1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹرمپ کو الیکٹورل ووٹوں کی برتری حاصل: نیو یارک ٹائمز

9 نومبر 2016

امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز میں چھپنے والی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق صدارتی انتخابات کے اب تک سامنے آنے والے نتائج سے یہ تاثر مل رہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کے اگلے صدر ہوں گے۔

https://p.dw.com/p/2SO8z
USA Präsidentschaftswahl Donald Trump
تصویر: Reuters/J. Ernst

نیو یارک ٹائمز کے مطابق ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی ڈیموکریٹ امیدوار ہلیری کلنٹن پر سبقت لے جانے کے امکانات 54 فیصد تک پہنچ گئے ہیں۔ گزشتہ گھنٹوں کے دوران ٹرمپ کو اب تک ملنے والے الیکٹورل ووٹوں کی تعداد اس امر کی نشاندہی کر رہی ہے کہ ممکنہ طور پر ٹرمپ اب تک لگائے جانے والے اندازوں سے کہیں زیادہ تعداد میں الیکٹورل ووٹ حاصل کر لیں گے۔ یہ پہلی بار ہوا ہے کہ نیو یارک ٹائمز میں ٹرمپ کی کلنٹن پر سبقت کے حتمی ہونے کا تاثردیا جا رہا ہے۔

USA Wahlkampf Demokraten Hillary Clinton in Manchester, New Hampshire
تصویر: Reuters/B. Snyder

نیو یارک ٹائمز تاہم یہ تحریر کر رہا ہے کہ دونوں صدارتی امیدواروں کے مابین الیکٹورل ووٹوں کی تقسیم ناقابل یقین حد تک قریب ہو گی اور پیشگوئی یہ ہے کہ مقابلہ کانٹے کا ہوگا اور ہلیری اور ٹرمپ کے مابین ٹائی بھی پڑ سکتی ہے۔ اب تک کے اندازوں کے مطابق گرچہ اس بات کی قوی امید ہے کہ ہلیری کلنٹن دو سے تین فیصد تک پاپولر ووٹ حاصل کر لیں گی تاہم اس سے ٹرمپ کی برتری میں فرق نہیں آئے گا کیونکہ پیشگوئی یہی ہے کہ ٹرمپ کو الیکٹورل ووٹ زیادہ مل جائیں گے جو اُن کی جیت کو یقینی بنا دیں گے۔

اُدھر ٹرمپ کے ممکنہ طور پر امریکی صدربننے کی پیشگوئی نے پوری دنیا میں ہلچل مچا دی ہے خاص طور سے بازار حصص میں۔ بیرون ملک کی مالیاتی منڈیوں جن میں ایشیائی مارکیٹس بھی شامل ہیں، میں تیزی سے گراوٹ دیکھنے میں آ رہی ہے۔ کرنسی کی قیمتوں میں بھی خاصا اتار چڑھاؤ دیکھا جا رہا ہے۔ میکسیکو کے پیسو کی قیمت میں کمی آئی ہے جب کہ جاپان کی کرنسی ین کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے۔ تاہم ٹوکیو اسٹاک ایکسچینج میں ساڑھے پانچ فیصد کمی بھی دیکھی گئی۔

حصص بازار کے تاجروں نے ہلیری کی جیت کی توقع کی تھی ایسے میں اگر مقابلہ سخت بھی ہو تو بازار گراوٹ کا شکار ہو سکتا ہے۔