1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹرین حادثہ، مال گاڑی کا ڈرائیور شامل تفتیش

1 فروری 2011

جرمن حکام نے کہا ہے کہ ریل حادثے میں مال گاڑی کے زندہ بچ جانے والے ڈرائیور سے باقاعدہ طور پر تفتیش کی جارہی ہے۔ ہفتہ کی شب ہونے والے اس حادثے میں 11 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے تھے۔

https://p.dw.com/p/1089s
تصویر: dapd

جرمن خبررساں ادارے ڈی پی اے نے جرمن حکام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ مال بردار گاڑی کے ڈرائیور سے کی جانے والی ابتدائی تفتیش میں غفلت برتنے کی وجہ سے قتل کے عوامل پرغور کیا جا رہا ہے۔

ہفتہ کی شب ماگڈے برگ میں یہ حادثہ اس وقت رونما ہوا تھا، جب ایک مال بردار ریل گاڑی، مخالف سمت سے آتی ہوئی مسافر بردار گاڑی سے ٹکڑا گئی تھی۔ مال بردار گاڑی پر زرعی اراضی کو زرخیز کرنے والا 27 سو ٹن سفید چونا لدا ہوا تھا۔

پولیس اس امکان پر غور کر رہی ہے کہ آیا مال بردار گاڑی کے ڈرائیور نے سرخ اشارہ توڑا تھا، جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔ عینی شاہدین کے مطابق جب یہ حادثہ پیش آیا تو مسافر بردار گاڑی کا سگنل گرین تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ سنگل ٹریک پر جب امدادی ٹیمیں پہنچیں تو اس وقت بھی مسافر بردار گاڑی کا سگنل گرین ہی تھا۔ جس مقام پر یہ حادثہ پیش آیا ہے وہاں ایسے حفاظتی انتظامات بھی نہیں تھے، جن کے تحت اگر کوئی ریل گاڑی ریڈ سگنل توڑے تو خود کار نظام کے تحت اسے روک دیا جائے۔

Zugunglück in Sachsen Anhalt bei Oschersleben Flash-Galerie
پولیس اس امکان پر غور کر رہی ہے کہ آیا مال بردار گاڑی کے ڈرائیور نے سرخ اشارہ توڑا تھا یا نہیںتصویر: dapd

ماگڈے برگ کے دفتراستغاثہ کے مطابق مال بردار گاڑی کے ڈرائیور کے خلاف غفلت برتنے کی نتیجے میں قتل اور نقصان پہنچانے کےعلاوہ ریلوے ٹریفک قانون کی پامالی کے ممکنہ الزامات پر غور جاری ہے۔ حادثے میں گیارہ مسافروں سمیت مسافر بردار ریل گاڑی کا ڈرائیور بھی ہلاک ہو گیا تھا۔

پولیس نے بتایا ہے کہ 23 زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔ اس حادثے میں جارجیا، قزاقستان، پرتگال اور برازیل کا ایک ایک باشندہ بھی ہلاک شدگان میں شامل ہے۔ ابھی ہلاک ہونے والوں میں سے تین کی شناخت ہو سکی ہے جبکہ باقی لاشوں کے مسخ ہونے کی وجہ سے شناخت میں مشکل پیش آ رہی ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید