1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹی ٹوئنی ورلڈکپ، بھارت نے پاکستان کو ہرا دیا

عاطف توقیر19 مارچ 2016

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ ٹو میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پاکستان کو شکست دے دی۔ پاکستان کی جانب سے دیا گیا ایک کمزور ہدف بھارتی بلے بازوں نے بآسانی حاصل کر دیا۔

https://p.dw.com/p/1IGQG
Bangladesch World T20 cricket tournament - Team Pakistan - Shahid Afridi
تصویر: Getty Images/AFP/M. Uz Zaman

بھارتی کپتان مہیندر سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ کولکتہ میں ہونے والی بارش کی وجہ سے نہ صرف میچ تاخیز سے شروع ہوا، بلکہ میچ کو 18، 18 اوورز کا کر دیا گیا۔ بارش کا واضح اثر اس میچ میں کم رنز کی صورت میں بھی نظر آیا، جہاں پچ پریشان کن حد تک اسپنرز کے حق میں تھی۔

دھونی نے انہی حالات کو دیکھتے ہوئے اپنی ٹیم میں زیادہ اسپنر کھلائے تاہم پاکستانی ٹیم میں کوئی اسپیشلسٹ اسپنر شامل کرنے کی بجائے چار فاسٹ بالرز رکھے گئے۔

پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 18 اوورز میں 118 رنز بنائے اور اس کے پانچ کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ بھارت نے ہدف کا تعاقب شروع کیا، تو اس کی تین وکٹیں نہایت کم اسکور پر گر گئیں۔ اوپنر شرما دس رنز بنا کر محمد عامر کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے، جب کہ محمد سمیع نے دھون اور رائنا کو دو مسلسل گیندوں پر آؤٹ کیا۔ تاہم اس کے بعد ویرات کوہلی اور یووراج سنگھ نے اپنی وکٹ نہ گنوائی اور پہلے تو ایک ایک رنز کے ساتھ اسکور بورڈ کو حرکت دیتے رہے اور بعد میں تیز رفتاری سے رنز بنائے۔ یووراج سنگھ 24 رنز بنا کر وہاب ریاض کی بال پر آؤٹ ہوئے۔

یورآج کے بعد کپتان دھونی نے بھی کوہلی کا عمدہ ساتھ دیا اور کوہلی ہی کے ساتھ فتح کی لکیر عبور کی۔ بیٹنگ کے لیے اس انتہائی مشکل پچ پر ویرات کوہلی نصف سنچری بنانے والے واحد کھلاڑی تھے۔

اس سے قبل پاکستان نے اپنی اننگز کا آغاز کیا، تو بھارتی بولروں نے پاکستانی بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا۔ گو کے بھارتی بلے باز پاکستان کھلاڑیوں کی تیزی کے ساتھ وکٹیں گرانے میں کامیاب نہ ہوئے، تاہم ایڈن گاڑڈز کا یہ میدان تیز بیٹنگ کا مظاہرہ بھی نہ دیکھ پایا۔

پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والےکھلاڑی شعیب ملک تھے۔ جنہوں نے26 رنز بنائے۔ احمد شہزاد نے بھی 25 رنز بنائے۔ عمر اکمل نے بھی 22 رنز بنائے جب کہ شرجیل خان بھی 17 رنز کی اننگ کھیل پائے۔ گزشتہ میچ میں نہایت عمدہ کھیلنے والے کپتان شاہد آفریدی اس میچ میں کوئی بہتر کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔

بھارت کی جانب سے نہرا نے چار اوورز میں 20 رنز دے کر ایک وکٹ لی۔ ایشوِن نے تین اوورز میں 12 رنز دیے۔ بومرا نے چار اوورز میں 32 رنز دے کر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا، جب کہ رائنا نے ایک اوور میں چار رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ پانڈیا نے دو اوورز میں 25 رنز دیے اور ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔