1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستانی فوج کے سربراہ کا دورہ جرمنی

18 جون 2009

جرمن وزارتِ دفاع کے حکام کے مطابق جنرل اشفاق پرویز کیانی کا دورہ ایک معمول کا دورہ ہےتاہم پاکستانی کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں ان کا یہ دورہ کافی اہمیت کا حامل سمجھا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/ITdF
پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل پرویز کیانی نے چند روز قبل سوات کا دورہ کیا تھاتصویر: Abdul Sabooh

پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی اپنے اس دورے کے دوران جرمن وزرات دفاع کے مختلف نمائندوں سے ملاقات کریں گے۔ بالخصوص اشفاق کیانی کی جرمن وزیر دفاع فرانز جوزیف ژنگ کے علاوہ اپنے جرمن ہم منصب وولف گانگ شِنائیڈر ہان اور اسٹیٹ سکریٹری برائے دفاع زلبر برگ سے ملاقات کو کافی اہمیت کا حامل سمجھا جا رہا ہے۔

اگرچہ اشفاق پرویز کیانی کے اس دورے کے بارے میں سرکاری طور پر کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا اور صرف یہی کہا گیا ہے کہ یہ معمول کا دورہ ہے تاہم پاکستان کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں کیانی کا یہ دورہ کافی اہمیت کا حامل سمجھا جا رہا ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ پاک فوج کے سربراہ اس دوران پاکستان میں جاری جنگجوؤں کے خلاف عسکری کارروائی پر تیکنکی، تربیتی اور جدید آلات کے حوالے سے مدد طلب کر سکتے ہیں۔

پاکستان کے نامور سیکیورٹی تجزیہ نگار اکرام سہگل نے ڈوئچے ویلے سے خصوصی گفتگو کے دوران بتایا کہ اس دورے کے دوران پرویز کیانی کی کوشش ہو گی کہ جنگجوؤں کے خلاف جاری جنگ میں فوری طور پر مدد طلب کی جائے۔ انہوں نےکہاکہ تربیتی ، تیکنیکی اور جدید آلات کے حوالے سے جرمنی کافی ترقی یافتہ ہے اور اس مخصوص صورتحال میں جرمنی پاکستان کی مدد بھی کر سکتا ہے۔

پاکستانی فوج کے سربراہ بدھ کے روز جرمنی کے لئے روانہ ہوئے تھے۔ ان کی روانگی کے وقت پاکستان میں جرمنی کے سفیر مشائل کوخ اور لیفٹینٹ جنرل طارق میجید کے علاوہ کئی دیگراعلی فوجی افسران نے انہیں چکلالہ ائر بیس سے روانہ کیا۔

رپورٹ : عاطف بلوچ

ادارت : عاطف توقیر