1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستانی ٹیم ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شرکت کے لیے بھارت جائے گی

شکور رحیم، اسلام آباد11 مارچ 2016

پاکستانی ٹیم بھارت میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں حصہ لینے کے لیے جلد بھارت روانہ ہو رہی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یار خان نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ بھارتی عوام کی اکثریت پاکستانی ٹیم کو خوش آمدید کہے گی۔

https://p.dw.com/p/1IBhA
Bangladesch Dhaka Pakistans Cricket Mannschaft im Spiel gegen Sri Lanka
پاکستانی ٹیم جمعے کی رات یا ہفتے کی صبح دبئی کے راستے نئی دہلی روانہ ہونے والی ہےتصویر: Getty Images/AFP/Munir Uz Zaman

اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے اسلام آباد میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے قومی کرکٹ ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے مقابلوں میں حصہ لینے کے لیے بھارت جانے کی اجازت دے دی ہے۔

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار خان سے ملاقات کے دوران نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے بھی ٹیلی فون پر رابطہ کر کے بریف کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکام نے پاکستانی ٹیم کے لیے درکار سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم بھارت روانگی کے لیے تیار ہے اور آج رات یا کل صبح دبئی کے راستے نئی دہلی روانہ ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ’کل رات آئی سی سی اور بی سی سی آئی کی طرف سے بھی سکیورٹی کی یقین دہانی کرائی گئی ہے‘۔

خیال رہے کہ سکیورٹی خدشات کے سبب پاکستانی کرکٹ ٹیم کا دورہٴ بھارت کھٹائی میں پڑ گیا تھا اور ایک وقت پر تو ایسا لگ رہا تھا کہ شاید پاکستانی کرکٹ ٹیم ان مقابلوں میں حصہ نہیں لے سکے گی۔ اس ضمن میں جمعے کا دن اہم رہا، جب وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان نے سعودی عرب میں موجود پاکستانی وزیرِ اعظم نواز شریف سے ٹیم بھارت بھجوانے یا نہ بھجوانے سے متعلق فیصلہ کن بات چیت کی۔ اس کے بعد وزیر داخلہ نے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط اور لاہور میں چیئرمین پی سی بی شہریار خان سے بھی رابطے کیے تھے۔

دوسری جانب پاکستانی ٹیم کی بھارت روانگی کی خبر آنے کے بعد پی سی بی کے چیئرمین شہر یار خان نے لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا:’’معاملہ حل ہو گیا ہے، اب ٹیم بھارت جائے گی۔ رسمی اور حتمی منظوری وزیر اعظم نے دینی ہے، جو اس وقت جہاز میں سوار ہیں۔‘‘

انہوں نے کہا کہ وہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ششانک منوہر کو پاکستانی ٹیم کے دورے سے آگاہ کر رہے ہیں۔ شہر یار خان کے مطابق انہوں نے کھلاڑیوں سے پوچھا تھا کہ اگر وہ بھارت نہیں جانا چاہتے تو بتا دیں، جس پر بقول ان کے ٹیم کے سب لڑکوں نے کہا ہے کہ وہ بھارت جانا چاہتے ہیں۔

Eden Gardens Stadium in Calcutta
اب پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ دھرم شالا کی بجائے کولکتہ کی اس گراؤنڈ ایڈن گارڈنز میں کھیلا جائے گاتصویر: AP

ایک سوال کے جواب میں شہر یار خان نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کا ایک وارم اپ میچ مِس ہو گیا ہے لیکن وہ سری لنکا کے خلاف اپنا وارم اپ میچ ضرور کھیلے گی۔

پاکستانی ٹیم کے بھارت جانے کے فیصلے سے پاکستان میں کرکٹ کے شائقین میں بھی خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

دارالحکومت اسلام آباد کے شہریوں کا کہنا ہے کہ پاکستان کی شرکت کے بغیر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ان کے لیے بالکل پھیکا ہونا تھا۔ اسلام آباد کے ایک معروف تجارتی مرکز میلوڈی کے ایک دوکاندار قاسم عباسی کا کہنا ہے کہ اب ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ دیکھنے کا مزا ہی کچھ اور ہو گا۔ ڈی ڈبلیو سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’اب میری دوکان پر لگے ٹی وی کے اردگرد مکھیوں کی طرح لوگ ہوں گے کیونکہ پاکستان کھیلے گا، پہلے تو سوچا تھا کہ اگر پاکستان نہ گیا تو ٹی وی ہی نہیں لگاؤں گا‘۔

کرکٹ کے مبصرین نے بھی تحفظات کے باوجود پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بھارت جانے کو کرکٹ کے لیے ایک اچھا شگون قرار دیا ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید