1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

يورپی يونين: مالياتی اداروں کی زيادہ سخت نگرانی

3 جنوری 2011

س سال يورپی يونين نے اپنے تين نئے نگران ادارے قائم کئے ہيں، جنہوں نے يکم جنوری سے باقاعدہ کام کرنا بھی شروع کر ديا ہے۔ يہ ادارے بينکوں، اسٹاک ايکسچينج اور بيمہ کمپنيوں کی نگرانی کريں گے۔

https://p.dw.com/p/zszz
يورپی مرکزی بينک کے صدر ژاں کلود تريشےتصویر: picture alliance / dpa

 يہ يورپی مالياتی منڈیو‌ں میں اصلاحات کے پروگرام کا ايک حصہ ہے اور اس سے بڑی اميديں قائم کی جا رہی ہيں۔

ان تين نگران اداروں کے ناموں کے مخفف EBA، ESMA اور EIOPA ہيں۔ يہ مالياتی منڈيوں کے غير شفاف معاملات کو بہتر طور پر گرفت ميں لينے کے يورپی عزم  کی علامت ہيں۔ بينکوں، اسٹاک ايکسچينج اور پرائز بانڈزکی منڈی اور بيمہ کمپنيوں کی نگرانی کے يہ تين نئے ادارے، ہٹ دھرم دھوکے بازوں، غير محتاط بينکوں اور بہتری پر آمادہ نہ ہونے والی، قرضہ لينے والے ممالک کی مالياتی ساکھ کا تعين کرنے والی ريٹنگ فرموں پر سختی سے نظر رکھيں گے۔ اس طرح وہ اپنے سے پہلے کے اداروں سے يکسر مختلف ہوں گے، جو اصولی طور پر صرف قومی نگران اداروں کے ورکنگ گروپ تھے۔ يورپی يونين کے رکن ملکوں اور يورپی پارليمنٹ نے بہت دشوار مذاکرات کے بعد ان نگران مالياتی اداروں کے قيام کی منظوری دی تھی۔ نئے اداروں کو پہلے سے کہيں زيادہ اختيارات ديے گئے ہيں۔ يورپی کمشنر بارنيئر نے اسے مالياتی منڈی کے کنٹرول کے ايک نئے يورپی نظام کی روح قرار ديا:

’’يہ وہ پہلا بڑا سبق ہے، جو ہم نے مالياتی بحران سے سيکھا ہے کيونکہ يہ بحران، بڑی حد تک نگرانی کا مؤثر انتظام نہ ہونے کی وجہ سے پيدا ہوا تھا۔‘‘

NO FLASH Brüssel ECOFIN Finanminister EU Gipfel
برسلز ميں يورپی وزرائے مالياتتصویر: AP

گرين پارٹی کے يورپی پارليمانی رکن سوين گيگولڈ کے خيال ميں اگر نگرانی کا يہ نيا نظام پہلے ہی سے نافذ کر ديا گيا ہوتا تو پھر آئرلينڈ کے، اس کے بينکوں کے ساتھ پيدا ہونے والے مسائل سے بچا جا سکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آئرلينڈ ميں مالیاتی نگرانی کا کام صحيح طور پر انجام نہيں ديا گيا تھا۔ اسے نظر انداز کر ديا گيا تھا کہ بينکوں نے ضرورت سے زيادہ خطرات مول لیے تھے، جو کہ نئے نگران اداروں اور ضوابط کی صورت ميں ممکن نہ ہوتا۔

Proteste gegen irisches Sparpaket in Dublin erwartet NO FLASH
ڈبلن ميں حکومتی بچت پروگرام کے خلاف مظاہرےتصویر: AP

یہ تینوں نئے یورپی نگران ادارے پورے يورپ ميں پھيلے ہوئے ہيں۔ ان میں سے بينکوں کا نگران ادارہ لندن ميں، اسٹاک ايکسچينج کی نگرانی کا ادارہ پيرس ميں اور بيمہ کمپنيوں اور پينشن فنڈز کی نگرانی کرنے والا ادارہ فرينکفرٹ ميں قائم کیا گیا ہے۔

رپورٹ: شہاب احمد صدیقی

ادارت: مقبول ملک