1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹی ٹوئنٹی: پاکستان سپر لیگ دوحہ میں ہو گی

عابد حسین26 اگست 2015

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ پہلی ٹی ٹوئنٹی سپر لیگ کا انعقاد خلیجی ریاست قطر میں کیا جائے گا۔ پاکستان سپر لیگ اگلے برس فروری میں کھیلی جائے گی۔

https://p.dw.com/p/1GMWJ
پاکستان سپر لیگ اگلے برس فروری میں کھیلی جائے گیتصویر: picture-alliance/Photoshot

پاکستان سپر لیگ کا باضابطہ افتتاح اگلے سال چار فروری کو ہو گا اور اِس کا فائنل میچ چوبیس فروری کو کھیلا جائے گا۔ اِس کا میزبان شہر قطر کا دارالحکومت دوحہ ہے۔ پاکستان سپر لیگ میں کُل چوبیس میچ کھیلے جائیں گے۔ پی سی بی کے مطابق سپر لیگ کے لیے کُل انعامی رقم کا حجم ایک ملین امریکی ڈالر ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے مزید بتایا کہ سپر لیگ میں بھارت کے علاوہ دوسرے کرکٹ کھیلنے والے ممالک کے چالیس کھلاڑیوں سے رابطہ کیا گیا ہے۔ بورڈ کے مطابق اِن کھلاڑیوں کی حتمی رضامندی کا انتظار ہے۔

پاکستان سپر لیگ کے انعقاد کے بارے میں تفصیلات پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے بتائی ہیں۔ وہ کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین بھی ہیں۔ سیٹھی کے مطابق لیگ میں شامل تمام ٹیموں کی رہنمائی کے لیے غیر ملکی کوچز بھی قطر میں ٹورنامنٹ کے دوران دستیاب ہوں گے۔ سیٹھی نے مزید بتایا کہ ٹی ٹوئنٹی سپر لیگ کے میچوں کی کووریج کے لیے براڈکاسٹ یا نشریات کے حقوق اور ٹیموں کی فرنچائز کے معاملات کو اگلے نوے ایام میں طے کر لیا جائے گا۔ اسی طرح مختلف اسپانسرز کے ساتھ معاملات کو بھی اگلے تین ماہ کے دوران حتمی شکل دے دی جائے گی۔ ماضی میں ایسے ہی ٹورنامنٹ کے انعقاد کی کوششیں مناسب ریسپانس نہ ملنے کی وجہ سے مؤخر کر دی گئی تھیں۔

Cricket First Twenty 20 Sri Lanka vs Pakistan
پاکستان کے علاوہ کئی اور ملکوں کے کھلاڑیوں کی توقع کی جا رہی ہےتصویر: Reuters/D. Liyanawatte

یہ امر اہم ہے کہ پاکستانی کرکٹ بورڈ گزشتہ کئی برسوں سے اِس کوشش میں ہے کہ سپر لیگ کا انعقاد کروایا جائے تاکہ پاکستان کے کھلاڑیوں کو بین الاقوامی شہرت کے حامل بیٹسمینوں اور بالروں کے ساتھ کھیلنے کا موقع مل سکے۔ قطر کرکٹ ایسوسی ایشن کے سربراہ گُل خان کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کی میزبانی قطر کے دارالحکومت دوحہ کا ایشین ٹاؤن کرکٹ اسٹیڈیم کرے گا۔ اِس اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے تمام میچ ڈے اینڈ نائٹ اور فلڈ لائٹ میں کھیلے جائیں گے۔ دوحہ کے ایشین ٹاؤن اسٹیڈیم میں چودہ ہزار تماشائی بیٹھ سکتے ہیں۔ گُل خان کے مطابق سپرلیگ کے انعقاد کے معاملات اگلے ماہ ستمبر میں طے کر لیے جائیں گے۔

نجم سیٹھی نے بتایا کہ محتلف ملکوں کے چالیس کھلاڑیوں سے رابطہ کیا گیا ہے اور اِس کا قوی امکان ہے کہ کم از کم پچیس کھلاڑی سپر لیگ میں کھیلنے کے لیے راضی ہو جائیں گے۔ سیٹھی کے مطابق چار کھلاڑی ویسٹ انڈیز سے شامل ہونے کی قوی امید ہے اور سری لنکا، بنگلہ دیش، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ سے دو دو کھلاڑیوں کی توقع ہے۔ سیٹھی کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے اپنے ملکی کھلاڑیوں کو پاکستان سپر لیگ میں کھیلنے یا شریک ہونے کی اجازت نہیں دی۔ یہ امر اہم ہے کہ متحدہ عرب امارات کے بعد پاکستان پہلی مرتبہ کسی اور خلیجی ریاست میں بین الاقوامی کرکٹ کھیلے گا۔