1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹینس کھلاڑی جسٹن ہینن کی واپسی

رپورٹ: عابد حسین ، ادارت: مقبُول ملِک23 ستمبر 2009

بیلجئم کی ایک سابقہ عالمی نمبر ایک خاتون کھلاڑی جسٹن ہینن نے چودہ ماہ بعد اپنی ریٹائرمنٹ ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ وہ سن 2010 سے بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت شروع کریں گی۔

https://p.dw.com/p/JmlW
جسٹن ہینن : فائل فوٹوتصویر: AP

بیلجیئم کی خاتون ٹینس کھلاڑی کم کلائسٹرز کی ٹینس کورٹ میں شاندار واپسی کے بعد اب بیلجیئم ہی کی جسٹن ہینن نے بھی اعلان کردیا ہے کہ وہ اپنی ریٹائر منٹ کو خیر باد کہتے ہوئے ٹینس کے بین الاقوامی مقابلوں میں اگلے سال سے باقاعدہ شرکت کرنے لگیں گی۔ اس سلسلے میں ہینن نے باقاعدگی سے ٹریننگ کا آغاز بھی کر دیا ہے۔

جسٹن ہینن سابقہ عالمی نمبر ایک ہیں اور بطور ورلڈ نمبر ون انہوں نے چودہ مئی 2008 میں ٹینس کے کھیل میں بوریت کے احساس کے تحت اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا۔ ان کی ریٹائرمنٹ پر ٹینس کے حلقے ششدر رہ گئے تھے۔ اپنے کیریئر کے دوران انہوں نے کل 41 مقابلوں میں کامیابی حاصل کی تھی۔ اس کے ساتھ ساتھ ان کو سات گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیتنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ ان گرینڈ سلیم مقابلوں میں آسٹریلین اوپن (2004)، فرنچ اوپن (2003، 2005، 2006،2007) اور یو ایس اوپن (2003 اور2007) شامل ہیں۔ ہینن کو سن 2001 اور 2006 میں ومبلڈن ٹورنامنٹ کے فائنل کھیلنے کا اعزاز بھی حاصل ہوا تھا لیکن وہ یہ دونوں فائنل ہار گئی تھیں۔ اپنی ہم وطن کم کلائسٹرز کی پارٹنر بن کر انہوں نے بیلجیئم کے لئے ڈیوس کپ بھی جیتا تھا۔

Die belgische Tennisspielerin Justine Henin
جسٹن ہینن : فائل فوٹوتصویر: AP

اپنی ریٹائر منٹ ختم کرنے کے بعد وہ چند نمائشی میچوں میں بھی حصہ لینے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ ٹینس کے بین الاقوامی مقابلوں میں ان کی واپسی اگلے سال آسٹریلین اوپن سے ہو گی جو اٹھارہ جنوری سے ملبورن میں کھیلا جائے گا۔

ماہرین کا خیال ہے کہ ٹینس میں ہینن کی واپسی کی ایک ممکنہ وجہ کم کلائسٹرز کا کھیل بھی ہو سکتا ہے۔ کم کلائسٹرز نے ابھی حال ہی میں اپنی ریٹائر منٹ ختم کرنے کے بعد یو ایس اوپن میں حصہ لیا تھا جس میں انہیں شاندار کامیابی حاصل ہوئی تھی۔ اس گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ میں انہوں نے سیرینا ولیمز اور وینس ولیمز کو سیمی فائنل اور کوارٹر فائنل مقابلوں میں شکست دی تھی۔

تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ جسٹن ہینن ایک انتہائی نیچرل کھلاڑی ہیں۔ ان کی دھان پان سی شخصیت میں کمال کی چابکدستی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ان کی کلائیوں میں ایسی لچک ہے جس کی وجہ سے ان کی سروس اور بیک ہینڈ کے ساتھ ساتھ فور ہینڈ شارٹ ان کی سبھی حریف کھلاڑیوں کے لئے بہت مشکل ثابت ہوتے ہیں۔ اس حوالے سے خاص طور پر سیرینا ولیمز کو کورٹ میں پریشانی کا سامنا ہوتا تھا۔ کم کلائسٹرز کو تو ہینن نے کم از کم دو بارگرینڈ سلیم ٹورنامنٹ کے فائنل میچوں میں شکست دی تھی۔

جسٹن ہینن نے سن 2002 میں اپنے کوچ سے شادی کر لی تھی جو بعد میں علیحدگی کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچ گئی تھی۔ ریٹائرمنٹ سے قبل ان کی ٹینس مقابلوں میں انعام کے طور پر جیتی گئی رقوم کی جملہ مالیت 19 ملین ڈالر کے قریب بنتی تھی۔