1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

وینکوور اولمپکس: میڈل ٹیبل پر سوئٹزرلینڈ آگے

16 فروری 2010

کینیڈا کے شہر وینکوور میں جاری اکیسویں سرمائی اولمپک مقابلوں کے تیسرے روز یورپی وقت کے مطابق منگل کی صبح تک چودہ مختلف شعبوں میں فائنل مقابلے مکمل ہو چکے تھے اور سوئٹزرلینڈ سونے کے تین تمغوں کے ساتھ پہلے نمبر پر تھا۔

https://p.dw.com/p/M2YF
خواتین کی تین ہزار میٹر کی دوڑ میں چاندی کا تمغہ جیتنے والی جرمن کھلاڑی شٹیفانی بیکرٹتصویر: AP

تب تک دوسرے اور تیسرے نمبر پر امریکہ اور فرانس تھے جن کے کھلاڑی سونے کے دو دو تمغے جیت چکے تھے۔ مجموعی طور پر وینکوور میں مقامی وقت کے مطابق پیر کی شام تک چودہ شعبوں میں سونے، چاندی اور کانسی کے کل بیالیس میڈل دئے جا چکے تھے اور اپنے کھلاڑیوں کے تمغوں کی مجموعی تعداد کے حوالے سے، جو آٹھ بنتی تھی، امریکہ پہلے نمبر پر تھا۔ ان میں سونے اور چاندی کے دو دو اور کانسی کے چار میڈل شامل تھے۔

Vancouver Didier Defago
ڈاؤن ہل ریس کے فاتح سوئس کھلاڑی ڈیفاگوتصویر: picture alliance/ dpa

وینکوور اولمپکس کے تیسرے روز کے زیادہ تر مقابلے مکمل ہو جانے کے بعد میڈل ٹیبل پر جرمنی چوتھے نمبر پر تھا جس کے کھلاڑی تب تک چار میڈل جیت چکے تھے۔ ان میں سونے کا ایک اور چاندی کے تین میڈل شامل تھے۔

وینکوور کے نواح میں سائپریس ماؤنٹین کے مقام پر پیر کی شام مکمل ہونے والے مرد کھلاڑیوں کے اسنو بورڈنگ کے کراس مقابلوں میں پہلی پوزیشن امریکہ کے ٹونی ویسکاٹ نے حاصل کی۔ دوسرے نمبر پر کینیڈا کے مائیک روبرٹسن اور تیسرے نمبر پر فرانس کے ٹونی راموئیں رہے۔

امریکی کھلاڑی سیتھ ’ٹونی‘ ویسکاٹ کے بارے میں خاص بات یہ ہے کہ وہ ان مقابلوں میں اپنے اس اعزاز کا دفاع کر رہے تھے جو انہوں نے چار سال قبل اٹلی کے شہر ٹیورین میں اسنو بورڈنگ کراس مقابلوں میں گولڈ میڈل کے ساتھ حاصل کیا تھا۔

تینتیس سالہ اولمپک چیمپئین ویسکاٹ نے نہ صرف سائپریس ماؤنٹین میں اپنے اعزاز کا کامیابی سے دفاع کیا بلکہ وہ ونٹر اولمپکس کی تاریخ میں اس شعبے میں دو مرتبہ گولڈ میڈل حاصل کرنے والے پہلے کھلاڑی بھی بن گئے۔ وینکوور میں دوسری مرتبہ اولمپک چیمپئین بننے والے ٹونی ویسکاٹ اسنو بورڈنگ کے کراس مقابلوں کے عالمی چیمپئین بھی رہ چکے ہیں۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں