1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ویٹی کن کا اجلاس اسرائیل پر سیاسی حملے کی نشست بنا، یروشلم حکام

25 اکتوبر 2010

اسرائیل نے مشرقِ وسطیٰ کے کیتھولک رہنماؤں کی جانب سے فلسطین تنازعے پر بیان کی مذمت کی ہے۔ یروشلم حکومت نے اس بیان کو ’سیاسی حملہ‘ قرار دیا ہے۔ یہ بیان کیتھولک بشپس کی روم میں منعقد کانفرنس کے اختتام پر جاری کیا گیا۔

https://p.dw.com/p/Pmak
مصری بشپ اور پوپ کی ملاقاتتصویر: AP

اسرائیل کے نائب وزیر خارجہ ڈینی آیالون نے اتوار کو بشپس کے بیان کے ردِ عمل میں کہا، ’ہمیں اس بات پر بہت مایوسی ہوئی کہ ویٹی کن کا یہ اجلاس اسرائیل پر ایسے سیاسی حملے کا فورم بنا، جو عرب پروپیگنڈے کی تاریخ رہا ہے۔ ‘

انہوں نے کہا کہ یہ اجلاس اسرائیل مخالف اکثریت نے ہائی جیک کر لیا تھا۔ آیالون نے کہا کہ انہیں ان بیانات سے ذاتی طور پر بہت دُکھ پہنچا۔ انہوں نے کہا، ’ہم ویٹی کن پر زور دیتے ہیں کہ وہ آرچ بشپ سرل سلیم بسٹروس کے بیانات سے لاتعلقی ظاہر کرے، جو یہودی شہریوں اور اسرائیلی ریاست کے خلاف ہیں۔ ان بیانات کو ویٹی کن کا سرکاری مؤقف نہیں بننا چاہئے۔‘

ویٹی کن کے اجلاس کا اختتامی اعلامیہ جاری کرنے والے کمیشن کے سربراہ آرچ بشپ سرل سلیم بسٹروس نے بھی ایک بیان میں کہا تھا کہ وعدے کی سرزمین کے بارے میں بائبل کے موضوع کو اسرائیل میں یہودیوں کی واپسی اور وہاں سے فلسطینیوں کی بے دخلی کے لئے بنیاد نہیں بنایا جانا چاہئے۔

Papst Benedikt im Petersdom
پاپائے روم بینیڈکٹ شانزدہمتصویر: AP

خیال رہے کہ مذہبی نظریات رکھنے والے بیشتر یہودیوں کا خیال ہے کہ اسرائیلی سرزمین انہیں خدا کی طرف سے ملی ہے اور وہ مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم میں آباد کاری کو درست قرار دینے کے لئے بائبل کے حوالے استعمال کرتے ہیں۔

تاہم روم میں طویل اجلاس کے بعد ہفتہ کو مشرقِ وسطیٰ میں کیتھولک کلیسا کے رہنماؤں نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادیں تسلیم کرتے ہوئے عرب سرزمین کا ’قبضہ’ چھوڑ دے۔ کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ بینیڈکٹ شانزدہم نے مشرقِ وسطیٰ کے کلیسائی رہنماؤں (بشپس) کو مدعو کیا تھا، جن کا اجلاس دو ہفتے جاری رہا، جس میں اسرائیل سے کہا گیا کہ وہ فلسطینیوں کے خلاف ’ناانصافیوں‘ کو درست قرار دینے کے لئے بائبل کو استعمال نہ کرے۔

کلیسائی رہنماؤں نے عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ 1967ء میں اختیار کی گئی سلامتی کونسل کی قرارداد پر عمل درآمد کرایا جائے، جس میں اسرائیل پر اسی برس چھ روزہ جنگ کے دوران حاصل کئے گئے عرب علاقوں کو چھوڑنے کے لئے کہا گیا ہے۔

انہوں نے کہا، ’اسی صورت میں فلسطینی عوام کو ایک آزاد اور خودمختار ریاست حاصل ہو سکے گی، جہاں وہ عزت اور سلامتی سے رہ سکیں جبکہ اسرائیل کو بھی امن اور سلامتی حاصل ہو گی۔’

دوسری جانب فلسطینی رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کے بشپس کی جانب سے جاری کردہ اس بیان کا خیرمقدم کیا ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں