1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستانی وزیراعظم کا دورہ اسپین

3 جون 2010

پاکستان اوراسپین، عالمی دہشت گردی کے خاتمے کے لئےعزم کا اظہار کرتے ہوئے سیکیورٹی، تجارت اوردیگر مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات بڑھانے کے لئے ایک وسیع تر فریم ورک پرمتفق ہو گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/NgA4
پاکستانی وزیراعظم یوسف رضا گیلانیتصویر: Abdul Sabooh

بدھ کے دن پاکستانی وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے اپنے ہسپانوی ہم منصب خوسے لوئیس ساپاتیرو سے ملاقات کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ اسپین اور پاکستان دونوں ہی دہشت گردی کا نشانہ بنے ہیں اوردونوں ممالک مل کر اس کا خاتمہ کرنے کی کوشش کریں گے۔

سن 2007 کے بعد کسی اعلیٰ پاکستانی سرکاری اہلکار کا یہ پہلا دورہ اسپین تھا۔ اس سے قبل سابق فوجی صدر پرویز مشرف نے تین سال قبل میڈرڈ کا دورہ کیا تھا۔

مشترکہ پریس کانفرنس میں ہسپانوی وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین دہشت گردی کے خلاف مشترکہ حکمت عملی وقت کی ضرورت ہے۔ اسپین اس وقت ششماہی بنیادوں پریورپی یونین کا صدر ملک ہونے کا اعزاز رکھتا ہے، اس لئے وزیراعظم گیلانی کا یہ دورہ عالمی سیاسی منظرنامے پر کافی اہمیت کا حامل ہے۔ اس موقع پرسپاتیرو نے کہا: ’’میں، خطے میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف پاکستانی کوششوں کو سراہتا ہوں۔۔۔ میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ پاکستانی حکومت خطے میں استحکام کے لئے اسپین کو اپنے ساتھ کھڑا پائے گی۔‘‘

Spanien ETA erklärt Waffenruhe Jose Luis Rodriguez Zapatero in Parlament
ہسپانوی وزیراعظم خوسے لوئیس ساپاتیروتصویر: AP

اس وقت افغانستان میں تقریباً سولہ سو ہسپانوی فوجی مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کی کمانڈ میں طالبان باغیوں کے خلاف معرکہ آراء ہیں۔ رواں سال کے آغاز پر ہی میڈرڈ حکومت نے وہاں اپنے عسکری مشن میں اضافی پانچ سو گیارہ فوجی روانہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں سن 2004 میں ٹرین اسٹشنوں پر کئے گئے بم حملوں میں کم ازکم 191 افراد ہلاک جبکہ اٹھارہ سو سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

وزیراعظم گیلانی نے اپنے اس دورے کے دوران اسپین کے ساتھ تعاون کے لئے ایک فریم ورک پردستخط کئے، جس کے تحت دونوں ممالک سیکیورٹی، دفاع، تجارت اور سائنس کےعلاوہ ثقافت اور کئی دیگر معاملات پرتعاون کریں گے۔

یوسف رضا گیلانی دورہ اسپین کے بعد جمعرات کو برسلز پہنچیں گے، جہاں وہ یورپی یونین اور پاکستان کے مابین ہونے والی ایک سمٹ میں شریک ہوں گے۔ اس سمٹ کے بعد وہ نیٹو صدر دفاتر کا دورہ بھی کریں گے۔ گیلانی نے اپریل میں یورپ کا دورہ کرنا تھا، تاہم اس وقت آئس لینڈ میں آتش فشاں کے گرد آلود دھوئیں کی وجہ سے یورپی فضائی سفر ناممکن ہو گیا تھا۔ پروازوں کے معطل ہونے کی وجہ سے گیلانی کو اپنا دورہ منسوخ اور ملتوی کرنا پڑ گیا تھا۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: عابد حسین