1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پانچ سال سے بے ہوش آریل شارون ہسپتال سے گھر منتقل

12 نومبر 2010

قریب پانچ برس سے ایک ہسپتال میں بے ہوشی کے شکار سابق اسرائیلی وزیر اعظم آریل شارون کو جمعہ کو ان کی صحرائی رہائش گاہ منتقل کر دیا گیا۔ یہ بات یروشلم میں سرکاری حکام نے بتائی۔

https://p.dw.com/p/Q718
شارون جنوری 2006 سے کوما میں ہیںتصویر: dpa - Bildfunk

اس وقت آریل شارون کی عمر 82 برس ہے۔ انہیں آئندہ طبی امداد Sycamore Farm نامی ان کی اس صحرائی رہائش گاہ پر ہی مہیا کی جائے گی، جہاں ماضی میں وہ سربراہ حکومت کے طور پر مختلف اجلاسوں کے لئے اپنی کابینہ کے ارکان اور مشیروں کو طلب کیا کرتے تھے۔

شارون سیاست میں آنے سے پہلے اسرائیلی فوج میں جنرل کے عہدے پر فائز رہے تھے۔ جنوری 2006 میں ان کے دماغ کی ایک شریان پھٹ گئی تھی۔ انہیں علاج کے لئے ہسپتال داخل کرا دیا گیا تھا، جہاں وہ آج تک بے ہوشی کی حالت میں زیر علاج تھے۔ اب انہیں اسی کوما کی حالت میں ان کے صحرائی فارم پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

Ariel Scharon und Benjamin Netanyahu
آریل شارون 2003 میں نیتن یاہو کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئےتصویر: AP

آریل شارون کی ہسپتال سے منتقلی کے بارے میں تل ابیب میں شیبا میڈیکل سنٹر کے مریضوں کی بحالی کے ڈائریکٹر پروفیسر شلومو نوئے نے کہا کہ آج 2010 میں ہمارے ہسپتال کی خواہش ہے، بلکہ کسی مریض کی بھی یہی خواہش ہو گی کہ اگر ممکن ہو تو طویل عرصے سے زیر علاج مریض اپنی برادری اور اپنے گھروں کو واپس چلے جائیں۔ مسلسل بے ہوشی یا کوما میں چلے جانے کے بعد سے سابق وزیر اعظم شاروں کی طبی دیکھ بھال اسی میڈیکل سینٹر میں کی جا رہی تھی۔

اس بارے میں کہ آیا آریل شارون کبھی دوبارہ صحت مند ہو کر معمول کی زندگی میں لوٹ سکیں گے، پروفیسر نوئے نے اسرائیلی آرمی ریڈیو کو بتایا کہ ان کی ہسپتال سے منتقلی کے پیچھے واضح طور پر یہ امید بھی ہے کہ آریل شارون کی حالت بہتر ہو جائے گی۔

کہا جاتا ہے کہ شارون ابھی تک پہلے کی طرح بہت بھاری بھر کم ہیں۔ ان کی بیماری سے قبل ان کے مزاحیہ خاکے بنانے والے کارٹونسٹ اسی موٹاپے کے باعث ان کے لئے طنزیہ طور پر بلڈوزر کا لفظ استعمال کرتے تھے۔

شارون کا علاج کرنے والے ایک ڈاکٹر کے مطابق سابق وزیر اعظم مکمل طور پر کوما یا گہری بے ہوشی کی حالت میں نہیں ہیں۔ اس ڈاکٹر نے ایک امریکی آن لائن جریدے کو بتایا تھا کہ آریل شارون کی آنکھیں کھلی ہیں، وہ بظاہر دوسروں کی موجودگی کو کسی حد تک محسوس بھی کرتے ہیں۔ مگر وہ اس حالت میں نہیں کہ ان کے ساتھ اشاروں یا کسی اور طرح سے بات چیت یا ابلاغ ممکن ہو۔

ایک فوجی کمانڈر کے طور پر 1973 کی جنگ میں مصری فوج کو پسپا کرنے میں آریل شارون کا کردار بہت اہم تھا۔ اسرائیلی وزیر دفاع کے طور پر 1982 میں لبنان پر فوجی حملے کا منصوبہ بھی انہوں نے ہی تیار کیا تھا۔ لبنان میں اسرائیل کے اتحادی کرسچین ملیشا گروپوں کی طرف سے فلسطینی مہاجرین کے قتل عام کے بعد وہ وزیر دفاع کے طور پر مستعفی ہو نے پر مجبور کر دئے گئے تھے۔

ڈاکٹروں کے مطابق صحرائے نجف میں شارون کی تمام طبی سہولیات کے ساتھ ان کے فارم پر منتقلی کا عمل مکمل ہونے میں 48 گھنٹے لگ سکتے ہیں۔ ہو سکتا ہے کہ بعد میں انہیں تفصیلی طبی معائنوں کے لئے وقفے وقفے سے واپس ہسپتال بھی لانا پڑے۔

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید