1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹرمپ کی فتح مہاجرت پر بحث کو ہوا دے سکتی ہے: میرکل

صائمہ حیدر
15 نومبر 2016

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ امریکی صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی حالیہ فتح جرمنی میں مہاجرین کے بحران کے معاملے پر بحث کو ہوا دے سکتی ہے۔

https://p.dw.com/p/2SiSf
Berlin Angela Merkel - Johann N. Schneider-Ammann
میرکل کا کہنا تھا،’’ ہم سب کو چاہیے کہ ایک وسیع النظر جرمنی کے لیے اب مہاجرین کے بحران کے معاملے پر دو ٹوک الفاظ میں بات کریں‘‘تصویر: picture-alliance/AA/M. Gambarini

چانسلر میرکل نے جرمن عوام سے کہا ہے کہ مہاجرین کے معاملے پر اُنہیں  ’کشادہ دل‘ جرمنی کا ساتھ دینا ہو گا۔ نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جرمن چانسلر انگیلا میرکل کے جرمنی میں ایک ملین کے قریب مہاجرین کو داخلے کی اجازت دینے کے فیصلے کو ’پاگل پن‘ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا تھا۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میرکل کے اس فیصلے سے جرائم میں اضافہ ہوا۔

جرمنی میں مہاجرت کے مسئلے کے حل کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات پر امریکی انتخابات میں ٹرمپ کی فتح کے اثرات سے متعلق صحافیوں کے  سوال کے جواب میں گزشتہ روز چودہ نومبر کو میرکل کا کہنا تھا،’’ ہم سب کو چاہیے کہ ایک وسیع النظر جرمنی کے لیے اب مہاجرین کے بحران کے معاملے پر برملا اور دو ٹوک الفاظ میں بات کریں۔‘‘  میرکل نے مزید کہاکہ،’’ مذہب، قومیت اور صنفی امتیاز سے بالا تر ہو کر  ہر انسان کی عزت کرنا واجب ہے۔ یہی وہ خاصیت ہے جو ہمیں رہنمائی فراہم کرتی ہے اور ہم اسی کی حمایت میں ڈٹے ہوئے ہیں۔‘‘

 جرمنی کے وفاقی نائب چانسلر زیگمار گابریئل نے بھی ٹرمپ کے مہاجرین مخالف بیانات پر تبصرہ کرتے ہوئے نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک نئی آمرانہ عالمی تحریک کا سرخیل قرار دیا ہے۔

USA | Donald Trump
ٹرمپ نے میرکل کے جرمنی میں ایک ملین کے قریب مہاجرین کو داخلے کی اجازت دینے کے فیصلے کو پاگل پن قرار دیا تھاتصویر: Getty Images/AFP/M. Ngan

 توقع کی جا رہی ہے چانسلر انگیلا میرکل آئندہ برس ستمبر میں ہونے والے انتخابات میں چوتھی مدت کے لیے کھڑی ہوں گی تاہم جرمنی میں تارکینِ وطن کے  آزادانہ داخلے کی میرکل کی پالیسی نے اُن کے بہت سے ووٹرز کو ناراض کیا ہے۔

 پناہ گزینوں کو جرمنی میں کھلے دل سے خوش آمدید کہنے کے حوالے سے جہاں چانسلر میرکل کے بیرون ملک مداحوں میں اضافہ ہوا، وہیں تارکین وطن کی مخالف اور دائیں بازو کی عوامیت پسند جماعت ’آلٹرنیٹیو فار جرمنی‘ یا اے ایف ڈی کو بھی داخلی طور پر مزید پھلنے پھولنےکا موقع ملا۔

 سیاسی منظر نامے پر دائیں بازو کی مہاجر مخالف سیاسی جماعت اے ایف ڈی نے اس معاملے میں میرکل کو کھلے عام تنقید کا نشانہ بنایا اور اسی باعث اس پارٹی کی عوامی حمایت میں اضافہ بھی ہوا۔ اے ایف ڈی حالیہ ریاستی انتخابات میں خاطر خواہ کامیابیاں حاصل کرنے میں بھی کامیاب رہی۔