڈیرل سیمی کی الیون نے 150 رنز بنائے۔ پاکستانی ٹیم جواب میں 143 رنز بنا سکی اور اس طرح سات رنز سے میچ ہار گئی۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں سیمنز کے 65 اور براوو کے 42 اسکور خاصے اہم تھے۔ براوو اور سیمنز نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 99 رنز کا اضافہ کیا۔ دونوں بیٹسمینوں نے تیز رفتار شراکت میں دو دو چھکے بھی لگائے۔

پابندی ختم ہونے کے بعد اپنا پہلا میح کھیلنے والے مارلن سیموئیلز صرف چار رنزبناسکے۔ پاکستان کی جانب سے عبدالرحمٰن، وہاب ریاض اور سعید اجمل دو دو کھلاڑی آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔ شاہد آفریدی اس میچ میں کوئی وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوئے۔

Umar Akmal
پاکستان کی جانب سے عمر اکمل نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیاتصویر: AP

پاکستان کی ٹیم نے ہدف کے حصول کا آغاز شاندار انداز میں نہیں کیا۔ دوسرے اوور میں محمد حفیظ اور چوتھے اوور میں دوسرے اوپنر احمد شہزاد پیویلین لوٹ گئے۔ پاکستانی ٹیم کے لیے ساتواں اوور خاصا مشکل رہا۔ اسد شفیق اور مصباح الحق کی وکٹیں گرنے سے پاکستانی ٹیم کو دھچکا پہنچا۔

دونوں کو نئے اسپنر دیونندر بیشو نے آؤٹ کیا۔ مصباح الحق نے شارٹ کھیل کر اپنے پاؤں سے بیلز گرا دیں۔ کپتان شاہد آفریدی بھی اسپن بولر بیشو کو سمجھنے سے قاصر رہے اور 12 رنز پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ آفریدی کے آؤٹ ہونے کے بعد ٹارگٹ کا حصول خاصا مشکل ہو گیا تھا۔ پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ اسکور کرنے والے کھلاڑی عمر اکمل تھے۔ وہ 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سعید اجمل 21 اسکور کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

ویسٹ انڈیز کے نئے اسپنر دیونندر بیشو نے گزشتہ دنوں ختم ہونے والے ورلڈ کپ میں پہلا میچ کھیلا تھا اور تب سے ہی ان کے کامیاب مستقبل پر بات چیت کا آغاز ہو گیا تھا۔ پاکستانی بیٹسمین بھی گروس آئلیٹ کے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ان کی اسپن گیندوں کو سمجھنے سے قاصر رہے۔ بیشو نے چار اوورز میں سترہ رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔

اس میچ میں نئے وکٹ کیپر محمد سلمان نے بین الاقوامی سطح پر اپنے پروفیشنل کیرئر کا آغاز کیا۔ وہ صرف تین رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں