1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستانی تارک وطن کی لائپزگ میں خود کُشی

3 اپریل 2017

ایک28 سالہ پاکستانی تارک وطن نے جرمنی کے شہر لائپزگ میں ہوٹل کی چھت سے چھلانگ مار کر خودکشی کر لی ہے۔

https://p.dw.com/p/2aZOH
Symbolbild Feuerwehr Berlin Notarzt
تصویر: picture-alliance/dpa/W. Steinberg

تيس مارچ بروز جمعرات دوپہر 14:15 بجے پاکستانی تارک وطن نے لائپزگ شہر کے وسطی علاقے میں واقع ’سی سائڈ پارک ہوٹل‘ کی عمارت کی چھت سے کود کر اپنی جان لے لی۔ مقامی اخبار لائپژگر فولکس سائیٹنگ کے مطابق پاکستانی تارک وطن کو خود کُشی کے اس واقعے میں فوری طور پر شدید زخم آئے تھے۔ تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ایک گھنٹے کے اندر ہی  ہسپتال میں دم توڑ گیا۔

مختلف ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق 28 سالہ تارک وطن کا نام فیصل ع. تھا۔ فیصل کا تعلق صوبہ پنجاب کے شہر شیخوپورہ سے تھا۔ وہ سال 2015 میں اٹلی سے جرمنی پہنچا تھا اور جرمنی میں اس نے سیاسی پناہ کی درخواست دے رکھی تھی۔

ذرائع نے ڈی ڈبلیو اردو کو بتایا کہ فیصل کی میت پاکستان بھیجنے کے لیے ضروری انتظامات کیے جارہے ہیں۔ ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ میت پاکستان بھیجنے کے لیے قانونی کارروائی تقریباً مکمل ہو چکی ہے۔ رواں ہفتے میں ہی میت کو فیصل کے آبائی شہر شیخوپورہ پہنچا کر اُس کے لواحقین کے حوالے کر دیا جائے گا۔

تاہم لائپژگر فولکس سائیٹنگ کے مطابق پولیس کے پاس پاکستانی تارک وطن فیصل کے حوالے سے ماضی میں بھی خودکشی کرنے کی کوششوں کی رپورٹ درج کرائی گئی تھی۔ واقعے کی تفصیلات کے سلسلے میں پولیس کی جانب سے تفتیش جاری ہے۔

واضح رہے کہ جائے وقوعہ پر موجود لوگوں نے فیصل کے عمارت سے چھلانگ لگانے کے واقعے کو موبائل فون سے فلم بند کیا تھا، جس کے بعد بیشتر سماجی ویب سائٹس پر یہ ویڈیو وائرل ہو گئی۔

’للہ اپنی جانوں کو خطرے ميں نہ ڈاليں‘

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں