1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹی ٹوئنٹی :انگلینڈ بن گیا چیمپئن

17 مئی 2010

کریگ کائیز ویدر اور کیون پیٹرسن کی دھواں دار بلے بازی کے بدولت انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم ورلڈ ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ کپ جیتنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔

https://p.dw.com/p/NPV9
انگلش قائد پاؤل کولنگ ووڈتصویر: AP

فائنل مقابلے میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو سات وکٹوں سے شکست دی اور 148 رنز کا مطلوبہ ہدف سترہ اوورز کے اندر ہی حاصل کرڈالا۔

برج ٹاؤن بارباڈوز کے میدان پر انگلش کپتان پاؤل کولنگ ووڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ آسٹریلیا کی بیٹنگ کا آغاز مایوس کن انداز میں ہوا، دونوں افتتاحی بلے باز یعنی شین واٹسن اور ڈیوڈ وارنر محض دو دو رنز بناسکے۔ ان کے بعد چوتھے نمبر پر کھیلنے والے بریڈ ہیڈن بھی محض ایک رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ اوائل کے تینوں اوورز کی پہلی گیندوں پر ایک ایک آسٹریلوی بلے باز آؤٹ ہوتا رہا اور ایک موقع پر محض آٹھ کے مجموعے پر تین وکٹیں گرچکی تھیں۔

Cricket England Australien
اوائل کے تینوں اوورز کی پہلی گیندوں پر ایک ایک آسٹریلوی بلے باز آؤٹ ہوتا رہاتصویر: AP

اس موقع پر کپتان مائیکل کلارک اور ڈیوڈ ہسی نے ٹیم کی بیٹنگ کو سہارا دیا۔ پینتالیس کے مجموعی اسکور پر انگلش کپتان کولنگ ووڈ نے گرائم سوان کی گیند پر کلارک کا شاندار کیچ پکڑ کر ان کی اننگ کا خاتمہ کرڈالا۔ کلارک ستائیس گیندوں پر ستائیس رنز بناسکے جس میں دو چوکے شامل تھے۔ ان کے بعد کیمرون وائٹ نے ہسی کا ساتھ دیا اور مجموعی اسکور 147 رنز تک پہنچانے میں کامیاب رہے۔ وائٹ تیس رنز بناسکے تاہم آسٹریلوی اننگ کے سرفہرست بلے باز ہسی ہی رہے جنہوں نے چوون گیندوں پر دو چوکوں اور دو ہی چھکوں کے سہارے انسٹھ رنز جوڑے۔ رائن سائڈ بوٹم نے چار اوورز میں چھبیس رنز دے کر دو وکٹیں سمیٹیں۔

جواباً اگرچہ افتتاحی انگش بلے باز مائیکل لمب بھی محض دو رنز بناکر آؤٹ ہوئے تاہم ان کے ساتھی کریگ کائیز ویدر اور تیسرے نمبر پر کھیلنے کے لئے آنے والے سٹائلش بلے باز کیون پیٹرسن نے خوب رنز بنائے۔ دونوں کے سامنے آسٹریلوی باؤلز اور فیلڈرز بالکل بے بس اور بے چارہ دکھائی دے رہے تھے۔ کائیز ویدر نے اننچاس گیندوں پر دو چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے تریسٹھ رنز کی خوبصورت جبکہ پیٹرسن نے اکتیس گیندوں پر ایک چھکے اور چار چوکوں کی مدد سے سینتالیس رنز کی دھواں دار اننگ کھیلی۔

Kevin Pieterson
ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کیون پیٹرسنتصویر: AP

دونوں کی جوڑی نے ایک سو گیارہ رنز کی شراکت قائم کی۔ انگلینڈ نے باآسانی مطلوبہ 148 رنز سترہ اوورز کے اندر ہی حاصل کرکے عالمی چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ فائنل مقابلے میں آسٹریلیا کے بلے بازوں نے آٹھ چوکے اور تین چھکے لگائے تھے جبکہ انگلش ٹیم نے بارہ چوکے اور چار چھکے مارے۔

کائیز ویدر دن کے بہترین کھلاڑی قرار پائے جبکہ پیٹرسن کو پورے ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز ملا۔

رپورٹ : شادی خان سیف

ادارت :عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں