1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’ٹرمپ کی ٹیم کے روس کے ساتھ مبینہ رابطوں کی تحقیقات جاری ہے‘

20 مارچ 2017

امریکی وفاقی تفتیشی ادارے ایف بی آئی کے ڈائریکٹر نے پہلی مرتبہ تصدیق کی ہے کہ ان کا ادارہ گزشتہ برس ہوئے امریکی صدارتی انتخابات میں مبینہ روسی مداخلت کے معاملے کی تحقیقات کر رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/2ZavA
USA James Comey FBI Director Anhörung in Washington
تصویر: Reuters/J. Roberts

ایف بی آئی کے ڈائریکٹر جیمز کومی کے مطابق اس وقت تحقیقات جاری ہیں کہ آیا ماسکو حکومت نے امریکی انتخابات پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی تھی یا نہیں۔ اس موقع پر کومی نے کہا کہ یہ خاص قسم کی تفتیش ہے اور ابھی جاری بھی ہے، اس وجہ سے وہ اس بارے میں ابھی مزید بتا نہیں سکتے کہ ان کا ادارہ کیا کر رہا ہے اور کون اس عمل کی نگرانی پر مامور ہے۔

Donald Trump US Präsident
تصویر: Reuters/J. Bourg

یہ بات انہوں نے ایوان نمائندگان کی خفیہ کمیٹی کے سامنے بیان دیتے ہوئے کہی۔ کانگریس کی اس انٹیلیجنس کمیٹی نے آج کومی سے روس کی امریکی انتخابات میں مبینہ مداخلت کے موضوع پر ہی سوال جواب کیے۔ اس دوران ان سے یہ بھی پوچھا گیا کہ آیا ماسکو کے سرگرم افراد اور ٹرمپ کی انتخابی مہم کے درمیان بھی روابط تھے یا نہیں۔

ایف بی آئی کے ڈائریکٹر جیمز کومی نے اپنے آج کے بیان میں ان الزامات کو بھی مسترد کیا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیلیفون خفیہ طور پر سننے گئے ہیں۔

اس سے قبل سابق امریکی صدر باراک اوباما بھی کہہ چکے ہیں کہ جب کبھی بھی کسی غیر ملکی حکومت کی موجوگی امریکی انتخابی عمل میں محسوس کی گئی تو امریکی قوم نے اُس کے خلاف ردعمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا تھا کہ اس بار بھی ایسا ہی کیا جائے گا۔

آج کل  امریکی صدارتی انتخابات میں روسی صدر کے اثرانداز ہونے کا معاملہ خاصا گرم ہے۔تاہم امریکی الیکشن میں روسی مداخلت کے ان مبینہ الزامات کی روسی حکومت نے واضح انداز میں تردید کی ہے۔