1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: پاکستان آسٹریلیا سے ہار گیا

3 مئی 2010

کرکٹ کے ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اتوار کی شام سینٹ لوسیا میں ہونے والے گروپ ’اے‘ کے ایک میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 34 رنز سے ہرا دیا۔ اتوار ہی کو ایک دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم بھارت سے 14 رنز سے ہار گئی۔

https://p.dw.com/p/NCo7
واٹسن نے 81 رنز بنائےتصویر: AP

آسٹریلیا کے خلاف میچ پاکستانی ٹیم کا موجودہ ورلڈ کپ کا دوسرا میچ تھا، جس میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلوی ٹیم نے مقررہ بیس اوورز میں 191 رنز بنائے اور اس کا آخری کھلاڑی بھی اننگز کی آخری گیند پر آؤٹ ہو گیا تھا۔

آسٹریلیا کی طرف سے اوپنر واٹسن نے 81 رنز بنائے جن میں چار چھکے اور سات چوکے بھی شامل تھے۔ ان کے علاوہ سب سے نمایاں بیٹسمین ہسی رہے، جنہوں نے 29 گیندوں پر پانچ چھکوں اور دوچوکوں کی مدد سے 53 رنز اسکور کئے۔ آسٹریلیا کی اننگز میں آخری پانچ وکٹیں آخری اوور میں گریں اور اس کی آدھی ٹیم مجموعی اسکور میں ایک بھی رن کا اضافہ نہ کر سکی۔

Cricketspieler Shahid Afridi
پاکستانی کھلاڑی شاہد آفریدیتصویر: AP

پاکستان کی طرف سے محمد عامر نے اپنے آخری اوور میں تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ دو آسٹریلوی کھلاڑی رن آؤٹ ہو گئے۔ آسٹریلیا کی اننگز میں پاکستان کی طرف سے سب سے کامیاب بولر محمد عامر اور سعید اجمل رہے، جنہوں نے بالترتیب چار چار اوورز میں 23 اور 34 رنز دے کر تین تین وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستانی ٹیم، جسے جیتنے کے لئے 192 رنز کا ہدف ملا تھا، اپنی اننگز کا اچھا آغاز نہ کر سکی اور اوپنر کامران اکمل اننگز کی پہلی ہی گیند پر صفر پر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد 34 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کے تین کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔

اس کے باوجود پاکستانی ٹیم نے وکٹیں بچا کر تیز رفتاری سے رنز بنانے کی کوشش تو کی مگر اس میں زیادہ کامیاب نہ ہو سکی۔ اس طرح پوری پاکستانی ٹیم بیسویں اوور کی آخری گیند پر 157 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہو گئی اور آسٹریلیا نے یہ میچ 34 رنز سے جیت لیا۔ پاکستان کی طرف سے 41 رنز کے ساتھ مصباح الحق اور 33 رنز کے ساتھ کپتان شاہد آفریدی نمایاں بیٹسمین رہے۔

آسٹریلیا کی طرف سے Nannes اور Tait نے چار چار اوورز میں بالترتیب 41 اور 20 رنز دے کر تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ آسٹریلوی اوپنر اور میچ کے ٹاپ اسکورر واٹسن کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

بھارت بمقابلہ جنوبی افریقہ

اتوار ہی کے روز کھیلے گئے ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ ’سی‘ کے ایک میچ میں بھارت نے جنوبی افریقہ کو 14 رنز سے ہرا دیا۔ اس میچ میں بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنائے، جن میں سریش رائنا کی سنچری بھی شامل تھی۔ رائنا نے 60 گیندوں پر پانچ چھکوں اور نو چوکوں کی مدد سے 101 رنز اسکور کئے۔

Suresh Raina Cricket Indien
سریش رائنا نے سنچری اسکور کیتصویر: AP

اس کے جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم نے اپنی اننگز میں مقررہ بیس اوورز میں پانچ وکٹوں پر 172 رنز بنائے اور بھارتی ٹیم یہ میچ 14 رنز سے جیت گئی۔ جنوبی افریقہ کی طرف سے اوپنر Kallis اپنے73 رنز کے ساتھ سب سے کامیاب بلے باز رہے، جن کی اننگز میں تین چھکے اور تین چوکے بھی شامل تھے۔

پیر تین مئی کو گروپ ’بی‘ کا ایک میچ سری لنکا اور زمبابوے کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ گروپ ’ڈی‘ کے ایک مقابلے میں ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں اب تک اپنے دو دو میچ کھیل چکی ہیں، لیکن بھارت کے اس وقت چار پوائنٹ ہیں اور پاکستان کے دو۔ اس کے علاوہ جو ٹیمیں اب تک ایک ایک میچ کھیل کر دو دو پوائنٹ حاصل کر چکی ہیں، ان میں آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز شامل ہیں۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں