1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹینس میں بھی میچ فکسنگ کی افواہیں

12 فروری 2011

دنیا کے مہنگے ترین کھیلوں میں شمار کیے جانے والے کھیل ٹینس میں بھی اب میچ فکسنگ کی افواہیں گرم ہوتی جا رہی ہیں۔ اس کھیل کی ساکھ کو بچانے کے لیے ٹینس انٹیگریٹی یونٹ نے اپنی کوششیں تیز کردی ہیں۔

https://p.dw.com/p/10G9h
تصویر: DW-Montage

میلبورن سے موصولہ اطلاعات کے مطابق بعض میچوں میں متواتر غیر معمولی نتائج سے شبہات نے جنم لیا ہے۔ ٹینس انٹیگریٹی یونٹ TIU نے، جس کی سربراہی اسکاٹ لینڈ یارڈ کے ایک سابق ڈیٹیکٹیو کر رہے ہیں، مختلف کھلاڑیوں کو خطوط ارسال کر کے ان سے معلومات فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔

یوکرائن کے ابھرتے ہوئے ٹینس سٹار الیکسانڈر ڈولگوپولوف نے تصدیق کی ہے کہ انہیں بھی ایسا ہی ایک خط موصول ہوا ہے۔ ان کے بقول بعض روسی کھلاڑیوں سے بھی معلومات فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

Belgierin Kim Clijsters gewinnt Tennistournier in Fliderstadt, Stuttgart
ٹینس کا شمار مہنگے ترین کھیلوں میں ہوتا ہےتصویر: AP

ڈولگوپولوف نے کہا، ’’مجھے یہ خط ملنے پر کوئی زیادہ حیرت نہیں ہوئی۔ اس لیے کہ کچھ روسی کھلاڑیوں کو یہ خطوط پہلے ہی موصول ہوچکے تھے۔‘‘

ان خطوط میں درج تفصیلات فی الحال عام نہیں کی گئیں۔ ممکنہ بدعنوانی کے شبہات برطانیہ میں کرکٹ سپاٹ فکسنگ کا معاملہ سامنے آنے کے بعد مزید گہرے ہوئے۔

یاد رہے کہ اگست 2010ء کے سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں ملوث ہونے پر تین پاکستانی کرکٹرز سلمان بٹ، محمد آصف اور محمد عامر پر پانچ پانچ سال کے لیے بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے بند کر دیے گئے ہیں۔

برطانوی اخبار دی میل نے گزشتہ سال انکشاف کیا تھا کہ حکام رچرڈ بلوم فیلڈ نامی ٹینس کھلاڑی کی ایک غیر متوقع جیت کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ عالمی رینکنگ میں 370 ویں درجے کے اس کھلاڑی کی غیر متوقع جیت سے سٹہ بازوں نے 1.6 ملین برطانوی پاؤنڈ کمائے تھے۔ ایک اطالوی ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ سال اکتوبر میں روسی شہر سینٹ پیٹرز برگ میں کھیلا گیا ایک میچ بھی تاحال مشکوک ہے۔

سربیا کے عالمی نمبر 52 کھلاڑی Janko Tipsarevic اس میچ میں عالمی درجہ بندی میں 98 ویں پوزیشن کے کھلاڑی Horacio Zeballos کے ہاتھوں اپنی شکست کو فطری قرار دیتے ہیں۔ ’’میں ٹینس انٹیگریٹی یونٹ کے عہدیداروں کو بتا چکا ہوں، مجھے کوئی مسئلہ نہیں، اگر وہ چاہیں تو مجھے ہر ہفتے ایک خط بھجواتے رہیں۔‘‘ ان کے بقول TIU کی خواہش پر وہ انہیں اپنے بینک کھاتے، ٹیلی فون کالز اور دیگر متعلقہ معلومات سات دن کے اندر فراہم کر چکے ہیں۔

Flash-Galerie Rafael Nadal Wimbledon 2010
رافائیل ندال 2010ء کی ومبلڈن ٹرافی کے ہمراہتصویر: AP

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے باخبر ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ TIU کے عہدیدار دس ایسے میچوں کی تحقیقات کر رہے ہیں، جن کے نتائج مشکوک تصور کیے جا رہے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران انٹرنیٹ کے ذریعے ایسے میچوں پر بھاری رقوم کے ساتھ سٹہ کھیلا گیا، جن میں غیر معروف کھلاڑی کھیل رہے تھے اور جن کے نتائج بھی حیران کن اور غیر متوقع رہے تھے۔

ٹینس کے کھیل سے لگاؤ رکھنے والے بہت سے افراد اس صورتحال پر بہت ناخوش ہیں۔ 16 بار گرینڈ سلیم جیتنے والے راجر فیڈرر کے بقول ٹینس سے ان جیسے کھلاڑیوں کو سب کچھ ملا اور وہ سمجھ نہیں پا رہے کہ موجودہ صورتحال پر انہیں غصہ آنا چاہیے یا پھر وہ افسردہ ہوجائیں۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت : مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں