1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ویمن ٹینس ایسو سی ایشن چیمپیئن شپ

رپورٹ :عابد حسین ، ادارت: افسر اعوان27 اکتوبر 2009

قطر کے دارالحکومت دوہا میں آج 27 اکتوبر سے رواں سال کے آخری اہم ترین ٹورنامنٹ WTA ٹینس چیمپیئن شپ کا آغاز ہورہا ہے۔ خواتین کے اس ٹورنامنٹ میں ٹینس کی عالمی درجہ بندی میں پہلی آٹھ خواتین کھلاڑی شرکت کرتی ہیں۔

https://p.dw.com/p/KG13
امریکی ٹینس کھلاڑی وینس اور سیرینا ولیمز: فائل فوٹوتصویر: AP

امریکی سٹار کھلاڑی سیرینا ولیمز کی بہن وینس ولیمز اِس ٹورنامنٹ میں اپنے اعزاز کا دفاع کریں گی۔ ویمن ٹینس ایسوسی ایشن کی اس چیمپیئن شپ میں یہ خواتین دوگروپوں میں تقسیم کردی گئی ہیں۔ ہرگروپ میں چار کھلاڑی ہیں۔ ایک گروپ کا نام وائٹ گروپ اور دوسرا مرُون یا عنابی گروپ رکھا گیا ہے۔ دونوں گروپوں کی کھلاڑیوں کی تفصیل کچھ یوں ہے:

وائٹ گروپ: کیرولین ووصنیاکی، ژالینا جانکووچ، دینارا سافینا اور وکٹوریہ آذا رینکا

مرُون یا عنابی گروپ: سیرینا ولیمز، وینس ولیمز، سویٹلانا کزنٹسووا اور ایلینا ڈیمینٹیوا۔

ہر گروپ کی چاروں خواتین کھلاڑی آپس میں راؤنڈ روبن یعنی ایک دوسرے کے خلاف کھیلیں گی اور ہر گروپ کی ٹاپ دو کھلاڑی سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کریں گی۔ سیمی فائنل میں کامیابی حاصل کرنے والی خواتین کھلاڑی فائنل میں مدِ مقابل ہوں گی۔ فائنل جیتنے والی خاتون کھلاڑی کو ٹرافی کے علاوہ پندرہ لاکھ ڈالر سے زائد رقم انعام میں دی جائے گی۔ منگل سے شروع ہونے والے ٹورنامنٹ کا فائنل پہلی نومبر کو کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کے پہلے دِن ولیمز سسٹرز کے میچ شیڈیول ہیں۔

Tennisspielerin Svetlana Kuznetsowa
سویٹلانا کزنٹسووا : فائل فوٹوتصویر: AP

اِس ٹورنامنٹ میں کئی اہم کھلاڑی کی عدم شرکت خاصی اہم ہے لیکن وہ عالمی درجہ بندی میں پہلی آٹھ مقامات پر فائز نہیں ہیں۔ اِن کھلاڑیوں میں یو ایس اوپن جیتنے والی کم کلائسٹرز اور ماریا شاراپووا اہم ہیں۔ کلائسٹرز عالمی رینکنگ میں اٹھارہویں اور شاراپووا چودہویں مقام پر ہیں۔

دوسری جانب عالمی نمبر ایک کے حصول کا معاملہ خاصا دلچسپ ہے کیونکہ اگر سیرینا ولیمز موجودہ عالمی نمبر ایک دینارا سافینا سے زیادہ میچ نہیں جیت سکتیں تو وہ بدستور عالمی نمبر دو رہیں گی۔ اگر دونوں خواتین برابر برابر میچ بھی جیت پاتی ہیں تو پھر بھی روسی کھلاڑی دینارا سافینا عالمی نمبر ایک کے منصب پر ہی براجمان رہیں گی۔ سیرینا ولیمز کو یہ پریشانی بھی لاحق ہے کہ گزشتہ چار ٹورنامنٹس میں صرف تین میچ جیتنے والی دینارا سافینا عالمی نمبر ایک بن گئی ہیں جب کہ وہ سارا سال کامیابیو ں کے ساتھ ہمکنار ہوتی رہیں ہیں۔

Dinara Safina
دینارا سافینا: فائل فوٹوتصویر: AP

ٹینس کی دنیا میں امریکی خاتون ٹینس کھلاڑی سیرینا ولیمز کے لئے عالمی نمبر ایک کی پوزیشن صرف دو ہفتوں کے بعد واپس لے لی گئی ہے۔ اِس بار وہ کسی ٹورنامنٹ میں نہیں ہاریں بلکہ گزشتہ دنوں ایک سپورٹس میگزین کے لئے عریاں تصاویر بنوانے کی پاداش میں ان سے یہ اعزاز واپس لیا گیا ہے۔ دو ہا پہنچنے پر وہ پریشان ہونے کے ساتھ ساتھ خاصی جھنجلائی ہوئی بھی تھیں۔ میڈیا سے بات چیت کے دوران انہوں نے ڈبلیو ٹی اے چیمپیئن شپ جیت کر عالمی نمبر ایک ہونے کا اعزاز دوبارہ حاصل کرنے کے جذبے کا بھی اظہار کیا۔ اِس کے ساتھ ساتھ سیرینا نے گزشتہ روز سے عالمی نمبر ایک بننے والی دینارا سافینا کے لئے استہزائیہ کلمات بھی کہے۔ سیرینا ولیمز کے ریمارکس پر روسی ٹینس کھلاڑی دینارا سافینا کا بھی ردعمل سامنے آیا ہے کہ وہ اب تک تین گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ کے فائنل تک رسائی حاصل کرنے کے علاروہ بےشمار رینکنگ ٹورنامنٹس کی فاتح ہیں اور اُنہوں نے عالمی نمبر ایک کا اعزار کارکردگی کی بنیاد پر حاصل کر رکھا ہے۔

تازہ عالمی درجہ بندی میں روس کی دینارا سافینا بغیر کسی گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتے ہوئےعالمی نمبر ایک ہیں۔ اِس کی وجہ سال کے دوران اہم ٹورنامنٹس میں حاصل کردہ پوائنٹس ہیں۔

یو ایس اوپن کے سیمی فائنل میں لائن کنٹرول کرنے والی خاتون کو دھمکانے پر سیرینا ولیمز کے خلاف انکوائری کا عمل ابھی جاری ہے۔ اگر جرم ثابت ہو گیا تو وہ مزید انضباطی کارروائی کا شکار ہو جائیں گی۔ اِس حوالے سے اب تک وہ دس ہزار ڈالر کا جرمانہ ادا کرچکی ہیں۔