1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹوئیٹر کی ٹائم لائن بدل گئی

افسر اعوان10 فروری 2016

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئیٹر نے اپنی ٹائم لائن میں آج بدھ کے روز ایک ڈرامائی تبدیلی کر دی ہے۔ ٹوئیٹر کی طرف سے کہا گیا ہے کہ اب صارفین اپنی مرضی کے مطابق اپنی ٹائم لائن پر ٹوئیٹس نظر آنے کو تبدیل کر سکیں گے۔

https://p.dw.com/p/1HspH
تصویر: picture-alliance/dpa/A. Burgi

ٹوئیٹر کے ہوم پیچ کو بھی ٹائم لائن کا ہی نام دیا جاتا ہے۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ٹائم لائن میں تبدیلی کا ایک مقصد مشتہرین کی توجہ حاصل کرنا بھی ہے کیونکہ اب ایسا ممکن ہو سکے گا کہ وہ ٹوئیٹس زیادہ واضح ہوں گے جنہیں اشتہاری کمپنیاں یا مختلف ادارے اپنی مصنوعات کی تشہیر کے لیے منتخب کریں گے۔

ٹوئیٹر کی طرف سے یہ تبدیلی سرمایہ کاروں کو چوتھی سہ ماہی میں اپنی کمائی کے بارے میں رپورٹ فراہم کرنے سے کچھ گھنٹے قبل کی گئی۔ ان سرمایہ کاروں کی طرف سے کمپنی پر دباؤ ڈالا جا رہا تھا کہ وہ اپنے صارفین کی تعداد اور اشتہاروں کے ذریعے کمائی بڑھانے کے لیے اس کو استعمال کو زیادہ آسان بنائے۔

روئٹرز کے مطابق ٹوئیٹر کی طرف سے ٹائم لائن میں تبدیلی کے حوالے سے خبریں گزشتہ ہفتے سے گردش کر رہی تھیں جس کے رد عمل میں بعض صارفین نے اس کی مخالفت بھی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنی ٹائم لائن کو فیس بُک کی نیوز فیڈ کی طرح بنا کر ٹوئیٹر دراصل اپنا منفرد فیچر کھو دے گا۔

یہ بات صارف کی مرضی پر ہے کہ وہ اگر چاہے تو اس تبدیل شدہ ٹائم لائن کی بجائے وہ ٹوئیٹر کی روایتی ٹائم لائن ہی دیکھ سکتا ہے
یہ بات صارف کی مرضی پر ہے کہ وہ اگر چاہے تو اس تبدیل شدہ ٹائم لائن کی بجائے وہ ٹوئیٹر کی روایتی ٹائم لائن ہی دیکھ سکتا ہےتصویر: picture alliance/empics/L. Hurley

ایڈورٹائزرز کی طرف سے کی جانے والی ٹوئیٹس کو مختلف لوگوں کی ٹائم لائن پر زیادہ واضح کر کے دکھانے سے اس بات کے امکانات بڑھ جائیں گے کہ وہ اسے کلک کریں۔ نئی ٹائم لائن کی ٹیسٹنگ کے دوران ٹوئیٹر کی طرف سے اپنے ایک بلاگ میں لکھا گیا تھا کہ اس طرح صارفین کی طرف سے اشتہارات اور لائیو ایونٹس جیسے ٹوئیٹس پر زیادہ رد عمل دیکھا گیا۔ مشتہرین کا ایک اعتراض یہ بھی تھا کہ ترتیب وار دکھائے جانے کی وجہ سے ان کا اشتہار بہت جلد غائب ہو جائے گا۔

نئی تبدیلی کے بعد جب کوئی صارف اپنی ٹائم لائن کھولے گا تو اسے گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران کی جانے والے ٹوئیٹس پہلے نظر آئیں گی جو ٹوئیٹر کے خیال میں اس صارف کے لیے اہم ہو سکتی ہیں۔ اس کے بعد روایتی طریقے سے ٹوئیٹس نظر آئیں گی جس میں سب سے پہلی ٹوئیٹ سرفہرست ہوتی ہے اور اس سے پہلے وہ اس سے نیچے۔ یہ بات صارف کی مرضی پر ہے کہ وہ اگر چاہے تو اس تبدیل شدہ ٹائم لائن کی بجائے وہ ٹوئیٹر کی روایتی ٹائم لائن ہی دیکھ سکتا ہے۔