1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹیسٹ کرکٹ میں عثمان خواجہ کا پر اعتماد آغاز

3 جنوری 2011

انگلینڈ اور آسٹریلیا کے مابین ایشز سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ میں پاکستانی نژاد آسٹریلوی بلے باز عثمان خواجہ نے بااعتماد انداز میں اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا۔

https://p.dw.com/p/zsvs
تصویر: picture alliance/empics

سڈنی میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ کے پہلے روز میزبان آسٹریلیا نے 134 رنز بنائے اور اس کی چار وکٹیں گر چکی ہیں۔ عثمان خواجہ بارش سے متاثرہ پچ پر 37 رنز بناکر سوان کا نشانہ بنے۔ بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے خواجہ ایک سویپ شاٹ کھیلتے ہوئے گیند کو ٹاپ ایج کر بیٹھے جسے جوناتھن ٹروٹ نے کیچ کر لیا۔

24 سالہ عثمان خواجہ آسٹریلیا کے لئے کھیلنے والے پہلے مسلمان بھی بن گئے ہیں۔ اگرچہ وہ محض 37 رنز تک محدود رہے تاہم انہوں نے جن پہلی دو گیندوں کا سامنا کیا ان میں سے پہلی پر انہوں نے بااعتماد انداز میں دو رنز بنائے جبکہ دوسری کو چیسٹ ہائٹ سے پُل کر کے باؤنڈری لائن کے پار بھیج دیا۔

Flash-Galerie Ricky Ponting
رکی پونٹنگ انگلی میں فریکچر کے سبب سڈنی ٹیسٹ سے باہر ہوئےتصویر: AP

اس کے بعد وہ ساتھی کھلاڑیوں کی طرح محتاط انداز میں کھیلتے رہے، جس سے شائقین میں کوفت کا احساس بیدار ہوا۔ خراب موسم کے سبب کھیل روکے جانے سے محض چند لمحات قبل وہ آؤٹ ہوئے۔

اس وقت مائیک ہسی کریز پر موجود ہیں جبکہ دوسرے دن کے آغاز پر ان کا ساتھ دینے متوقع طور پر بریڈ ہیڈن میدان میں اتریں گے۔ کپتانی کی ذمہ داری نبھانے والے مائیکل کلارک نے پہلے روز کے دوران بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی کرتے ہوئے اسٹیو اسمتھ کی جگہ پہلے ہیڈن سے بلے بازی کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ خود کلارک اپنے آبائی میدان پر محض چار رنز تک محدود رہے۔ آؤٹ ہونے والے دیگر کھلاڑیوں میں اوپنر واٹسن نے 45 جبکہ ہیوز نے 31 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے بریسنن نے دو جبکہ ٹریملیٹ اور سوان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس میچ کے لئے انگلش کپتان نے اسی ٹیم کا انتخاب کیا ہے، جس نے میلبورن ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کو ایک اننگز اور 157 رنز کی عبرتناک شکست دی تھی۔

Usman Khawaja Cricketspieler
عثمان خواجہتصویر: picture alliance/empics

آسٹریلیا کی ٹیم میں عثمان خواجہ کے علاوہ سپنر مائیکل بیئر کو بھی ٹیسٹ کیپ دی گئی ہے۔ عثمان خواجہ کو سابق کپتان مارک ٹیلر نے جبکہ بیئر کو لیجنڈری سپنر شین وارن نے ٹیسٹ کیپ پیش کی۔

واضح رہے کہ موجود سیریز میں ایک کے مقابلے میں دو کی سبقت لئے ہوئے انگلینڈ کی ٹیم ایشز سیریز پہلے ہی اپنے نام کر چکی ہے۔ سڈنی ٹیسٹ میں شکست کے باوجود ایشز کا اعزاز ان کے پاس ہی رہے گا۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں