1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاناما فیصلہ ’میاں بھی خوش اور خان بھی خوش‘

20 اپریل 2017

پاکستان میں پاناما کیس میں بیس اپریل کو سنائے جانے والے سپریم کورٹ کے فیصلے پر ہر کوئی اپنی اپنی کامیابی کا دعویٰ کر رہا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ماہرین کے مطابق یہ فیصلہ دراصل تحقیقاتی عمل کے تسلسل کا عدالتی حکم ہے۔

https://p.dw.com/p/2bcEm
Pakistan Unterstüzer Nawaz Sharifs vor Oberster Gerichtshof in Islamabad
تصویر: Reuters/F. Mahmood

وزیر اعظم نواز شریف کے ناقدین یہ کہہ رہے تھے کہ آج کے اس فیصلے میں یا تو سپریم کورٹ نواز شریف کو ان کے عہدے سے برطرف کر دے گی اور یوں قانون کی جیت ہو گی یا پھر نواز شریف جیت جائیں گے۔

پاکستانی سپریم کورٹ نے اپنا جو فیصلہ سنایا ہے، وہ متفقہ نہیں تھا۔ پانچ رکنی بینچ میں سے دو جج اس حق میں تھے کہ نواز شریف کو سربراہ حکومت کے عہدے سے علیحدہ ہو جانا چاہیے۔ تین ججوں کی رائے یہ تھی کہ پاناما کیس اور آف شور کمپنیوں کی مزید تفصیلی چھان بین کے لیے ایک مشترکہ تحقیقاتی ٹیم یا جے آئی ٹی تشکیل دی جائے۔

پاکستانی میڈیا میں اس فیصلے کے فوری بعد نظر آنے والے رد عمل اور تجزیوں میں ماہرین اور تجزیہ نگار یہ کہہ رہے ہیں کہ آج کا عدالتی فیصلہ بیک وقت کئی فریقوں کی جیت بھی ہے اور ناکامی بھی۔

پاکستان تحریک انصاف نواز شریف کو ان کے عہدے سے ہٹا دیے جانے کی توقع کر رہی تھی۔ ایسا نہیں ہوا۔ مسلم لیگ نون کا دعویٰ تھا کہ وزیر اعظم کے خلاف الزامات مسترد کر دیے جائیں گے، وہ بھی نہ ہوا۔

Bosnien-Herzegowina Pakistans Premierminister Nawaz Sharif
تصویر: picture-alliance/AP Photo/A. Emric

قومی احتساب بیورو کا خیال تھا کہ اس نے کرپشن کی روک تھام اور اس کیس کے سلسلے میں اپنی طرف سے پوری کاوشیں کی ہیں، لیکن عدالتی فیصلے کے مطابق نیب نامی اس ادارے کا کردار بھی نامکمل تھا۔

عدالت نے ایک وسیع مشترکہ تفتیشی ٹیم کے قیام کا حکم دیا ہے جو یہ پتہ چلائے گی کہ اس کیس میں نواز شریف کے اہل خانہ کی ملکیتی رقوم خلیجی عرب ریاست قطر کیسے پہنچی تھیں۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس مشترکہ تفتیشی ٹیم کے سامنے اپنے بیان دینے کے لیے وزیر اعظم نواز شریف کے بیٹوں حسن نواز اور حسین نواز کو بھی پیش ہونا پڑے گا۔

چند قانونی ماہرین کے مطابق پاناما کیس میں عدالتی فیصلہ دراصل یہی ہے کہ یہ کیس اور اس کی چھان بین ابھی جاری رہیں گے۔

اس بارے میں ڈی ڈبلیو نے جب پاکستان مسلم لیگ نون کے مرکزی رہنما احسن اقبال سے ان کا ردعمل دریافت کیا، تو انہوں نے کہا، "آج حق کی فتح ہوئی ہے اور جھوٹ کی شکست، پی ٹی آئی نے سراسر جھوٹ اور بدنیتی کی بنیاد پر یہ کیس بنایا تھا۔ اسی لیے فیصلہ ہمارے حق میں آیا، قوم خوش ہے کہ جھوٹے لوگ کیفر کردار تک پہنچے۔‘‘

پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما اور ریلوے کے وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف دو ہزار اٹھارہ تک کے لیے وزیر اعظم ہیں اور اس کے بعد اگلے پانچ سال کے لیے بھی وہی چاروں صوبوں میں حکومت بنائیں گے اور ان کی طرف سے پاکستان کو آگے لے جانے کا سفر جاری رہے گا۔

پاکستان تحریک انصاف کے ایک رہنما اور قومی اسمبلی کے رکن مجاہد علی نے آج کے عدالتی فیصلے کے بارے میں ڈی ڈبلیو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، "ہم تو اس فیصلے کو خوش آئند سمجھتے ہیں کہ دو جج حضرات نے ہمارے حق میں فیصلہ دیا اور باقی تین نے بھی اپنے تحفظات کا اظہار کمیٹی بنانے کی صورت میں کیا۔ دراصل یہی ہماری جیت ہے۔ تاہم توقعات کی جہاں تک بات ہے تو ہم نے سوچا تھا کہ نواز شریف کی بادشاہت کا دور آج ختم ہو جائے گا لیکن، چلیں، تھوڑا اور انتظار کر لیتے ہیں۔ ہمیں پوری امید ہے کہ فائنل فیصلہ ہمارے ہی حق میں آئے گا۔‘‘

ادھر پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان نےعدالت کے اس فیصلے کے بعد بنی گالہ میں پریس کانفرنس میں نواز شریف سے فوری استعفے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اس عدالتی فیصلے کے بعد وہ اپنے عہدے پر فائز رہنے کا اخلاقی جواز کھو چکے ہیں۔ وہ صادق اور امین نہیں ہیں، اس لیے نئی بنائی جانے والی تحقیقاتی کمیٹی وزیر اعظم کے استعفے کے بغیر کام نہیں کر سکتی۔

Pakistan Protesten vor Oberster Gerichtshof in Islamabad
تصویر: Reuters/C. Firouz

معروف صحافی اور تجزیہ نگار اقبال خٹک نے ڈی ڈبلیو کو بتایا،’’یہ فیصلہ آنے میں کئی ہفتے لگے، میڈیا کوریج نے اس فیصلے کو پہلے ہی سے بڑھا چڑھا کر پیش کیا تھا۔ وزیر اعظم کے بارے میں یہ مقدمہ تھا، تو نیوز ویلیو تو اس کی بنتی تھی، لیکن روزانہ کی بنیاد پر اس پر بیان بازی اور جو ٹاک شوز نشر کیے گئے، ان میں قانونی کی بجائے سیاسی پہلوؤں پر ہر طرح کی بات کی گئی، حالانکہ یہ ایک عدالتی معاملہ تھا نہ کہ سیاسی۔ تو میڈیا عوامی اور سیاسی پارٹیوں کی امیدوں کو اس حد تک آگے لے گیا تھا کہ ایسا لگ رہا تھا کہ بس اب معاملہ آر یا پار ہونے کو ہے۔‘‘

اقبال خٹک کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ تو زیادہ تر ایک اپیل فورم ہے، وہ مقدمہ چلانے کا فورم ہے ہی نہیں،’’یہی وجہ ہے کہ جب یہ فیصلہ آیا، تو ظاہر ہے کہ ایک پارٹی کو یہ لگا کہ اس کا سب کچھ کھو گیا ہے اور دوسری کو لگا کہ اس نے کوئی بہت بڑا معرکہ مار لیا ہے۔ حالانکہ ایسا کچھ بھی نہیں ہوا۔ یہ سب عوام میں ہیجان پھیلانے، ریاست کے بارے میں منفی رائے کے تسلسل اور عدلیہ کو جیسے بلاوجہ متنازعہ بنا دینے کا موجب بنا ہے۔‘‘

عصمت جبیں، اسلام آباد