1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستانی ہاکی ٹیم: ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی کرنے کی کوشش میں

رپورٹ:عابد حسین ، ادارت : امجد علی5 نومبر 2009

آئندہ سال کے ہاکی ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائنگ راؤنڈفرانسیسی شہر لیل میں اکتیس اکتوبر سے شروع ہو چکا ہے۔ اب تک پاکستانی ہاکی ٹیم کی پرفارمنس حوصلہ افزا ہے۔

https://p.dw.com/p/KOkx
پاکستانی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی گیند لے کر بڑھتے ہوئے: فائل فوٹوتصویر: AP

آٹھ نومبر تک جاری رہنے والے ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائنگ ٹورنامنٹ میں پاکستان کے علاوہ میزبان فرانس، روس، پولینڈ، جاپان اور اٹلی کی ٹیمیں شریک ہیں۔ پاکستانی ہاکی ٹیم نے اب تک تین میچ کھیلے ہیں اور تینوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔ پاکستان روس اور اٹلی کی ٹیموں کو پانچ پانچ گولوں سے شکست دینے کے بعد میزبان ملک فرانس کو دو کے مقابلے میں چار گولوں سے ہرانے میں بھی کامیاب ہوا ہے۔ پاکستان کی جانب سے سہیل عباس اب تک پانچ گول کر چکے ہیں۔

پاکستانی ہاکی ٹیم کے کوچ شاہد علی خان نے ٹورنامنٹ شروع ہونے سے قبل اِس امید کا اظہار کیا تھا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑی بہتر کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کرنے کی سرتوڑ کوشش کریں گے۔ اُن کی ٹیم کے کھلاڑی اُن کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

پاکستان کی ہاکی ٹیم کو آج جمعرات کو ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا چیلنج درپیش ہے۔ جاپان کی ہاکی ٹیم کے ساتھ اُس کا میچ اہم ترین ہے۔ جاپانی ٹیم اس ٹورنامنٹ میں اب تک بہت مناسب کارکردگی پیش کر رہی ہے۔ اِس میچ میں کامیابی کے بعد پاکستانی ٹیم کسی حد تک ٹورنامنٹ جیتنے کی امید کر سکتی ہے۔ اُس کا آخری میچ پولینڈ کے خلاف ہو گا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل جیتنے پر ہی پاکستانی ہاکی ٹیم آئندہ سال کے عالمی کپ میں شرکت کی اہل ہو گی۔ اگر پاکستان ناکام رہا تو یہ پہلا موقع ہو گا کہ وہ عالمی کپ میں شرکت سے محروم رہے گا۔ شکست کی صورت میں عالمی درجہ بندی میں پاکستان کی پوزیشن مزید خراب ہو جائے گی۔

Pakistan Feldhockey Zeeshan Ashraf
پاکستانی ہاکی ٹیم اٹیک پر: فائل فوٹوتصویر: AP

پاکستان نے تین میچ کھیل کر نو پوائنٹس حاصل کر رکھے ہیں۔ اِسی طرح جاپانی ٹیم نے بھی تین میچ جیت کر نو پوائنٹس حاصل کئے ہیں۔ پاکستان سردست پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے اور اُس کی وجہ بہتر گول اوسط ہے۔ پاکستانی ٹیم نے تین میچوں میں چودہ گول کئے جب کہ جاپانی ٹیم نے دس گول کئے ہیں۔ میزبان فرانس کی چار پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن ہے۔

ابتدا میں ایسے اندازے لگائے گئے تھے کہ اس ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم کو سرد موسم کے باعث خاصی مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے لیکن لیل پہنچ کر پاکستانی کھلاڑی ابھی تک اچھی پرفارمنس دے رہے ہیں۔

تین کوالیفائنگ ٹورنامنٹ جیتنے والی ٹیمیں آئندہ سال کے عالمی کپ میں اپنے ملک کی نمائندگی کریں گی۔ بھارت میں منعقدہ ہاکی کے عالمی کپ کے لئے دو مزیدکوالیفائنگ ٹورنامنٹ اِسی مہینے منعقد ہوں گے۔ عالمی کپ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں اٹھائیس فروری سے شروع ہو گا۔

پاکستان کی ہاکی ٹیم کارکردگی کے لحاظ سے بہتر کھیل پیش کرنے میں مسلسل ناکامی کے بعد عالمی درجہ بندی میں خاصی نیچے آ چکی ہے۔ اِسی باعث اٹھائیس نومبر سے آسٹریلوی شہر میلبورن میں منعقدہ ہاکی کے ایک اور معتبر ٹورنامنٹ چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستانی ہاکی ٹیم شرکت کی اہل نہیں ہے۔

اگلے سال بھارتی دارالحکومت میں منعقدہ ہاکی ورلڈ کپ کے لئے دوسرا کوالیفائنگ ٹورنامنٹ نیوزی لینڈ کے شہر اِنور کارگل (Invercargill ) میں سات سے پندرہ نومبر تک کھیلا جائے گا جبکہ تیسرا اور آخری ٹورنامنٹ ارجنٹائن کے شہر قلمس (Quilmes) میں چودہ نومبر سے بائیس نومبر تک کھیلا جائے گا۔