1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: انگلینڈ نیوزی لینڈ کو ہرا کر فائنل میں

مقبول ملک30 مارچ 2016

بھارت میں جاری کرکٹ کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ مقابلوں کے پہلے سیمی فائنل میں انگلینڈ کی ٹیم بدھ تیس مارچ کو نیوزی لینڈ کو سات وکٹوں سے ہرا کر فائنل میں پہنچ گئی، جہاں اس کا مقابلہ بھارت یا پھر ویسٹ انڈیز کی ٹیم سے ہو گا۔

https://p.dw.com/p/1IMOq
Welt T20 Cricket-Turnier zwischen Bangladesch und Neuseeland
نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن جن کی ٹیم موجودہ ورلڈ کپ میں اپنی پہلی ہی شکست کے ساتھ ناک آؤٹ ہو گئیتصویر: Getty Images/AFP/D. Sarkar

موجودہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا یہ پہلا سیمی فائنل نئی دہلی میں کھیلا گیا، جس میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم جو اپنے چاروں گروپ میچ جیت کر سیمی فائنل مرحلے تک ناقابل شکست رہی تھی، مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنا سکی۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے کولن منرو سب سے کامیاب بلے باز ثابت ہوئے، جنہوں نے 32 گیندوں پر 46 رنز بنائے۔

دیگر کامیاب بلے بازوں میں کیوی کپتان ولیمسن 32 رنز اور کوری اینڈرسن 28 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ انگلینڈ کی طرف سے سب سے کامیاب بولر بین سٹوکس رہے، جنہوں نے چار اوورز میں 26 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔

انگلینڈ کی ٹیم نے، جسے کامیابی کے لیے 154 رنز کا ٹارگٹ ملا تھا، شروع سے ہی بہت جارحانہ بیٹنگ کی اور اس کے اوپننگ بلے باز پاور پلے کے دوران پہلے چھ اووروں میں 67 رنز بنانے میں کامیاب ہو گئے۔ انگلینڈ کی پہلی وکٹ 82 کے مجموعی اسکور پر گری، جب اوپنر ہیلز نویں اوور میں 20 کے ذاتی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔

انگلینڈ کی اننگز کی سب سے خاص بات اوپنر جیسن روئے کے 78 رنز تھے، جو انہوں نے 44 گیندوں پر دو چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے بنائے۔ وہ سودھی کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ فاتح ٹیم کی طرف سے بٹلر نے 17 گیندوں پر 32 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے سودھی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

Großbritannien cricketer Ben Stokes
انگلینڈ کے بین سٹوکس، فائل فوٹو، نیوزی لینڈ کے خلاف تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر رہےتصویر: Getty Images/G. Copley

انگلینڈ کی ٹیم نے اپنا ہدف 17.1 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ 17 ویں اوور کے اختتام پر انگلینڈ کا اسکور نیوزی لینڈ کے اسکور کے برابر یعنی 153 ہو چکا تھا۔ پھر اٹھاوریں اوور کی پہلی گیند پر لگائے گئے چھکے نے انگلینڈ کا اسکور 159 تک پہنچا دیا اور یوں انگلینڈ نہ صرف فائنل میں پہنچ گیا بلکہ اس ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست چلی آ رہی نیوز ی لینڈ کی ٹیم اپنی پہلی ہی شکست کے ساتھ ان مقابلوں سے باہر ہو گئی۔

اس ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل کل جمعرات اکتیس مارچ کے روز میزبان بھارت اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے مابین ممبئی میں کھیلا جائے گا۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم یہ ورلڈ کپ 2012 میں جیت چکی ہے۔ کل کے سیمی فائنل میں بھارتی ٹیم کے تجربہ کار سٹار بلے باز یوراج سنگھ زخمی ہونے کی وجہ سے شامل نہیں ہوں گے۔