1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستانی خاندان نے طالبان کی مدد کے الزامات ردّ کر دیے

16 مئی 2011

طالبان کی مالی مدد کرنے کے الزام میں گرفتار فلوریڈا کے پاکستانی نژاد امام مسجد حافظ محمد شیر علی خان کی بیٹی آمنہ بی بی نے اپنے بیٹےاور خاندان کے دیگر افراد پر لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/11GaN
تصویر: picture alliance / dpa

اتوار کو ضلع سوات کی تحصیل کبل میں اپنی رہائش گاہ پرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے آمنہ بی بی اور ان کے بیٹے کا کہنا تھا کہ امریکہ میں ان کے اہلخانہ کی گرفتاری ان کے لیے باعث حیرت ہے۔

عالم زیب اور ان کی والدہ کا کہنا تھا کہ ان کا طالبان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بھیجی گئی رقم سے سوات آپریشن کے نتیجے میں بے گھر ہونے والوں کی مدد کی گئی تھی۔

آمنہ بی بی نے بتایا کہ اُن کے والد امریکی ریاست فلوریڈا میں گزشتہ 17 سال سے مقیم ہیں اور وہ ان سے ملنے پانچ برس قبل وہاں گئی تھیں۔ فرسٹ ائیر کے طالب علم عالم زیب کا خبر رساں ادارے روئٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ان کا طالبان سے کوئی تعلق نہیں ہے اور امریکی الزامات بے بنیاد ہیں۔

عالم زیب کے مطابق ان کے نانا کی طرف سے بھیجی گئی رقوم سے انہوں نے اپنے غریب رشتہ داروں کی مدد کی تھی، جن کے گھر سوات جنگ کے دوران تباہ ہو گئے تھے، ’گرفتاری سے پہلے امریکی حکام کو سراغ لگانا چاہیے تھا کہ رقم کدھر گئی ہے۔‘

NO FLASH Taliban in Pakistan
ایف بی آئی حکام کا کہنا تھا کہ رقوم بھیجنے کا مقصد طالبان کو ہتھیار خریدنے میں مالی مدد فراہم کرنا تھاتصویر: picture alliance/dpa

ان کا مزید کہنا تھا کہ کچھ رقم مدرسے کی تعمیر نو کے لیے بھی خرچ کی گئی تھی۔ عالم زیب کے مطابق پاکستانی حکام کی طرف سے ان کی والدہ آمنہ بی بی اور دوست علی رحمان سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔

امریکہ کی طرف سے ان تمام افراد پر بیرون ملک قتل، اغوا اور پاکستانی طالبان کو مالی مدد فراہم کرنے کا الزام ہے۔ واشنگٹن حکومت پاکستانی طالبان کو دہشت گرد تنظیم قرار دے چکی ہے۔ ایف بی آئی حکام کا کہنا تھا کہ یہ چھ افراد کا نیٹ ورک تھا اور رقوم بھیجنے کا مقصد طالبان کو ہتھیار خریدنے میں مالی مدد فراہم کرنا تھا۔ اگر یہ الزامات ثابت ہو جاتے ہیں تو ان میں سے ہر ایک کو کم از کم 15 سال قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔

76 سالہ محمد حافظ شیر علی خان اور ان کے 24 سالہ بیٹے اظہر خان کو جنوبی فلوریڈا میں گرفتار کیا گیا تھا،جب وہ نماز پڑھ کر فارغ ہوئے تھے۔ حافظ شیر علی خان میامی میں ایک مسجد کے امام ہیں۔ شیر علی خان کے بڑے بیٹے عرفان خان کو لاس اینجلس میں ایک ہوٹل کے کمرے سے گرفتار کیا گیا تھا۔ عرفان خان کی عمر 37 برس ہے اور وہ فلوریڈا کی ایک مسجد میں امام ہیں۔

رپورٹ: امتیاز احمد

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں