1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستانی اداکار سید کمال انتقال کرگئے

1 اکتوبر 2009

پاکستانی فلم انڈسٹری کے نامور اداکار سید کمال کا آج کراچی میں انتقال ہوگیا ہے۔ وہ پچھلے کافی برسوں سے امراضِ قلب میں مبتلا تھے۔ کمال کے سوگواران میں ان کی بیوہ، تین لڑکیاں اور بیٹا غالب کمال شامل ہیں۔

https://p.dw.com/p/JvSs

پاکستانی میڈیا کے مطابق سید کمال کے دل میں شدید تکلیف تھی اور اسی لئے ان کو گزشتہ روز کراچی کے ایک اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا، جہاں وہ دل کی تکلیف کے باعث انتقال کرگئے۔

ساٹھ اور ستر کی دہائیوں میں ’’پاکستانی راج کپور‘‘ کے نام سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے سید کمال نے بہت سی سپر ہٹ فلمیں کیں، جن میں طوبٰی، روڈ ٹو سوات، انسان اور گدھا، بہن بھائی اور آشیانہ قابل ذکر ہیں۔ اس کے علاوہ اپنے کیریئر کے اختتام پر انہوں نے سیاست نامی فلم بنائی، جبکہ لالی وڈ کی نامور فلم ’چلو عشق لڑائیں‘ کی ہدایت کاری کی۔ سید کمال نے فلم انڈسٹری سے ریٹائرمنٹ کے بعد ملکی سیاست میں بھی حصہ لیا۔

پاکستانی وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے اداکار کمال کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کمال کی پاکستانی فلم انڈسٹری کے لئے خدمات برسوں تک یاد رکھی جائیں گی۔ گیلانی نے کہا کہ مرحوم اداکار نے پاکستان کی فلم انڈسٹری کو اداکاری اور ہدایت کاری کے شعبوں میں نئے اطوار متعارف کروائے۔ سندھ کے گورنر ڈاکٹر عشرت العباد نے بھی سید کمال کی وفات پر ان کے اہل و عیال سے شدید رنج کو غم کا اظہار کیا ہے۔

رپورٹ: انعام حسن

ادارت: امجد علی