1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستانیوں کے شبہات 'کسی حد تک جائز' ہیں، امریکی وزیر دفاع

14 اگست 2009

امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس نے کہا ہے کہ واشنگٹن کے بارے میں پاکستانیوں کے شکوک و شبہات کسی حد جائز ہیں۔ وہ جمعرات کو واشنگٹن میں ایک نیوز کانفرنس کے دوران Pew Research Centre کے تازہ سروے پر سوالوں کے جواب دے رہے تھے۔

https://p.dw.com/p/J9NO
رابرٹ گیٹس گزشتہ برس افغانستان کے دورہ کے موقع پر ڈرون طیارے کے پاس کھڑے ہیںتصویر: AP

اس سروے کے مطابق 64 فیصد پاکستانی امریکہ کو اپنا دشمن تصور کرتے ہیں۔ تاہم پاکستان کے 53 فیصد شہری واشنگٹن سے بہتر تعلقات کے خواہاں ہیں۔

رابرٹ گیٹس نے کہا کہ پاکستانیوں کی امریکہ سے نفرت کی ایک وجہ یہ ہے کہ واشنگٹن نے گزشتہ تین دہائیوں میں دو مرتبہ پاکستان کو تنہا چھوڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا ایک مرتبہ سویت یونین کی جانب سے افغانستان چھوڑنے پر ہوا جبکہ دوسری مرتبہ 1990 ءکی دہائی میں جوہری تجربوں پر امریکی پابندیوں کےباعث۔

رابرٹ گیٹس نے کہا کہ کسی حد تک پاکستانیوں کایہ سوال جائز ہے کہ امریکہ کب تک پاکستان کے ساتھ وابستگی رکھے گا اور اسلام آباد میں واشنگٹن کی حالیہ دلچسپی کی وجہ کہیں افغانستان جنگ تو نہیں۔

Taliban in Afghanistan
ستر فیصد پاکستانی طالبان کے مخالف ہیں، سروےتصویر: AP

امریکی وزیر دفاع کا موقف تھا کہ پاکستانی عوام کا اعتماد جیتنے میں امریکہ کو کچھ وقت درکار ہے تاکہ وہ جان سکیں کہ امریکہ ان کا دوست اور اتحادی ملک ہے۔ رابرٹ گیٹس نے کہا کہ وہ آئندہ آٹھ ماہ کے دوران پاکستان کا دورہ کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ طالبان اور القاعدہ کے خلاف جنگ میں امریکہ پاکستان کو اہم اتحادی قرار دیتا ہے تاہم مبینہ طور پر امریکی ڈرون طیارے پاکستان کے قبائلی علاقوں پر حملے کرتے رہتے ہیں۔ بعض پاکستانی حلقے اس امریکی اقدام کو ملکی خودمختاری کے منافی قرار دیتے ہیں۔

Pew Research Centre کے اس سروے کے مطابق طالبان کے بارے میں بھی پاکستانیوں کی رائے میں واضح تبدیلی آئی ہے اور ملک کے 70 فیصد عوام طالبان عسکریت پسندوں کئے خلاف جبکہ صرف دس فیصد اس کے حامی ہیں۔گزشتہ سال اسی سروے میں صرف 33 فیصد پاکستانیوں نے طالبان کی مخالفت کی تھی جبکہ 27 فیصد اس کے حامی تھے۔

رپورٹ: ندیم گل

ادارت: عاطف بلوچ