1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

وینزویلا میں ایک لاکھ بولیوار کا نیا نوٹ، قدر صرف دو یورو

مقبول ملک اے پی
2 نومبر 2017

وینزویلا میں ﺍفراط زر کی بہت اونچی شرح کے باعث سوشلسٹ صدر مادورو ملک میں پہلی مرتبہ ایک لاکھ بولیوار کے کرنسی نوٹوں کے اجراء کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اتنی زیادہ مالیت کا یہ نیا نوٹ صرف قریب دو یورو کے برابر ہو گا۔

https://p.dw.com/p/2muuR
صدر مادورو اور ایک لاکھ بولیوار کا نیا نوٹ: نوٹ پر 100 لکھا ہے، جس کا مطلب 100 ہزار بولیوار ہےتصویر: Reuters/Miralores Palace

وینزویلا کے دارالحکومت کراکس سے جمعرات دو نومبر کو ملنے والی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں طویل عرصے سے پائی جانے والی افراط زر کی بہت اونچی شرح کے خلاف ریاست کے مالیاتی اقدامات کے ایک حصے کے طور پر صدر مادورو نے ملکی کابینہ کے ایک اجلاس میں وزراء کو نئے متعارف کرائے جانے والے اس نوٹ کی ایک بہت بڑی تعارفی نقل بھی دکھائی۔

Deutschland Kloster Maulbronn
وینزویلا کی بلیک مارکیٹ میں ایک لاکھ بولیوار محض دو یورو بنتے ہیںتصویر: picture alliance/dpa/U. Deck

یہ نیا کرنسی نوٹ اس ملک کی تاریخ میں عوامی سطح پر گردش کرنے والا سب سے زیادہ مالیت کا نوٹ ہو گا۔ بتایا گیا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ایسی صورت حال سے بچنا ہے کہ وینزویلا کے عوام خریداری کے لیے جاتے وقت نوٹوں سے بھرے ہوئے تھیلے ساتھ لے جانے پر مجبور ہو جائیں۔

اس موقع پر صدر مادورو نے یہ اعلان بھی کیا کہ ایک لاکھ بولیوار کا یہ نیا کرنسی نوٹ اسی ہفتے اجراء کے بعد عوامی سطح پر استعمال کیا جا سکے گا۔ ملک میں زر مبادلہ کی بلیک مارکیٹ میں یہ نیا نوٹ ڈھائی امریکی ڈالر سے بھی کم کی قدر کا حامل ہو گا جبکہ اسی بلیک مارکیٹ میں اس نوٹ کی قدر صرف قریب دو یورو کے برابر ہو گی۔

وینزویلا میں عوام کو طویل عرصے سے جاری اقتصادی بحران اور مالیاتی مشکلات کے ساتھ ساتھ افراط ز ر کی بہت اونچی شرح کا بھی سامنا ہے۔ اس کے علاوہ وہاں گزشتہ کافی عرصے سے عوام حکمرانوں کے خلاف وسیع تر احتجاجی مظاہرے بھی کرتے رہے ہیں۔

وینزویلا کے خلاف عسکری کارروائی خارج از امکان نہیں، ٹرمپ

وینزویلا کا خونی الیکشن، انتخابی عمل متنازعہ، نتائج مسترد

وینزویلا: سپریم کورٹ پر حملہ دہشت گردانہ کارروائی ہے، صدر مادورو

اس پس منظر میں کابینہ کے کل بدھ یکم نومبر کو ہونے والے اجلاس کے بعد ملکی صدر مادورو نے قومی ٹیلی وژن پر یہ اعلان بھی کیا کہ ایک لاکھ بولیوار کا نیا نوٹ جاری کرنے کے علاوہ حکومت نے یہ فیصلہ بھی کیا ہے کہ عام کارکنوں کی کم از کم اجرت میں بھی 30 فیصد اضافہ کر دیا جائے گا۔

Venezeula Maracaibo Gouverneur Juan Pablo Guanipa Zulia Tränengas
وینزویلا کو سیاسی بحران اور شدید اقتصادی مسائل کے علاوہ بہت زیادہ مالیاتی مشکلات کا بھی سامنا ہےتصویر: Reuters/I. Urrutia

اسی دوران کئی ماہرین اقتصادیات نے خبردار کیا ہے کہ وینزویلا تیل سے مالا مال ایک ایسا ملک ہے، جو اپنے آمدنی کا ایک بہت بڑا حصہ تیل کی برآمدات سے حاصل کرتا ہے۔ لیکن اس ملک میں شدید سماجی بے چینی بھی پائی جاتی ہے۔

وینزویلا کے سیاسی بحران کا نیا رُخ، سپریم کورٹ بھی میدان میں

وینزویلا کا سیاسی انتشار اور ناوابستہ تحریک کی سمٹ

وینزویلا: بجلی کا بحران، خواتین ہیئر ڈرائیر کم استعمال کریں

ان حالات میں صدر مادورو نے ایک لاکھ بولیوار کا جو نیا نوٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس کا ممکنہ طور پر یہ نتیجہ بھی نکل سکتا ہے کہ ملک میں افراط زر کی شرح اور بھی زیادہ ہو جائے۔

حکومت کے مطابق ’عارضی مالیاتی اقدام کے طور پر‘ عنقریب متعارف کرائے جانے والے ایک لاکھ بولیوار کے نوٹ سے پہلے ملک میں سب سے زیادہ مالیت کا جو نوٹ اب تک گردش میں ہے، وہ 20 ہزار بولیوار کا ہے، لیکن وہ بھی 50 امریکی سینٹ کے برابر بنتا ہے۔