1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹیلنٹ کیمپس، نوجوان فلمسازوں کے لیے سنہری موقع

25 فروری 2011

برلینالے فلم فیسٹول میں نوجوان فلمسازوں کے لیے خصوصی پروگرام ٹیلنٹ کیمپس میں اس مرتبہ 350 نوجوان فلمسازوں نے شرکت کی۔

https://p.dw.com/p/10PHo
تصویر: DW

برلن فلم فیسٹول برلینالے شاید دنیا کا وہ واحد فلمی میلہ ہے جس میں نوجوان فلمسازوں کو خاصی اہمیت دی جاتی ہے۔ برلینالے کے ڈائریکٹر ڈیٹرکوشلک کے زیر نگرانی نو برس قبل ٹیلنٹ کیمپس شروع کیا گیا، جس میں نوجوانوں کی بنائی ہوئی کم دورانیے کی فلمیں شامل کی جاتی ہیں۔ ہر سال دنیا بھر سے فلمی صنعت کے یہ معمارایک سے لے کر دس منٹ تک کی اپنی تخلیقات کے ساتھ برلن پہنچتے ہیں۔ اس مرتبہ تقریباً 350 ابھرتے ہوئے فلمساز برلن آئے اور ایک ہفتے تک مختلف ورکشاپس، سیمنارز اور ڈسکشنز میں شرکت کی۔ ان کی رہنمائی کے لیے فلمی شعبے کی تجربے کار شخصیات بھی وہاں موجود تھیں اور انہیں ان افراد سے ملاقات کرنے کا موقع بھی فراہم کیا گیا تھا۔

Talent Campus
اس مرتبہ تقریباً 350 ابھرتے ہوئے فلمساز برلن آئےتصویر: DW/N.Wojcik

برلینالے ٹیلنٹ کیمپس میں ان نوجوانوں کے لیے سب سے پہلے ایک تعارفی نشست کا اہتمام کیا گیا جسے’گلوبل اسپیڈ میچنگ‘ کا نام دیا گیا تھا۔ اس کے لیے ہال میں آمنے سامنے کرسیاں لگائی گئیں تھیں۔ دنیا بھر سے آئے ہوئے فلمی شعبے کے ان ابھرتے ہوئے معماروں کے پاس صرف ایک منٹ کا وقت تھا، ایک دوسرے سے جان پہچان کرنے کے لیے۔ ہر ایک منٹ گزرنے پر گھنٹی بجتی اور نوجوان اپنی کرسی کے ساتھ آگے کو سرک جاتے۔

اس موقع پر وزیٹنگ کارڈ کا تبادلہ ہوتا، ایک دوسرے کو اپنی فلم اور مستقبل کے اپنے ارادوں کے بارے میں آگاہ کیا جاتا۔ ان میں سےکچھ نوجوان توفلمیں بنا چکے تھے، جبکہ بہت سے اپنی پیشہ ورانہ زندگی کی ابتداء کر رہے تھے۔ یہاں انہیں اس بات کا احساس دلانے کی کوشش کی جاتی ہے کہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو سنیما کے اسکرین تک پہنچانے کے لیے تعلقات اور ایک دوسرے کا تعاون بہت ضروری ہے۔ ٹیلنٹ کیمپس میں شریک ’Tomas Sheridan ‘ کے بقول فلمی شعبہ شدید محنت مانگتا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ یہاں ایسے لوگوں کو تلاش کیا جاتا ہے، جن کے ساتھ پیشہ ورانہ سطح پرتعلقات قائم کیے جا سکتے ہوں۔ آخر میں ایسے بہت سے لوگوں میں رابطہ ہو چکا ہوتا ہے، ملاقاتیں ہو چکی ہوتی ہیں، جن سے مستقبل کے لیے کئی نئی راہیں کھلتی ہیں۔

Talent Campus
ٹیلنٹ کیمپس میں ان نوجوانوں کے لیے ایک تعارفی نشست کا اہتمام کیا گیا تھاتصویر: DW/N.Wojcik

ٹیلنٹ کیمپس میں شرکت کرنا ان ابھرتے ہوئے فلمسازوں کے لیے کس قدر کارآمد ثابت ہوتا ہے اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ امسالہ برلینالے میں ان نوجوانوں کی بنائی ہوئی کل 35 فلمیں شامل تھیں۔

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت: شامل شمس

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں