1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹیلی کوم سکینڈل میں سابق بھارتی وزیر پر فرد جرم عائد

2 اپریل 2011

اربوں ڈالر کے ٹیلی کوم سکینڈل میں بھارتی پولیس نے سابقہ وزیر اندیموتھو راجہ سمیت چار دیگر افراد کو ذمہ دار ٹہرا دیا ہے۔ یہ سکینڈل کانگریس کی اتحادی حکومت کے لیے ملک گیر بدنامی کا سبب بنا ہے۔

https://p.dw.com/p/10mQ7
تصویر: AP

عدالت میں چارج شیٹ پیش کرنے کے بعد استغاثہ کے خصوصی وکیل اے کے سنگھ نے بتایا کہ ان افراد پر دھوکہ دہی، سازش، دستاویزات کی جعلسازی اور سرکاری عہدے کے غلط استعمال کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

جن تین دیگر افراد کو ذمہ دار ٹہرایا گیا ہے ان میں یونی ٹیک کے مینیجنگ ڈائریکٹر سنجے چندرا اور ریلائنس اے ڈی اے گروپ کے تین عہدیدار شامل ہیں۔ کرپشن کا یہ کیس 2008ء میں موبائل فون کے لائسنسز کے اجراء سے متعلق ہے۔

Indien CBI Untersuchung
بھارتی سی بی آئی کے ایک افسران ایک آپریشن کے دورانتصویر: AP

بتایا جارہا ہے کہ اس عمل میں جعلسازی کرکے کروڑوں مالیت کے لائسنس سستے داموں فروخت کردیے گئے تھے اور حکومت کو اربوں ڈالرسے ہاتھ دھونا پڑا تھا۔ ایک اندازے کے مطابق حکومتی خزانے کو 39 ارب ڈالر کا نقصان ہوا تھا۔ حکومتی آڈیٹرز کے مطابق یہ نقصان سالانہ دفاعی بجٹ کے برابر ہے۔

بھارتی تاریخ میں رشوت ستانی کے اس سب سے بڑے سکینڈل کے بعد وزیر اعظم من موہن سنگھ کی ساکھ بری طرح متاثر ہوئی تھی۔ اپوزیشن کی جانب سے ان کے استعفے کا مطالبہ زور پکڑتا گیا اور بین الاقوامی سطح پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بھی ٹھیس پہنچی۔

Ratan Tata, Industrialist
رتن ٹاٹاتصویر: AP

معاملے کو سلجھانے کے لیے گزشتہ کچھ دنوں کے دوران بھارت کی نمایاں تجارتی کمپنیوں کے عہدیداروں سے پوچھ گچھ کی گئی۔ ان میں ریلائنس گروپ کے سربراہ انیل امبانی اور ایسار گروپ کے چیف ایگزیکیٹو پراسانتھ رویا سے بھی تفتیش کی گئی تھی۔

نئی دہلی کا ایک پارلیمانی پینل بھی اس واقعے کی تحقیقات کر رہا ہے جس نے اگلے ہفتے ٹاٹا گروپ کے سربراہ رتن ٹاٹا اور انیل امبانی کو طلب کیا ہے۔ اس معاملے میں ملوث سابق وزیر اندیموتھو راجہ کو آڈیٹرز کی رپورٹ کے بعد جبری طور پر مستعفی ہونا پڑا تھا اور اس کے بعد سے وہ پولیس کی حراست میں ہیں۔

ان پر ایتیصالات اور ٹیلی نور سے منسلک دو اداروں سے بھی رشوت لینے کا الزام ہے۔ واضح رہے کہ تمام ملزمان اپنے اوپر عائد الزامات کو مسترد کرچکے ہیں۔

رپورٹ شادی خان سیف

ادارت عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں