1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹاپ آرڈر پھر ناکام ، ویسٹ انڈیز کی گرفت مضبوط

21 مئی 2011

سینٹ کیٹس میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کے اختتام پر پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے چھ وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنا لیے ہیں۔

https://p.dw.com/p/11Kj3
عمر اکمل نے نصف سنچری بنائیتصویر: AP

بارش سے متاثرہ پہلے دن کے دوران صرف 73.2 اوور ہی ممکن ہو سکے۔ پہلے دن کے کھیل کے دوران ویسٹ انڈیز کے بولروں کی عمدہ بولنگ نے پاکستانی بلے بازوں کو پریشان کر دیا۔ ایک مرتبہ پھر روی رام پال اور بشو نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا اور پاکستانی ٹیم کے اوپنر کوئی بہتر کارکردگی دکھانے میں ناکام ہو گئے۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم اوپنر کھلاڑی توفیق عمر اور محمد حفیظ کے ساتھ ٹو ڈاؤن بلے باز اسد شفیق جلد ہی آؤٹ ہو گئے۔

کپتان مصباح الحق جب بیٹنگ کرنے کے لیے آئے، تو چوبیس اسکور پر تین کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔ توفیق عمر 8، محمد حفیظ 11 جبکہ اسد شفیق کوئی اسکور بنائے بغیر ہی آؤٹ ہوئے۔ ان تینوں کو روی رام پال نے آؤٹ کیا۔

Flash-Galerie Cricket Spieler Pakistan Misbah-ul-Haq
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق 25 رنز بنا سکےتصویر: APImages

مصباح الحق اور اظہرعلی نے کچھ ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا لیکن مصباح الحق 25 کےانفرادی اسکور پر دیویندر بشو کی ایک عمدہ گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ اس وقت پاکستان کا مجموعی اسکور 74 تھا۔

بعد ازاں عمراکمل اور اظہر علی نے ٹیم کو سہارا دیا اور مجموعی اسکور167 تک پہنچا دیا۔ دونوں نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 93 رنز بنائے۔ عمر اکمل نے 56 رنز بنائے جبکہ اظہر علی 67 بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ان دونوں کے آؤٹ ہونے سے قبل بارش کی وجہ سے میچ کئی مرتبہ روکنا پڑا۔

کم روشنی کی وجہ سے جب پہلے دن کا کھیل مقررہ اوورز سے پہلے ہی روکنا پڑا، تو پاکستانی ٹیم نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنائے تھے۔ پہلے دن کے اختتام پر وکٹ کیپر بلے باز محمد سلمان 8 جبکہ آل راؤنڈر عبدالرحمان 1 کے انفرادی اسکور پر ناٹ آؤٹ تھے۔

دو ٹیسٹ میچوں کی اس سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو شکست دی تھی۔ اس وقت میزبان ٹیم کو اس سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید