1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستانی ریکارڈ: نجی شعبے کی کمپنی کا مہنگا ترین ٹیک اوور

مقبول ملک3 مارچ 2016

ڈیری مصنوعات تیار کرنے والی ایک ڈچ کمپنی پاکستان میں پرائیویٹ سیکٹر کے ایک ادارے کو قریب نصف بلین ڈالر کے عوض خریدنے والی ہے۔ یہ غیر ملکی خریداری پاکستان کے اقتصادی تاریخ میں اپنی نوعیت کا سب سے بڑا سودا ہو گی۔

https://p.dw.com/p/1I6tp
Bildergalerie Anuga Lebensmittelmesse 2013 Warenangebot in Deutschland
تصویر: picture-alliance/dpa

پاکستانی صوبہ سندھ کے دارالحکومت اور بندرگاہی شہر کراچی سے، جو ملک کا تجارتی اور مالیاتی مرکز بھی ہے، جمعرات تین مارچ کو ملنے والی نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق دودھ سے مختلف مصنوعات تیار کرنے والی ہالینڈ کی جو کمپنی ایک پاکستانی ادارے کو خریدنا چاہتی ہے، اس کا نام فریزلینڈ کامپینا انٹرنیشنل ہولڈنگ ہے اور وہ اشیائے خوراک تیار کرنے والے ایک بہت بڑے پاکستانی ادارے اینگرو فوڈز لیمیٹڈ کو خریدنے کی تیاریاں کر رہی ہے۔

اینگرو فوڈز پاکستان میں اپنے شعبے کی ایک بہت بڑی نجی کمپنی ہے، جسے خریدنے کے لیے فریزلینڈ کامپینا کی طرف سے اس ادارے میں قریب 460 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ اس کے جواب میں اس ڈچ ڈیری پراڈکٹس کمپنی کو اینگرو فوڈز کے 51 فیصد حصص حاصل ہو جائیں گے۔

اے ایف پی نے اس بارے میں اپنی رپورٹوں میں لکھا ہے کہ قریب نصف بلین امریکی ڈالر کے عوض فریزلینڈ کامپینا کا اس طرح اینگرو فوڈز کو خرید لینا پاکستانی معیشت کی تاریخ میں نجی شعبے کے کسی ملکی ادارے کی کسی غیر ملکی کمپنی کو فروخت کا آج تک کا سب سے مہنگا کاروباری سودا ہو گا۔

پاکستانی اسٹاک ایکسچینج (PSX) میں حصص کی تجارت کے حوالے سے اینگرو فوڈز کا شمار ملک کی سب سے بڑی listed کمپنیوں میں ہوتا ہے۔ اینگرو فوڈز کے فریزلینڈ کامپینا کی طرف سے آئندہ تقریباﹰ یقینی طور پر خرید لیے جانے کی اطلاع جمعرات تین مارچ کو اس سٹاک ایکسچینج کی ویب سائٹ پر ایک نوٹیفیکیشن کے ذریعے دی گئی۔

بتایا گیا ہے کہ اس ڈیل کے نتیجے میں اینگرو فوڈز کے حصص کی موجودہ قدر و قیمت کے مطابق اسے خریدنے والی ڈچ کمپنی اس میں کم از کم بھی 460 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔ اس بارے میں اسٹینڈرڈ کیپیٹل سکیوریٹیز نامی ادارے کے تحقیقی شعبے کے سربراہ اور معروف اقتصادی تجزیہ کار فیصل شاہ جی نے اے ایف پی کو بتایا، ’’اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ پاکستان میں پرائیویٹ سیکٹر میں کسی ادارے کے کسی غیر ملکی کمپنی کی طرف سے خرید لیے جانے کی آج تک کی سب سے بڑی ڈیل ہو گی۔‘‘ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس سودے کے لیے مالیاتی مشیر کا کام سٹی بینک پاکستان کی طرف سے کیا جا رہا ہے۔

Dollarnoten
’اس ڈیل سے پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافے میں بڑی مدد ملے گی‘تصویر: Fotolia/pioneer

فیصل شاہ جی کے بقول اس کاروباری ڈیل پر پاکستان کے ایک ابھرتی ہوئی جنوبی ایشیائی معیشت ہونے کی وجہ سے بہت سے غیر ملکی سرمایہ کار بہت قریب سے نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پر عالمی سطح پر کارپوریٹ سیکٹر کے بہت سے بڑے ادارے نظریں جمائے بیٹھے ہیں اور اس ڈیل سے پاکستان کی اقتصادی اور مالیاتی ساکھ بہتر بنانے میں مزید مدد ملے گی۔

اے ایف پی کے مطابق اگر فریزلینڈ کامپینا کی طرف سے اینگرو فوڈز کو خرید لینے کی یہ ڈیل اپنی کامیاب تکمیل تک پہنچ گئی، تو اس سے پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو بھی بہت فروغ ملے گا، خاص طور پر اس وجہ سے بھی کہ موجودہ مالی سال کے پہلے سات ماہ کے دوران پاکستان میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری یا FDI کی شرح 57 فیصد کم ہو کر صرف 336 ملین ڈالر رہ گئی تھی۔