1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹینس ٹورنامنٹ: یُو ایس اوپن آج سے شروع

29 اگست 2011

ٹینس کے چوتھے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ کا آغاز پیر سے امریکی شہر نیویارک میں ہو رہا ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں دنیائے ٹینس کے تمام معروف کھلاڑی شریک ہیں۔

https://p.dw.com/p/12P8Q
تصویر: AP

ڈنمارک کی کیرولین ووزنیاکی کو یو ایس اوپن کی فیورٹ قرار دیا گیا ہے۔ وہ عالمی نمبر ایک بھی ہیں۔ ووزنیاکی کئی ہفتوں سے عالمی نمبر ایک چلی آ رہی ہیں لیکن ابھی تک وہ کوئی بھی گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ  جیتنے میں ناکام ہیں۔ مبصرین کا خیال ہے کہ اگر سیرینا ولیمز اپنی زوردار فارم حاصل کر لیتی ہیں تو وہ ووزنیاکی کے راستے میں کھڑی ہو سکتی ہیں۔

 دفاعی چیمپیئن کم کلائسٹرز پیٹ کی انجری کی وجہ سے ٹورنامنٹ میں شریک نہیں ہیں۔ انہوں نے ٹورنامنٹ میں شرکت نہ کرنے کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔ وہ مسلسل دو برس اس ٹورنامنٹ کی فاتح رہی تھیں۔ وہ سن 2005 میں بھی اس ٹورنامنٹ کو جیتنے میں کامیاب ہوئیں تھیں۔ کلائسٹرز کے مطابق وہ بظاہر بیماری سے نکل آئی ہیں لیکن پوری طرح فِٹ نہیں ہیں۔ آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے سابق عالمی نمبر ایک لیٹن ہیوٹ بھی انجری کی وجہ سے شرکت سے قاصر ہیں۔

Flash-Galerie Sport Jahresrückblick 2010
دفاعی چیمپیئن کم کلائسٹرز انجری کی وجہ سے ٹورنامنٹ سے دستبردار ہو چکی ہیںتصویر: AP

امریکی ٹینس اسٹار سیرینا ولیمز بھی اس بار ٹورنامنٹ میں شریک ہیں۔ ان کو ٹورنامنٹ کی اٹھائیسویں پسندیدہ کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔ وہ مسلسل مختلف انجریز کا شکار رہی ہیں۔ اگر وہ اپنی پرانی فارم حاصل کرنے میں کامیاب ہو جاتی ہیں تو وہ تمام کھلاڑیوں کے لیے بڑا خطرہ ہیں۔

مردوں میں سربیا کے نوواک جوکووچ ٹورنامنٹ کے پسندیدہ ترین کھلاڑی قرار دیے گئے ہیں۔ جوکووچ اس وقت مردوں کے عالمی نمبر ایک ہیں ۔ راجر فیڈرر اور نادال ان دنوں قدرے آؤٹ آف فارم دکھائی دیتے ہیں۔ مبصرین کے مطابق یو ایس اوپن میں چیمپیئن شپ کے لیے دونوں سابق چیمپیئن کھلاڑیوں کو اپنے کھیل پر بہت زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

Caroline Wozniacki Tennis Dänemark U.S. Open Flash-Galerie
عالمی نمبر ایک ووزنیاکی گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیتنے کی منتظر ہیںتصویر: AP

نیو یارک میں کھیلے جانے والے ٹینس گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ کے بارے میں منتظمین کا دعویٰ ہے کہ یہ دنیا کا سب سے بڑا ٹورنامنٹ ہے جہاں لاکھوں شائقین  کھلاڑیوں کے ایکشن کو دیکھنے پہنچتے ہیں۔ یہ ٹورنامنٹ نیو یارک کے اہم انتظامی یونٹ کوئنز میں واقع  فلشنگ میڈوز پارک میں قائم وسیع و عریض ٹینس کورٹس کمپلیکس میں کھیلا جاتا ہے۔ اس کمپلیس کی انتظامیہ امریکہ کی ٹینس فیڈریشن ہے۔

یو ایس اوپن میں مردوں اور خواتین کے سنگلز کی چیمپیئن شپ جیتنے والے کھلاڑی کے لیے اٹھارہ لاکھ ڈالر کی انعامی رقم مختص کی گئی ہے۔ ڈبلز جیتنے والے کو چار لاکھ بیس ہزار ڈالر اور مکسڈ ڈبلز کے ونر کے لیے ڈیڑھ لاکھ ڈالر رکھے گئے ہیں۔

رپورٹ:  عابد حسین

ادارت:  ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں