1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستانی طالبان نے انگریزی میں خواتین کا جریدہ جاری کر دیا

اشتیاق محسود، ڈیرہ اسماعیل خان
8 اگست 2017

ممنوعہ عسکریت پسند تنظیم تحریک طالبان پاکستان یا ٹی ٹی پی کی جانب سے تعلیم یافتہ خواتین کو اپنی طرف مائل کرنے کے لیے انگریزی زبان میں ایک ایسا آن لائن جریدہ جاری کر دیا گیا ہے، جسے ’سنتِ خولہ‘ کا نام دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2hssY
تصویر: picture-alliance/dpa/B. Roessler

اس شدت پسند تنظیم کی سوچ کے پرچار کے لیے جاری کیے گئے اس جریدے کے پہلے شمارے میں خاص بات ڈاکٹر خولہ بنت عبدالعزیز کہلانے والی ایک خاتون کا  انٹرویو ہے، جو خود کو ایک پاکستانی فوجی کی بیٹی بتاتی ہے۔ اس جریدے کے اولین شمارے کے مطابق پاکستان کے شہر لاہور سے ایم بی بی ایس کی ڈگری  حاصل کرنے کے بعد یہ خاتون اپنے طرز زندگی سے نا خوش ہو کر انتہا پسندی کی طرف مائل ہو گئی تھیں۔

لاہور میں دھماکا، طالبان نے ذمہ داری قبول کر لی

پشاور میں پیراملٹری دستوں پر خود کش حملہ، دو فوجی ہلاک

اس آن لائن شمارے میں ڈاکٹر خولہ بنت عبدالعزیز کے بارے میں لکھا گیا ہے کہ وہ کون ہیں اور انہوں نے تحریک طالبان پاکستان میں شمولیت کیوں اختیار کی؟ پاکستانی طالبان نے اس آن لائن انگریزی میگزین کے ذریعے کن لوگوں تک اپنا پیغام پہنچانے کی کوشش کی ہے، اس حوالے سے اس ممنوعہ عسکریت پسند تنظیم کے ایک کمانڈر نے اپنا نام خفیہ رکھنے کی شرط پر ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ ڈاکٹر خولہ بنت عبدالعزیز دراصل تحریک طالبان کے ایک اہم کمانڈر عدنان رشید کی اہلیہ ہیں، جو ڈاکٹر عائشہ کے نام سے بھی جانی جاتی ہیں۔

خودکش بمبار کیسے تیار کیے جاتے ہیں؟

ٹی ٹی پی کے اسی اہم ذریعے نے بتایا کہ ڈاکٹر عائشہ کا تعلق پاکستان کے زیر انتظام کشمیر سے ہے، اور انہوں نے اپنی میڈیکل  کی تعلیم لاہور میں مکمل کی تھی۔ بعد ازاں طبی تعلیم ہی کے سلسلے میں ڈاکٹر عائشہ کا کچھ وقت کینیڈا اور آسٹریلیا میں بھی گزرا تھا۔

طالبان کے اندرونی حلقوں سے ملنے والی قابل اعتماد معلومات کے مطابق ڈاکٹر عائشہ ایک اور ممنوعہ عسکریت پسند تنظیم  لشکر جھنگوی کے دو عسکری کمانڈروں استاد علی اور استاد اسلم کی مدد سے 2012 میں پاکستانی قبائلی علاقے شمالی وزیرستان پہنچی تھیں، جہاں بعد میں ان کی شادی کمانڈر عدنان رشید سے کر دی گئی تھی۔

خیبر پختونخوا میں پھر ایک پولیو ورکر کو قتل کر دیا گیا

’کھلونا‘ تو بم تھا، جنوبی وزیرستان میں چھ بچے ہلاک

عدنان رشید پاکستان ایئر فورس کا ملازم رہ  چکا ہے جبکہ جنرل پرویز مشرف پر ناکام خود کش حملوں کے جرم میں وہ شمالی وزیرستان سے متصل شہر بنوں کی ایک جیل میں قید تھا۔ عدنان رشید 2012  میں بنوں جیل سے فرار ہو کر اس وقت شمالی وزیرستان پہنچ گیا تھا، جب طالبان حملہ آوروں نے اس جیل پر دھاوا بول دیا تھا۔

Adnan Rashid Pakistan Taliban
ٹی ٹی پی کے کمانڈر عدنان رشید کی شمالی وزیرستان میں لی گئی ایک تصویرتصویر: picture-alliance/dpa

یہ پتہ بھی چلا ہے جیل سے فرار کے بعد عدنان رشید کی شادی  ڈاکٹر عائشہ سے شمالی وزیرستان میں ہوئی تھی۔ پاکستانی طالبان کے ذرائع کے مطابق عدنان رشید اور ڈاکٹر عائشہ تحریک طالبان پاکستان کے کئی دیگر شدت پسندوں کے ساتھ ہمسایہ ملک افغانستان کے ایک سرحدی پہاڑی سلسلے میں ایک نامعلوم مقام پر رہائش پذیر ہیں۔

ٹی ٹی پی کے ایک دوسرے عسکری کمانڈر نے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ ڈاکٹر عائشہ اعلیٰ تعلیم یافتہ ہونے کے باعث اس عسکریت پسند تنظیم کی ایک مؤثر خاتون کارکن ہیں۔

اس کمانڈر کے مطابق ڈاکٹر عائشہ نے پولیو ویکسین کے مضمرات  کے حوالے سے  یو ٹیوب پر ایک تفصیلی ویڈیو بیان ’پولیو ویکسین کی حقیقت‘ کے نام سے جاری کیا تھا۔ ’’شمالی وزیرستان میں پاکستانی فوج کے مسلح آپریشن ضربِ عضب کے آغاز کے فوراﹰ بعد ڈاکٹر عائشہ افغانستان منتقل ہو گئی تھیں، جہاں وہ  طب اورخصو صاﹰ طالبان کے میڈیا  کے ذریعے مسلح کارروائیوں میں خواتین کے کردار کو واضح کرتے ہوئے دیگر خواتین کو ٹی ٹی پی کی طرف مائل کرنے کاکام کر رہی ہیں۔ ’’خواتین کے انگریزی آن لائن جریدے ’سنتِ خولہ‘ کی اشاعت میں بھی ڈاکٹر عائشہ کا کردار مرکزی نوعیت کا ہے۔‘‘

Pakistan Taliban-Sprecher Ehsanullah Ehsan & Adnan Rasheed
تحریک طالبان پاکستان کے (اب سابق) ترجمان احسان اللہ احسان، بائیں، کی عدنان رشید کے ساتھ جنوبی وزیرستان میں فروری دو ہزار تیرہ میں لی گئی ایک تصویرتصویر: Getty Images/AFP/H. Muslim

دوسری طرف پاکستان میں سکیورٹی امور کے تجزیہ کار بریگیڈیئر ریٹائرڈ سعد محمد نے ٹی ٹی پی  کے طرف سے خو اتین کے لیے انگریزی زبان کے اس آن لائن جریدے کے اجراء کے حوالے سے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ پاکستانی طالبان کی اس کوشش سے ثابت ہو گیا ہے کہ دقیانوسی نظریات کی حامل اس تنظیم کو بھی اب سوشل میڈیا کی اہمیت کا اندازہ ہو گیا ہے۔

بریگیڈیئر ریٹائرڈ سعد محمد نے کہا، ’’خواتین کے لیے انگریزی زبان میں اس جریدے کی اشاعت  کے ذریعے انہوں نے درمیانے اور درمیانے سے اوپرکے سماجی طبقات کی ان خواتین تک اپنا پیغام پہنچانے کی کوششں کی ہے، جو انگریزی زبان سمجھتی ہیں۔‘‘

افغانستان کے لیے امریکی حکمتِ عملی ہے کیا؟

افغانستان میں مزید امریکی فوجی قبول نہیں، حکمت یار

انہوں نے اس قسم کے میگزین کی اشاعت کو طالبان کو ایسی کوشش کا نام دیا، جس کے ذریعے وہ اس شکست کے اثرات کو زائل کرنا چاہتے ہیں، جو انہیں پاکستانی حکومت کی پالیسی اور فوج کی کارروائیوں کی وجہ سے اٹھانا پڑ رہی ہے۔ تاہم سعد محمد نے یہ بھی کہا کہ اگر طالبان کے سوشل میڈیا پر ’سنتِ خولہ‘ کی اشاعت جیسے اقدامات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات نہ کیے گئے، تو عسکریت پسندوں ایسی کاوشیں ملک میں انگریزی پڑھنے اور سمجھنے والی خواتین کو کسی حد تک متاثر کر سکتی ہیں۔

امداد کے بدلے افغانستان کے قدرتی وسائل سے حصہ چاہیے، ٹرمپ

بچوں کو ’طالبان‘ بنانے کے لیے پاکستان بھیجا، افغان والدین

اسی بارے میں پاکستانی صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ملک کے ایک اہم خفیہ ادارے کے ایک اعلیٰ افسر نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ڈی ڈبلیو کو بتایا، ’’ہم کالعدم تحریک طالبان پاکستان سمیت  تمام شدت پسند تنظیموں کے آن لائن اشاعتی مواد سے باخبر ہیں۔ یہ شدت پسند تنظیمیں اپنے نظریات کے پرچار اور تخریبی کارروائیوں کی ذمہ داری قبول کرنے سے متعلق اعلانات کے لیے ٹیلیگرام، ٹوئٹر اور فیس بک جیسے سوشل میڈیا کا استعمال کرتی ہیں، جن پر حکومت پاکستان کا کوئی کنٹرول نہیں۔‘‘

اس سینیئر پاکستانی انٹیلیجنس اہلکار نے مزید کہا، ’’جب تک تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارم اور ادارے ملکی اور بین الا قوامی سطح  پر فعال شدت پسند تنظیموں کے آن لائن مواد کے خلاف ٹھوس اور نتیجہ خیز اقدامات نہیں کرتے، تب تک ایسی انتہا پسند تنظیموں اور ان کے پراپیگنڈے کا مکمل سدباب مشکل ہو گا۔‘‘

’پاکستان کے ’سوئٹزرلینڈ‘ کی رونقیں لوٹ آئیں