1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستانی صدر کا سندھ میں سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ

13 اگست 2010

پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا ہے۔ انہوں نے جمعرات کو متاثرین کے لئے قائم کردہ کیمپوں میں امدادی سامان بھی تقسیم کیا۔ سیلاب زدہ علاقوں کے لئے یہ ان کا پہلا دورہ ہے۔

https://p.dw.com/p/Ombw
پاکستان کے صدر آصف زرداریتصویر: Abdul Sabooh

پاکستانی صدر آصف زرداری اپنے حالیہ غیرملکی دوروں پر تنقید کے بعد جمعرات کو پہلی مرتبہ کسی سیلاب زدہ علاقے میں پہنچے۔ صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر کا کہنا ہے کہ صدر نے صوبہ سندھ کے علاقے سکھر میں امدادی کیمپ کا دورہ کیا۔ انہوں نے سکھر بیراج کا معائنہ بھی کیا جبکہ متاثرین سے گھروں کی تعمیر کا وعدہ کیا۔

اس موقع پر انہیں صوبہ سندھ میں ہونے والے نقصان اور امدادی کارروائیوں کی بریفنگ دی گئی۔ خبررساں ادارے AFP نے مقامی حکام کے حوالے سے بتایا کہ صدر نے ایک کیمپ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے متاثرین میں امدادی اشیا تقسیم کیں۔

گزشتہ ہفتے زرداری کو یورپی ممالک کا دورہ جاری رکھنے پر سیلاب زدگان اور اپوزیشن پارٹیوں کی جانب سے تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ملکی تاریخ کے اس بدترین سیلاب کے وقت ان پر ملک میں موجود رہنے کے لئے دباؤ ڈالا گیا تھا۔

زردای نے یورپی ممالک کا دورہ جاری رکھنے کے اپنے فیصلے کا دفاع کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے لندن اور پیرس کے حکام سے ملاقاتوں کو سیلاب زدگان کی امداد کے لئے استعمال کیا۔

دوسری جانب مرکزی اپوزیشن جماعت پاکستان مسلم لیگ نواز نے زرداری کے سیلاب زدہ علاقوں کے دورے پر بھی تنقید کی ہے۔ اس جماعت کے ترجمان صدیق الفاروق کا کہنا ہے کہ وہ ملک کے صدر ہیں اور انہیں صدر کا سا رویہ اختیار کرنا چاہئے۔

No Flash Pakistan Überschwemmung
پاکستانی صدر نے متاثرین کے لئے گھروں کی تعمیر کا وعدہ بھی کیاتصویر: AP

اس سیلاب کے باعث ملک بھر میں تقریبا ڈیڑھ کروڑ لوگ متاثر ہیں جبکہ 20 لاکھ افراد کو فوری طور پر سرچھپانے کی جگہ درکار ہے۔ بیشتر افراد مرکزی سڑکوں کے کنارے اور بڑے شہروں کے اطراف لگائے گئے خیموں میں پناہ لئے ہوئے ہیں۔

پاکستان کا کہنا ہے کہ حالیہ سیلاب سے ڈیڑھ سے دو کروڑ افراد کو براہ راست یا بالواسطہ خطرہ لاحق ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق کم از کم 1600 افراد پہلے ہی اپنی جانیں کھو چکے ہیں جبکہ اسلام آباد حکومت نے 1343 اموات کی تصدیق کی ہے۔

دوسری جانب امریکہ نے پاکستان میں امدادی کارروائیوں کے لئے اپنی مالی معاونت دو کروڑ 10 لاکھ ڈالر تک بڑھا دی ہے، جسے واشنگٹن انتظامیہ کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنے اہم اتحادی کے ساتھ اس مشکل وقت میں ساتھ کھڑے رہنا کا اشارہ قرار دیا جا رہا ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں